قومی

Sleeper Bus Fire Accident: نوئیڈا سے مہوبہ جا رہی سلیپر بس بنی آگ کا گولہ، یمنا ایکسپریس وے پر 9 مسافروں کی جل کر دردناک موت

اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں نوئیڈا سے تقریباً 35 مسافروں کو لے کر مہوبا جا رہی ایک نجی ڈبل ڈیکر سلیپر اے سی بس اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔ اس خوفناک حادثے میں 9 مسافروں کی زندہ جلنے اور دم گھٹنے سے موت ہو گئی، جبکہ متعدد مسافر جھلس گئے۔ حادثہ یمنا ایکسپریس وے پر گریٹر نوئیڈا سے آگرہ کی جانب جاتے ہوئے دَیانت پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس دَیانت پور کے قریب پہنچی تو اچانک اس سے دھواں اٹھنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے بلند شعلوں نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولے میں تبدیل ہوئی بس

بس میں آگ لگنے کا احساس ہوتے ہی ڈرائیور نے فوری طور پر گاڑی کو ایکسپریس وے کے کنارے روک دیا۔ تاہم چند ہی لمحوں میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافروں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا اور بس کے اندر دھواں بھرنے سے افراتفری مچ گئی۔ بس میں موجود مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لیے باہر نکلنے کی کوشش کی۔ شدید دھوئیں کے باعث اندر موجود افراد کو کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اس دوران کئی مسافر بس کے اندر ہی پھنس گئے اور باہر نہیں نکل سکے۔

’دم گھٹ رہا تھا، کسی طرح کود کر جان بچائی‘

حادثے میں بال بال بچنے والے ایک مسافر نے خوفناک منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بس میں سو رہا تھا کہ اچانک کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ آنکھ کھلی تو چاروں طرف دھواں ہی دھواں تھا اور مسافروں میں بھگدڑ مچی ہوئی تھی۔ مسافر کے مطابق، ”میں نے اپنا کوئی سامان یا جوتے تک نہیں اٹھائے، صرف فون ہاتھ میں لیا اور باہر کی طرف بھاگا۔ بس میں اتنا دھواں تھا کہ کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔ لوگ اندر ہی دم گھٹنے سے تڑپ رہے تھے۔ پیچھے کئی لوگ پھنسے رہ گئے جو باہر نہیں نکل سکے۔“

پولیس اور فائر بریگیڈ نے سنبھالا محاذ

حادثے کی اطلاع ملتے ہی یمنا ایکسپریس وے کے نجی حفاظتی اہلکار، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے سخت مشقت کے بعد بس میں لگی آگ پر قابو پایا اور جھلسنے والے مسافروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں بس میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس کی جانب سے حادثے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لیا حادثے کا نوٹس

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یمنا ایکسپریس وے پر پیش آئے اس خوفناک حادثے کا نوٹس لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں ہونے والی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی ارواح کی تسکین اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو فوری طور پر جائے حادثہ اور اسپتالوں میں پہنچ کر امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حادثے میں زخمی تمام مسافروں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی بھی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے۔

متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد کی ہدایت

وزیر اعلیٰ نے حکام کو جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرکے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں تک فوری امداد پہنچانے اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر کی جانب سے مقامی انتظامیہ اور پولیس سے ریسکیو آپریشن اور تحقیقات کے حوالے سے مسلسل معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے میں جھلسنے اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abdul Awwal

Recent Posts

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 میں روشیبینا دیوی کا دم دار مظاہرہ، ووشو میں بھارت نے جیتا چاندی کا تمغہ

آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارت کی شاندار شروعات، منی پور کی روشیبینا دیوی نے…

16 minutes ago

Mirabai Chanu Silver: اب28 سال کا انتظار ختم! میرابائی چانو نے ایشین گیمز میں جیتا تاریخی سلور

ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…

11 hours ago

Pezeshkian Hits Back At Trump: ’ہم دہشت گرد نہیں، خود دہشت گردی کا شکار ہیں‘، یو این جی اے میں ایرانی صدر کا ٹرمپ پر جوابی حملہ

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…

12 hours ago

Gyanesh Kumar SIR Controversy: ’گیانیش کمار کو گرفتار کرو‘، ایس آئی آر تنازع کے درمیان سنجے راؤت کا بڑا مطالبہ

خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…

12 hours ago