نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے منی پور میں نافذ صدر راج کو فوری طور پر ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 356(2) کے تحت جاری کردہ اعلامیے کو واپس لے لیا گیا ہے۔ بھارت کے سرکاری گزٹ (غیر معمولی) میں شائع ہونے والے اعلامیے کے مطابق ’’میں، دروپدی مرمو، صدر جمہوریہ ہند، آئین کے آرٹیکل 356(2) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے، منی پور کے سلسلے میں 13 فروری 2025 کو جاری کردہ صدارتی حکم کو 4 فروری 2026 سے فوری طور پر منسوخ کرتی ہوں۔‘‘
نئے وزیراعلیٰ کی تقرری کے بعد فیصلہ
صدر راج کے خاتمے کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بی جے پی نے یمنام کھیم چند سنگھ کو منی پور اسمبلی میں پارٹی کا لیڈر منتخب کرتے ہوئے ریاست کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔ یہ فیصلہ بی جے پی ہیڈکوارٹر دہلی میں منعقدہ پارٹی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، نئے وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب آج ہی منعقد ہونے کا امکان ہے۔
دو نائب وزرائے اعلیٰ کا بھی اعلان
نئی حکومت میں دو نائب وزرائے اعلیٰ ہوں گے ایک کوکی-زو برادری سے دوسرا ناگا برادری سے کانگ پوکپی سے ایم ایل اے نیمچا کِپگن کو نائب وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اتحادی جماعت ناگا پیپلز فرنٹ (NPF) جلد ہی ناگا برادری سے نائب وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرے گی۔
کون ہیں یمنام کھیم چند سنگھ؟
62 سالہ یمنام کھیم چند سنگھ کا تعلق میتئی برادری سے ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں۔ وہ اس سے قبل بیرین سنگھ حکومت میں میونسپل ایڈمنسٹریشن کے وزیر رہ چکے ہیں۔ سال 2022 میں بھی وہ وزیراعلیٰ کے مضبوط دعویدار تھے۔
کیوں لگا تھا صدر راج؟
منی پور میں 13 فروری 2025 کو صدر راج نافذ کیا گیا تھا، جب اس وقت کے وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ نے 9 فروری 2025 کو استعفیٰ دیا تھا۔ ان کا استعفیٰ نسلی تشدد، سیاسی عدم استحکام اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آیا تھا۔ منی پور میں 3 مئی 2023 سے میتئی اور کوکی-زومی برادریوں کے درمیان شدید نسلی تصادم جاری ہے، جس میں سینکڑوں افراد ہلاک، تقریباً 60 ہزار لوگ بے گھر اور بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان ہوا ہے۔ یہ تنازع زمین کے حقوق، ریزرویشن، معاشی فوائد اور ملازمتوں کے کوٹے جیسے معاملات پر بھڑکا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
پرنو اڈانی نے مہاراشٹر کو ملک کی بڑی معاشی طاقتوں میں شامل قرار دیتے ہوئے…
وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید کہا، ’’میرا ماننا ہے کہ جب تک انسانیت کے…
گاندھی جینتی پر جانیے کہ آج کے دور میں گاندھی وادی ہونے کا اصل مطلب…
صدر دروپدی مرمو نے نئی دہلی کے وجے گھاٹ پہنچ کر سابق وزیر اعظم لال…
سی جے پی کے احتجاج کے پیش نظر ڈی ایم آر سی نے جن پتھ،…
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کی وزیر اعظم نریندر مودی کی…