نئی دہلی : درگا پوجا سے پہلے ہی مغربی بنگال میں پوسٹروں کو لے کر سیاسی تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔بریانی اور پوجا کا سامان ہندو دکانداروں سے خریدنے کی اپیل کرنے والے پوسٹرسوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔ ان پوسٹروں کے سامنے آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے معاملے میں پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔سلی گوڑی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ تنظیم ہندو جاگرن منچ نے یہ پوسٹر لگائے ہیں۔ تنظیم نے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ یہ پوسٹر کوئی حکم نہیں، بلکہ لوگوں سے کی گئی ایک اپیل ہیں۔
بریانی کھائیں، لیکن ہندو دکانوں سے
سوشل میڈیا پروائرل ہونے والے پوسٹر پر لکھا ہے،آپ کو بریانی کھانے سے کوئی نہیں روک رہا ہے۔ بریانی ضرور کھائیں، لیکن ہندو دکانوں سے۔ان پوسٹروں کو لے کر سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے اور اپوزیشن جماعتیں اسے مذہب کی بنیاد پر کاروبار اور کھانے پینے کی چیزوں کو تقسیم کرنے کی کوشش قرار دے رہی ہیں۔
ترنمول کانگریس نے پوسٹروں پر تنقید کی
’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق، ترنمول کانگریس کے ترجمان اور بیلی گھاٹا کے رکن اسمبلی کنال گھوش نے سلی گوڑی کے واقعے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے قبول نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ ذائقے کو مذہبی حدود میں نہیں باندھا جاسکتا۔انہوں نے کہا، کسی ہندو کی دکان کی بریانی بہت مزیدار ہوسکتی ہے، تو کسی مسلمان کی دکان کی بریانی کا ذائقہ بھی شاندار ہوسکتا ہے۔ کھانے کی پہچان اس کے ذائقے سے ہوتی ہے، مذہب سے نہیں۔ ایسے فرمان قبول نہیں کیے جاسکتے۔ کنال گھوش نے مزید کہا کہ اگر دکان کے مالک نے تھوڑی زیادہ سمجھ داری دکھائی ہوتی تو ہند موٹر تنازع سے بچا جاسکتا تھا۔ ممکن ہے کہ انہوں نے گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے کوئی دلکش نعرہ استعمال کرنے کی کوشش کی ہو، لیکن مذہبی معاملات میں ایسی باتوں سے گریز کرنا چاہیے۔
بائیں بازو کی جماعتوں کا پولیس کارروائی کا مطالبہ
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اشوک بھٹاچاریہ نے پوسٹروں کے معاملے میں پولیس کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ایک سیکولر اور جمہوری ملک میں اس طرح کے پوسٹر لگانا جرم ہے۔ انتظامیہ کو نہ صرف پوسٹر ہٹانے چاہئیں، بلکہ اس فرقہ وارانہ مہم کے پیچھے موجود لوگوں کو بھی گرفتار کرنا چاہیے۔‘‘بائیں بازو کی جماعتوں نے بھی کہا ہے کہ آئین تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق دیتا ہے اور کسی شخص کی روزی روٹی کا تعین اس کے مذہب کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے۔درگا پوجا سے پہلے سامنے آنے والے اس تنازع نے مغربی بنگال میں مذہب، کھانے پینے اور کاروبار کو لے کر ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
سی جے پی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار…
وزیر خزانہ نے ابھرتے ہوئے شعبوں، خصوصاً قابل تجدید توانائی اور سیمی کنڈکٹر کی تیاری…
پولیس رتن سنگھ کی شکایت کی بنیاد پر تحقیقات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں…
پیر کو قائم مقام چیف جسٹس نتن سامبرے نے دو عرضیوں کو سماعت کے لیے…
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’مصنوعی ذہانت (اے آئی) مختلف شعبوں میں ہمارے کام کرنے…
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ایس آئی آر کے معاملے پر مسلسل حکومت اور…