نئی دہلی: وزیردفاع راجناتھ سنگھ کی صدارت میں پیر کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مغربی ایشیا کی صورتحال کے سبب توانائی سپلائی چین پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایندھن کی دستیابی، ضروری اشیا کے ذخیرے اور ان کی تقسیم کے نظام پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ ملک میں ضروری اشیا کی کوئی کمی نہیں ہے اور سپلائی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مغربی ایشیا میں ایران اور امریکہ۔اسرائیل تنازع کے باعث دنیا کے کئی ممالک میں توانائی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ بھارت بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر خطے کی موجودہ حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اسی تناظر میں پیر کو بین وزارتی گروپ کی پانچویں میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں توانائی سپلائی اور ضروری اشیا کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
کئی مرکزی وزرا اجلاس میں شریک
اجلاس میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا، وزیر پیٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری، مرکزی وزیر کرن رجیجو، وزیر بندرگاہ و جہازرانی سربانند سونووال اور شہری ہوا بازی کے وزیر کنجراپو رام موہن نائیڈو سمیت کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی کشیدگی کے باوجود ملک میں پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیا کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے۔
عوام سے پرسکون رہنے اور ذخیرہ اندوزی نہ کرنے کی اپیل
وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ضروری اشیا کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں، صبر کا مظاہرہ کریں اور گھبراہٹ یا غیر ضروری خریداری سے بچیں۔ حکومت کے مطابق ملک میں ضروری اشیا کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ توانائی کی بچت اور ذمہ دارانہ استعمال کو قومی مفاد سے جوڑتے ہوئے اسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کا اہم حصہ بنایا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث مال بردار جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ یہی وہ اہم راستہ ہے جہاں سے دنیا کے کئی ممالک کو خام تیل اور گیس کی بڑی سپلائی ہوتی ہے۔ اگرچہ فریقین کے درمیان فی الحال جنگ بندی برقرار ہے، لیکن سمندری تجارت اب تک مکمل طور پر معمول پر نہیں آسکی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بہار کے ضلع ویشالی کے راگھوپور میں کشتی حادثے نے کئی خاندانوں کی خوشیاں چھین…
راہل گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے دوران این ایس…
میرٹھ کے مشہور سوربھ راجپوت قتل معاملے میں عدالت نے مسکان رستوگی اور اس کے…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر کہ گجرات میں بیلٹ پیپر سے…
اتر پردیش میں قانون ساز کونسل کے انتخابات اسمبلی الیکشن سے پہلے دونوں جماعتوں کے…
وزیر اعظم نریندر مودی 15 اکتوبر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لداخ میں تقریباً 3,350…