قومی

PM to inaugurate new Vidhan Sabha building: وزیراعظم نریندر مودی کل چھتیس گڑھ کی نئی اسمبلی عمارت کا کریں گے افتتاح، 14 ہزار260 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی رکھیں گے سنگ بنیاد

چھتیس گڑھ کی ریاستی تشکیل کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کل (یکم نومبر) نئی ودھان سبھا عمارت کا افتتاح کریں گے اور 14 ہزار 260 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 2000 میں راجکمار کالج رائے پور سے کام شروع کرنے والی ریاستی اسمبلی اب نئے شہر ’’نوا رائے پور‘‘ میں منتقل ہو رہی ہے۔ یہ 51 ایکڑ پر پھیلی ایک جدید اور ماحول دوست عمارت ہے جسے 324 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ عمارت چھتیس گڑھ کی روایتی فن تعمیر اور جدید انجینئرنگ کا حسین امتزاج ہے۔ ریاستی حکام کے مطابق عمارت کا ڈیزائن ’’دھرتی دھرندھر‘‘ کے تصور کی نمائندگی کرتا ہے یعنی ایک ایسی سرزمین جو ثقافت میں جڑی ہوئی ہے مگر جدت کی طرف گامزن ہے۔ اسمبلی ہال کی چھت پر چاول کے دانوں اور پتوں کی نقش و نگاری کی گئی ہے، جو چھتیس گڑھ کی شناخت ’’چاول کا کٹورا‘‘ کی علامت ہے۔ دروازے اور فرنیچر بَستر کے ہنرمند کاریگروں کے ہاتھوں تیار کیے گئے ہیں، جو اس عمارت کو مقامی ثقافت سے جوڑتے ہیں۔

عمارت کی ساخت اور سہولیات

نئی اسمبلی عمارت کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: ونگ اے میں اسمبلی سکریٹریٹ، ونگ بی میں اسمبلی ہال، مرکزی ہال، وزیر اعلیٰ اور اسپیکر کے دفاتر اور ونگ سی میں تمام وزراء کے دفاتر شامل ہیں۔ عمارت میں 500 نشستوں پر مشتمل آڈیٹوریم اور 100 نشستوں والا مرکزی ہال بھی ہے۔ یہ عمارت شمسی توانائی، بارش کے پانی کے ذخیرے اور پیپر لیس نظام سے لیس ہے تاکہ حکومت کے ڈیجیٹل گورننس ویژن کو فروغ دیا جا سکے۔ حکام کے مطابق ’’یہ صرف ایک اسمبلی عمارت نہیں، بلکہ وہ مقام ہے جہاں تین کروڑ عوام کے خواب حقیقت بنیں گے۔‘‘ ایک اہلکار نے کہا ’’یہ نئی اسمبلی ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کی علامت ہے، جہاں روایت اور ترقی ایک ساتھ چلتی ہے اور ایک جدید چھتیس گڑھ کی روح جھلکتی ہے۔‘‘

دیہی ترقی اور روزگار کے نئے امکانات

وزیراعظم مودی 12 نئے اسٹارٹ اپ ولیج انٹرپرینیورشپ پروگرام (SVEP) بلاکس کا افتتاح کریں گے، جو ریاست کے 9 اضلاع میں قائم کیے جا رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت 3.51 لاکھ مکانات کا گھر پریویش (گھر منتقلی تقریب) کریں گے اور 3 لاکھ مستفیدین کو 1200 کروڑ روپے کی قسط جاری کریں گے۔ یہ اقدام ریاست میں دیہی روزگار، باعزت رہائش اور سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے کی سمت میں اہم قدم ہے۔

سڑک اور رابطے کے بڑے منصوبے

وزیراعظم مودی پتھل گاؤں کنکوری تا چھتیس گڑھ-جھارکھنڈ سرحد کے درمیان چار رویہ گرین فیلڈ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ منصوبہ بھارت مالا پری یوجنا کے تحت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کے ذریعے 3,150 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ شاہراہ کول مائنز، صنعتی علاقوں اور اسٹیل پلانٹس کو کوربا، رائے گڑھ، جشپور، رانچی اور جمشید پور سے جوڑے گی، جس سے وسطی اور مشرقی بھارت کے درمیان تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔ مزید یہ کہ وہ این ایچ-130ڈی (نرائن پور تا مہاراشٹر سرحد) کی تعمیر و توسیع اور این ایچ-130سی (مدنگ مڈا تا اڑیسہ سرحد) کو دو لین شاہراہ میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ منصوبے قبائلی اور اندرونی علاقوں میں رابطہ، صحت، تعلیم اور منڈی تک رسائی کو بہتر بنائیں گے۔

