صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پیر کے روز اُڈیشہ کے شہر بھونیشور میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کے پانچویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نے خوشی کا اظہار کیا کہ اے آئی آئی ایم ایس بھونیشور نے گزشتہ 12 برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ صدر مرمو نے کہا کہ چاہے بات مریضوں کی دیکھ بھال کی ہو، طبی تحقیق یا سماجی بہبود کی، اس ادارے نے اپنی کارکردگی سے نہ صرف اُڈیشہ بلکہ مغربی بنگال، چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ جیسے ہمسایہ ریاستوں کے عوام کا بھی دل جیتا ہے۔
ایمس، بھونیشور کی ترقی کو سراہا
انھوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) نے اس ادارے کو ایشیا سیف سرجیکل امپلانٹ کنسورشیم QIP ایوارڈ سے نوازا ہے، جو جراحی کے آلات اور امپلانٹس کی صفائی میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر دیا گیا۔ ساتھ ہی AIIMS بھونیشور کو پچھلے پانچ سالوں سے مسلسل ’’کایاکلپ ایوارڈ‘‘ بھی دیا جا رہا ہے، جو اسپتالوں میں صفائی اور دیگر خدمات میں شاندار کارکردگی پر مبنی ہے۔
صدر مرمو نے کہا کہ ملک بھر میں قائم AIIMS ادارے جدید طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کے ذریعے کم خرچ میں اعلیٰ علاج فراہم کر رہے ہیں، جس سے بھارت دنیا میں صحت کا ایک اہم مرکز بننے کی طرف گامزن ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طبی تحقیق نے علاج کو آسان بنایا ہے اور کئی مہلک بیماریوں جیسے چیچک، کوڑھ، پولیو اور تپ دق (ٹی بی) پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔
ڈپریشن اور موٹاپے کے حوالے سے بیداری لانے پر دیا زور
دریں اثنا صدر مرمو نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ (ڈپریشن) پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ادویات کے ساتھ ساتھ عوام میں بیداری بھی ضروری ہے۔ انھوں نے ذہنی سکون کے لیے طرزِ زندگی میں تبدیلی اور یوگا کو مفید قرار دیا۔ وہیں موٹاپے کو ایک ’’لائف اسٹائل‘‘ بیماری قرار دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ اسے نظم و ضبط، بہتر غذا اور باقاعدہ ورزش سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ عوام میں صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے بیداری پیدا کریں۔
صدر جمہوریہ نے ڈاکٹروں کو مقامی طبی مسائل پر توجہ دینے کا بھی مشورہ دیا، بالخصوص قبائلی علاقوں میں پائے جانے والے جاپانی انسیفلائٹس اور سِکل سیل انیمیا جیسے امراض پر۔ انھوں نے کہا کہ ان بیماریوں کے مؤثر علاج کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
انتہائی سنگین صورتحال کے باوجود کیپٹن اسمت مچھّار نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے طیارے…
نروپم نے کہا کہ اگر ملک کو محفوظ رکھنا ہے اور تمام شہریوں کی سلامتی…
وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ…
کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں برازیل نے…
وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پی ایم مودی کے…
امت شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 31 دسمبر 2029 تک مدھیہ پردیش…