ڈھاکہ (بنگلہ دیش): بنگلہ دیش عوامی لیگ کی چیئرپرسن شیخ حسینہ نے سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (BNP) کی سربراہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ عوامی لیگ کی جانب سے جاری بیان میں شیخ حسینہ نے کہا: ’’میں بی این پی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر دلی تعزیت پیش کرتی ہوں۔ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کے ناطے اور جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ان کے کردار کے باعث ان کی خدمات نہایت اہم ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا انتقال بنگلہ دیش کی سیاسی زندگی اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی قیادت کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ میں بیگم خالدہ ضیا کی روح کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لیے دعا کرتی ہوں۔ ان کے صاحبزادے طارق رحمان اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں، نیز پوری بی این پی قیادت سے بھی تعزیت کرتی ہوں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس مشکل وقت میں انہیں صبر، حوصلہ اور سکون عطا فرمائے۔‘‘
خالدہ ضیا کا انتقال
بیگم خالدہ ضیا کا آج علی الصبح ڈھاکہ کے ایورکیئر اسپتال میں علاج کے دوران 80 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ بی این پی کے فیس بک بیان کے مطابق ان کا انتقال صبح تقریباً 6 بجے، نمازِ فجر کے فوراً بعد ہوا۔ بیان میں کہا گیا: ’’ہم ان کی روح کے ابدی سکون کے لیے دعا کرتے ہیں اور سب سے گزارش کرتے ہیں کہ ان کے لیے دعا کریں۔‘‘
علالت اور علاج کی تفصیلات
خالدہ ضیا کو 23 نومبر کو پھیپھڑوں کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے دل کی بیماری، ذیابیطس، گٹھیا، جگر کے عارضے اور گردوں کی پیچیدگیوں سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں انہیں اعلیٰ طبی علاج کے لیے لندن بھی منتقل کیا گیا تھا۔
اسپتال کے باہر عوام کا ہجوم
آج صبح اسپتال کے باہر بڑی تعداد میں افراد جمع ہوگئے، اسی دوران بیگم ضیاء کے صاحبزادے اور بی این پی کے قائم مقام چیئرمین طارق رحمان بھی اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے وہاں پہنچے۔
محمد یونس کا تعزیتی پیغام
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر اور نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے بھی سابق وزیر اعظم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے خالدہ ضیا کو قوم کی ’’عظیم سرپرست‘‘ اور بنگلہ دیش کی جمہوری تاریخ کی ایک بلند قامت شخصیت قرار دیا۔ ایکس پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں محمد یونس نے کہا کہ وہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والی خالدہ ضیاء کے انتقال پر ’’انتہائی رنجیدہ اور غم زدہ‘‘ ہیں اور ان کی وفات ملک کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…