توانائی کے شعبے میں 3,750 کروڑ روپے کے منصوبے

وزیر اعظم مودی انٹر ریجنل پاور انٹرکنیکشن پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے، جو مشرقی اور مغربی گرڈ کے درمیان 1600 میگاواٹ کی اضافی منتقلی کی صلاحیت پیدا کرے گا۔ اس سے بجلی کی فراہمی مزید مستحکم اور قابل اعتماد بنے گی۔ اسی کے ساتھ، وہ ریویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (RDSS) کے تحت 1,860 کروڑ روپے کے کاموں کا افتتاح کریں گے، جن میں نئی پاور لائنیں، فیڈر علیحدگی، ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور کم وولٹیج نیٹ ورک کی مضبوطی شامل ہے۔ مزید یہ کہ 480 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائے گئے 9 نئے سب اسٹیشنز بھی عوام کے حوالے کیے جائیں گے، جن سے 15 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ اس کے علاوہ 1,415 کروڑ روپے کے نئے سب اسٹیشنز اور ٹرانسمیشن منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

پٹرولیم و گیس سیکٹر: ’’ون نیشن، ون گیس گرڈ‘‘ کی سمت

وزیراعظم ایچ پی سی ایل کے جدید آئل ڈپو کا افتتاح کریں گے، جو رائے پور میں 460 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ڈپو پٹرول، ڈیزل اور ایتھانول کے 54,000 کلو لیٹر ذخیرے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ریاست و ہمسایہ علاقوں کو ایندھن کی بلاتعطل سپلائی فراہم کرے گا۔ اسی طرح، وہ ناگپور تا جھارس گڑا قدرتی گیس پائپ لائن (489 کلومیٹر) کا بھی افتتاح کریں گے، جسے 1,950 کروڑ روپے میں مکمل کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ ملک میں قدرتی گیس کے استعمال کو 15 فیصد تک بڑھانے اور ’’ون نیشن، ون گیس گرڈ‘‘ کے وژن کو آگے بڑھانے کا ایک بڑا قدم ہے۔

صنعت و صحت کے فروغ کے منصوبے

وزیراعظم میں دو اسمارٹ انڈسٹریل ایریاز کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ نوا رائے پور، اٹل نگر میں فارماسیوٹیکل پارک کی بنیاد بھی رکھی جائے گی، جو ادویہ سازی اور طبی صنعت کے لیے مخصوص زون ہوگا۔ صحت کے میدان میں، وہ پانچ نئے سرکاری میڈیکل کالجوں (منیندر گڑھ، کبیردھام، جنجگیر-چمپا اور گیدم (دنتے واڑہ) میں اور بلاسپور میں آیوروید کالج و اسپتال کا بنیاد رکھیں گے۔ یہ اقدامات ریاست میں طبی تعلیم، صحت عامہ کی رسائی اور روایتی طبّی نظام کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

چھتیس گڑھ کے لیے یہ دن تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا، جب ریاست اپنی نئی اسمبلی عمارت کے ساتھ ایک نئے ترقیاتی دور میں داخل ہوگی۔ ان منصوبوں سے توانائی، صنعت، صحت، سڑک اور دیہی ترقی کے شعبوں میں روزگار، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے نئے دروازے کھلنے کی امید ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Chief Minister’s Breakfast Scheme: تمل ناڈو کے اسکولوں میں اب طلبہ کو ملے گا ناشتہ، وزیراعلیٰ وجے نے بھی بچوں کے ساتھ کھایا، ویڈیو وائرل

تمل ناڈو حکومت نے پیروُنتھلایور کامراج ناشتہ اسکیم کے بہتر نفاذ کے لیے حکام کو…

30 minutes ago

Minor gang-raped near Kalkaji Temple: کالکاجی مندر کے قریب نابالغ لڑکی سے اجتماعی زیادتی، انکاؤنٹر کے بعد ایک ملزم گرفتار

ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے دہلی پولیس پارک اور اس کے آس پاس…

4 hours ago