قومی

PM Modi Rajasthan, Gujarat Visit: وزیر اعظم مودی کا راجستھان اور گجرات کا دورہ: ایئرپورٹ، میٹرو، ریفائنری اور سیمی کنڈکٹر منصوبوں کی بڑی سوغات

وزیر اعظم نریندر مودی 4 جولائی 2026 کو راجستھان اور گجرات کے اہم دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ ملک کے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹرانسپورٹ، ہوابازی اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق کئی بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگِ بنیاد اور قوم کے نام وقف کریں گے۔ راجستھان میں وہ جودھ پور اور بالوترا جائیں گے، جبکہ گجرات کے ضلع احمد آباد کے سانند میں ملک کی سیمی کنڈکٹر صنعت کے لیے ایک اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم صبح تقریباً 10:45 بجے جودھ پور پہنچیں گے، جہاں وہ نئے ہوائی اڈے کے ٹرمینل کا افتتاح کریں گے اور نظرِ ثانی شدہ اُڑان (UDAN) اسکیم کا آغاز بھی کریں گے۔ اس اسکیم کا مقصد آئندہ دس برسوں میں ملک کے علاقائی فضائی رابطے کو مزید مضبوط بنانا ہے، جس کے لیے تقریباً 28,840 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت ان علاقوں کو فضائی خدمات سے جوڑا جائے گا جہاں اب تک ہوابازی کی مناسب سہولتیں موجود نہیں تھیں۔ اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 100 نئے یا غیر فعال ہوائی اڈوں اور فضائی پٹیوں کو ترقی دی جائے گی، جبکہ دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں 200 جدید ہیلی پیڈ تعمیر کیے جائیں گے۔ ابتدائی برسوں میں علاقائی ہوائی اڈوں کے بہتر آپریشن کے لیے خصوصی مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان میں تیار ہونے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں، جیسے HAL دھرو اور ڈورنیئر، کے استعمال کو فروغ دے کر “آتم نربھر بھارت” مہم کو مزید تقویت دی جائے گی۔

جدید سہولتوں سے آراستہ ہوگا نیا ٹرمینل

جودھ پور ہوائی اڈے کا نیا ٹرمینل تقریباً 480 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ 23 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا یہ ٹرمینل سالانہ تقریباً 20 لاکھ مسافروں کی آمد و رفت سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس ٹرمینل کی تعمیر میں راجستھان کے روایتی شاہی طرزِ تعمیر کی جھلک نمایاں ہے۔ محرابوں، جھروکوں اور جدید سہولتوں کا حسین امتزاج اسے منفرد بناتا ہے۔ توانائی اور پانی کے تحفظ کے ساتھ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے اسے گرین بلڈنگ کے معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس سے سیاحت، تجارت اور مقامی روزگار کو بھی نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔

بالوترا میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کی سوغات

اس کے بعد وزیر اعظم تقریباً 12:15 بجے بالوترا پہنچیں گے، جہاں وہ تقریباً 1.06 لاکھ کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں کا تعلق پیٹروکیمیکل، ریلوے، سڑک، میٹرو، شمسی توانائی اور بجلی کی ترسیل سمیت کئی شعبوں سے ہے۔

ملک کی پہلی گرین فیلڈ ریفائنری-کم-پیٹروکیمیکل منصوبہ قوم کے نام

وزیر اعظم بالوترا کے پچپدرا میں قائم ملک کی پہلی گرین فیلڈ انٹیگریٹڈ ریفائنری-کم-پیٹروکیمیکل کمپلیکس قوم کے نام وقف کریں گے۔ ایچ پی سی ایل اور حکومتِ راجستھان کے مشترکہ اشتراک سے تیار ہونے والے اس منصوبے پر 79,450 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ اس کی سالانہ خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت 90 لاکھ میٹرک ٹن جبکہ پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداواری صلاحیت 24 لاکھ میٹرک ٹن ہوگی۔

یہ منصوبہ بھارت کی توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانے، پیٹروکیمیکل مصنوعات میں خود کفالت بڑھانے اور راجستھان میں نئی صنعتوں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے اطراف مجوزہ پیٹروکیمیکل اور پلاسٹک پارک سے متعدد معاون صنعتوں کے قیام کی بھی توقع ہے۔

