نئی دہلی: شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے پیر کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر سابق نائب صدر جگدیپ دھن کھڑ کی موجودہ حالت اور مقام کے بارے میں وضاحت طلب کی۔ دھنکھڑ نے 21 جولائی کو اچانک صحت کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
استعفیٰ دینے بعد سے سابق صدر کہاں ہیں؟
خط میں راؤت نے تشویش کا اظہار کیا کہ استعفے کے بعد سے جگدیپ دھن کھڑ کے بارے میں ’’کوئی اطلاع‘‘ موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ان کی سلامتی کے بارے میں ’’حقیقی معلومات‘‘ فراہم کی جائیں۔ راؤت نے یاد دلایا کہ 21 جولائی کی صبح دھن کھڑ ’’معمول کے مطابق‘‘ راجیہ سبھا کے مانسون اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اور قائد حزب اختلاف ملیکارجن کھڑگے کے ساتھ لفظی مکالمہ بھی ہوا، اس کے بعد اجلاس ملتوی کیا گیا۔
شام 6 بجے ہوا استعفے کا اعلان
تاہم اسی دن شام 6 بجے ان کے استعفے کا اعلان ہوا، جسے راؤت نے ’’چونکا دینے والا‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا ’’ 21جولائی سے آج تک ہمارے نائب صدر کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ان کا موجودہ مقام کیا ہے؟ ان کی صحت کیسی ہے؟ ان معاملات میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔‘‘
دھن کھڑ سے رابطہ کی تمام کوششیں ناکام
شیوسینا رہنما نے کہا کہ راجیہ سبھا کے اراکین کی طرف سے دھن کھڑ سے رابطہ کرنے کی کوششیں ناکام رہی ہیں اور دہلی میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سابق نائب صدر کو ’’گھر میں نظر بند‘‘ کر دیا گیا ہے اور وہ ’’شاید محفوظ نہیں‘‘ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ اراکین پارلیمنٹ اس معاملے پر سپریم کورٹ میں ہیبیس کارپس کی درخواست دینے پر غور کر رہے ہیں، لیکن انہوں نے پہلے امت شاہ سے رجوع کرنا مناسب سمجھا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’سپریم کورٹ کے دروازے کھٹکھٹانے سے پہلے میں نے مناسب سمجھا کہ یہ معلومات آپ سے طلب کروں۔‘‘
کپل سبل بھی اٹھاچکے ہیں سوال
یہ مداخلت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آزاد رکن پارلیمنٹ کپل سبل بھی دھن کھڑ کی گمشدگی پر سوال اٹھا چکے ہیں۔ سبل نے کہا کہ انہوں نے کبھی ’’لاپتہ نائب صدر‘‘ کے بارے میں نہیں سنا اور نشاندہی کی کہ دھن کھڑ کے اہل خانہ اور قریبی ساتھی بھی کوئی تازہ اطلاع فراہم نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا ’’وزارت داخلہ کو معلوم ہونا چاہیے کہ دھن کھڑ کہاں ہیں اور انہیں یہ بات عوام کو بتانی چاہیے۔‘‘ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی خفیہ داری ’’جمہوریت میں نہیں ہونی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ74 سالہ دھن کھڑ نے اگست 2022 میں عہدہ سنبھالنے کے صرف دو سال بعد اپنی مدت کار کے درمیان استعفیٰ دے دیا۔ ان کی مدت میں اپوزیشن کے ساتھ بارہا ٹکراؤ ہوا، جس میں ایک غیر معمولی لیکن ناکام مواخذے کی تحریک بھی شامل تھی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پیوپلس اویرنس فورم کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان نے…
ایشین گیمز 2026 میں میرابائی چانو نے خواتین کے 49 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں…
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ…
خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر کو لے کر شیوسینا (یو بی ٹی) کے…
گریٹر نوئیڈا کے دیولا میں سرکاری اسکول کا معائنہ کرنے پہنچے سی جے پی ترجمان…
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کابینہ کے ارکان کے ساتھ ’چنتن شِور‘ کا…