قومی

Raja Raghuvanshi Murder: راجہ رگھونشی قتل معاملے میں سونم رگھونشی کی ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ پہچنی میگھالیہ حکومت، کہا-’’ملزمہ کے فرار ہونے کا خطرہ اب بھی برقرار‘‘

نئی دہلی: میگھالیہ حکومت نے راجہ رگھونشی قتل کیس کی مرکزی ملزمہ سونم رگھونشی کو دی گئی ضمانت برقرار رکھنے کے میگھالیہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ میگھالیہ حکومت کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے سالیسٹر جنرل آف انڈیا تشار مہتا نے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ کے سامنے معاملہ اٹھاتے ہوئے جمعہ کو فوری سماعت کی درخواست کی۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس درخواست پر غور کرے گی۔

فوری سماعت اور ضمانت منسوخ کرنے کا مطالبہ

تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ سونم رگھونشی کی ضمانت اس سے قبل تین مرتبہ اس بنیاد پر مسترد کی جا چکی تھی کہ اس کے فرار ہونے کا اندیشہ ہے۔ تاہم بعد میں ہائی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے ضمانت کے حکم کو برقرار رکھا کہ گرفتاری کے وقت اسے گرفتاری کی وجوہات مکمل طور پر فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک قانونی دفعہ کے ذکر میں ٹائپنگ کی معمولی غلطی تھی، جس کی بنیاد پر ضمانت دی گئی، جبکہ ملزمہ کے فرار ہونے کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔

سخت شرائط عائد کرنے کی درخواست

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق سونم رگھونشی کی رہائی ضروری ہے؟ اس پر تشار مہتا نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے درخواست کی کہ اگر رہائی دی بھی جائے تو ضمانت پر سخت شرائط عائد کی جائیں تاکہ ملزمہ فرار نہ ہو سکے۔ بنچ نے کہا کہ وہ جمعہ کو اس معاملے کی فوری سماعت کی درخواست پر غور کرے گی۔ یاد رہے کہ 28 اپریل کو مقامی عدالت نے سونم رگھونشی کو ضمانت دی تھی۔ اس پر اپنے شوہر راجہ رگھونشی کے قتل کی سازش رچنے کا الزام ہے۔

ہنی مون کے دوران قتل کا الزام

مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے رہنے والے راجہ رگھونشی اپنی اہلیہ سونم کے ساتھ ہنی مون منانے میگھالیہ گئے تھے۔ سفر کے دوران دونوں لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد 2 جون کو راجہ کی لاش سوہرا (چیراپونجی) کے قریب ایک کھائی سے برآمد ہوئی۔ بعد میں سونم کو وارانسی-غازی پور شاہراہ پر واقع ایک ڈھابے کے نزدیک سے گرفتار کرلیا گیا۔

تحقیقات کے دوران میگھالیہ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے سونم اور دیگر تین ملزمان کی موجودگی میں جائے واردات کی ازسرِ نو جانچ کی۔ ایس آئی ٹی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر چکی ہے، جس میں سونم رگھونشی کے علاوہ راج کشواہا، وشال سنگھ چوہان، آشیش سنگھ راجپوت اور آنند کرمی کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ تمام ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 103(1)، 238(a) اور 61(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Modi’s Focus on Water Education: پانی کے تحفظ پر مودی حکومت کا بڑا زور، اسکولوں کے نصاب میں شامل ہوں گے آبی انتظام سے متعلق موضوعات

نئی دہلی میں ایمپاورڈ ٹاسک فورس (ETF) کے 20ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی…

5 hours ago

UDMA Day 2026: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اُڈما ڈے 2026 کا انعقاد 10 اکتوبر سے، یونانی طب، ادویہ سازی، تحقیق، تعلیم اور صحت سے وابستہ نمائندگان کی شرکت

میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست…

5 hours ago

INDIA Alliance Protest: ایس آئی آر کے خلاف اپوزیشن کا ملک گیر احتجاج، پٹنہ میں تیجسوی کا مارچ، لکھنؤ اور بنگلورو میں بھی مظاہرے

بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کے لیڈروں نے سڑکوں پر اتر…

6 hours ago