نئی دہلی: کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اُتم نگر واقعے کو بنیاد بنا کر فرقہ وارانہ تشدد بھڑکا رہی ہے۔ انہوں نے دہلی کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی طرح کے ’اشتعال‘ میں نہ آئیں۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں اُتم نگر میں پیش آئے تصادم پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس تشدد کی بھاری قیمت عوام نے چکائی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’اُتم نگر کے لوگوں نے اس تشدد کی بڑی قیمت ادا کی، ایک طرف ایک نوجوان ترون کی جان چلی گئی اور دوسری طرف ایک پورا خاندان مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ لوگ مزید خونریزی نہیں چاہتے۔‘‘
بی جے پی پر سخت تنقید
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور اس کا ’’ایکو سسٹم‘‘ نفرت کی بنیاد پر تشدد کو ہوا دیتا ہے اور ہر موقع کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’خونریزی صرف بی جے پی اور اس کا نظام چاہتے ہیں، جو نفرت کی تپتی ہوئی توا پر تشدد کی روٹی سینکنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔‘‘ انہوں نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت مبینہ طور پر ہندو-مسلم کشیدگی کو اس لیے بڑھا رہی ہے تاکہ عوام کی توجہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے سے ہٹائی جا سکے۔ راہل گاندھی کے مطابق عوام کو اس بات سے دور رکھا جا رہا ہے کہ آخر وزیراعظم کو کیوں ملک کے ’’دفاع، توانائی سلامتی، غذائی سلامتی اور اسٹریٹجک خودمختاری‘‘ امریکہ کے حوالے کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
دہلی میں کشیدگی اور عدالتی کارروائی
ادھر دہلی ہائی کورٹ نے عید سے قبل اُتم نگر علاقے میں ممکنہ تشدد کے خدشات کے پیش نظر پولیس سکیورٹی سے متعلق دو درخواستوں کی سماعت کے لیے فہرست جاری کر دی ہے۔ ایک مفاد عامہ کی عرضی (PIL) اور ایک دیگر درخواست میں حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تہوار کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جائے۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی دہلی پولیس سے حفاظتی اقدامات کی اپیل کی تھی، مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 4 مارچ کو پیش آیا جب ہولی کی تقریبات کے دوران ایک غبارے کو لے کر جھگڑا شروع ہوا، جو بعد میں پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران ترون نامی نوجوان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مارا گیا۔ راہل گاندھی نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، بھائی چارہ اور محبت کو فروغ دیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا: ’’ملک کی طاقت ہماری یکجہتی، بھائی چارے اور محبت میں ہے۔ جوڑو، جوڑو۔ بھارت جوڑو۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ پائیدار ترقی (Sustainability) ہندوستان کی روایت…
اننت سنگھ نے نیرج کمار کے خلاف کھل کر محاذ کھولا، آزاد امیدوار انوج سنگھ…
لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ انڈمان نکوبار میں نئے سیاحتی مراکز تیار…
بھارت ایکسپریس کے اردو صحافت کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اردو کو محبت…
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ آئچی-ناگویا میں…
سپریم کورٹ میں راہل گاندھی کی عرضی پر 21 ستمبر کو سماعت، عدالت نے پہلے…