لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی ہفتہ کو مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے دورے پر پہنچے۔ اپنے دورے کے آغاز میں وہ سب سے پہلے بمبئی اسپتال گئے، جہاں گندے اور آلودہ پانی کے باعث بیمار پڑنے والے چار مریضوں سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی نے مریضوں کا حال دریافت کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے بھی بات چیت کی۔ اس کے بعد وہ آلودہ پانی سے متاثرہ علاقہ بھاگیرتھ پورہ پہنچے، جہاں متاثرین اور ان کے خاندانوں سے ملاقات کی۔ بامبے اسپتال سے بھاگیرتھ پورہ پہنچے راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کو ایک ایک لاکھ روپے دیں گے۔راہل گاندھی کے ساتھ اس موقع پر اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اُمنگ سنگھار، مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹوارى اور ریاستی انچارج ہریش چودھری بھی موجود رہے۔ کانگریس رہنماؤں نے متاثرہ لوگوں کے مسائل سنے اور حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اس سے قبل جمعہ کو مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹوارى نے دعویٰ کیا تھا کہ بھاگیرتھ پورہ میں آلودہ پینے کے پانی کی وجہ سے اب تک 24 افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ 8 سے 10 مریضوں کی حالت نہایت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ راہل گاندھی اندور پہنچ کر اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کریں گے اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔جیتو پٹوارى نے کہا کہ کانگریس آلودہ پینے کے پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ایک مثبت اور سنجیدہ مکالمہ چاہتی تھی۔ ان کے مطابق راہل گاندھی کی موجودگی میں دانشوروں، ماہرینِ ماحولیات اور ریاست بھر کے میونسپل کارپوریشن کونسلروں کی ایک کانفرنس منعقد کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث یہ کانفرنس فی الحال مؤخر کر دی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے تقریباً 70 فیصد پانی میں آلودگی ہے، جو پینے کے قابل نہیں، اور اسے ’’سست زہر‘‘ قرار دیا۔
دوسری جانب اموات کے اعداد و شمار پر متضاد دعووں کے درمیان ریاستی حکومت نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ میں پیش کی گئی صورتحال رپورٹ میں بتایا ہے کہ الٹی اور دست کے پھیلاؤ کے دوران ایک پانچ ماہ کے بچے سمیت سات افراد کی موت ہوئی ہے۔ اسی دوران سرکاری مہاتما گاندھی اسمرتی میڈیکل کالج کی ایک کمیٹی کی ’ڈیتھ آڈٹ‘ رپورٹ میں اشارہ دیا گیا ہے کہ بھاگیرتھ پورہ میں 15 اموات کسی نہ کسی طرح اس وبا سے جڑی ہو سکتی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق، الٹی اور دست کے پھیلاؤ کے بعد جان گنوانے والے 21 افراد کے اہلِ خانہ کو فی کس دو لاکھ روپے کا معاوضہ دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ اموات دیگر بیماریوں یا وجوہات کی بنا پر ہوئیں، تاہم انسانی بنیادوں پر تمام متاثرہ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے
بھارت ایکسپریس اردو
نوراتری کے دوسرے دن عقیدت مند دیوی کو پھولاور روایتی بھوگ پیش کرتے ہیں اور…
شیوراج سنگھ چوہان نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال سے بھی بات…
گزشتہ سال وراٹ کوہلی کی ریڈ بال سے پریکٹس کرتے ہوئے کئی ویڈیوز سامنے آئی…
سی جے پی کے بانی ابھجیت دیپکے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے…
رپورٹ کے مطابق، کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہوئے حملے میں 12 افراد…
دہلی پولیس نے جنتر منتر پر سی جے پی کو احتجاج کی اجازت نہ دینے…