جے پور میٹرو کے دوسرے مرحلے کا آغاز

وزیر اعظم جے پور میٹرو کے دوسرے مرحلے کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس منصوبے کے تحت 41 کلومیٹر طویل شمال-جنوب میٹرو کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔یہ کوریڈور پرہلادپورہ سے ٹوڈی موڑ تک پھیلے گا اور شہر کے اہم صنعتی و رہائشی علاقوں کو آپس میں جوڑے گا۔ اس سے جے پور ایئرپورٹ، سیتاپورا صنعتی علاقہ، وشوکرما صنعتی علاقہ، ایس ایم ایس اسپتال اور دیگر اہم مقامات تک رسائی مزید تیز، محفوظ اور آسان ہو جائے گی۔

ریلوے اور سڑک رابطے کو ملے گی نئی مضبوطی

وزیر اعظم چورو-سادل پور اور چورو-رتن گڑھ ریلوے لائنوں کی ڈبلنگ کے منصوبے بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ تقریباً 900 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے ان منصوبوں سے شمال مغربی راجستھان میں ریلوے آمد و رفت مزید آسان ہوگی اور مال بردار و مسافر ٹرینوں کا آپریشن بہتر ہوگا۔

اس کے علاوہ وہ این ایچ-125 اے کے جودھ پور رنگ روڈ (کروار-ڈانگیاواس) کے چار لین حصے کا بھی افتتاح کریں گے، جس سے علاقائی سڑک رابطے اور سفری سلامتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

قابلِ تجدید توانائی کے شعبے کو ملے گی نئی طاقت

راجستھان کو شمسی توانائی کے شعبے میں بھی نئی کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ وزیر اعظم 1000 میگاواٹ صلاحیت کے بیکانیر سولر پاور پروجیکٹ اور 300 میگاواٹ صلاحیت کے کرنیسر سولر پلانٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔

اس کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی کی بہتر ترسیل کے لیے نئی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح اور 530 کلومیٹر طویل نئے بجلی ترسیلی نیٹ ورک کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے گا، جس سے صاف توانائی کے مؤثر استعمال اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو فروغ ملے گا۔

نوجوانوں کو ملیں گے تقرری نامے

تقریب کے دوران وزیر اعظم راجستھان حکومت کے مختلف محکموں میں منتخب ہونے والے تقریباً 54 ہزار نوجوانوں کو تقرری نامے بھی تقسیم کریں گے۔ یہ نوجوان تعلیم، توانائی، داخلہ، پنچایت راج، ٹرانسپورٹ، اعلیٰ تعلیم، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر محکموں میں خدمات انجام دیں گے، جس سے ریاست کی انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔

گجرات کے سانند میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کو نئی سمت

راجستھان کے پروگراموں کے بعد وزیر اعظم گجرات روانہ ہوں گے۔ شام تقریباً 4:30 بجے وہ احمد آباد ضلع کے سانند میں سی جی سیمی (CG Semi) کی آؤٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی اینڈ ٹیسٹ (OSAT) یونٹ کا افتتاح کریں گے۔ تقریباً 7,500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم یہ منصوبہ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت منظور ہونے والے ابتدائی بڑے منصوبوں میں شامل ہے، جہاں اب تجارتی پیداوار کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

مکمل استعداد کے ساتھ کام شروع ہونے پر یہ پلانٹ ہر سال تقریباً 5 ارب سیمی کنڈکٹر چپس تیار کر سکے گا۔ یہاں آٹوموبائل، ٹیلی کمیونی کیشن، 5جی، صنعتی آلات، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) اور مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق مصنوعات کے لیے چپس کی اسمبلی اور جانچ کی جائے گی۔ یہ منصوبہ بھارت کو عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں مضبوط مقام دلانے اور جدید ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

ترقی اور خود انحصاری پر رہے گا خصوصی فوکس

وزیر اعظم کا یہ دورہ صرف نئے منصوبوں کے افتتاح تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد ملک میں جدید بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا، توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانا، علاقائی فضائی رابطے میں اضافہ، صاف توانائی کو فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور بھارت کو جدید ٹیکنالوجی کی تیاری کا عالمی مرکز بنانے کی سمت ایک اور مضبوط قدم اٹھانا ہے۔ راجستھان اور گجرات کے یہ منصوبے آئندہ برسوں میں دونوں ریاستوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کو نئی رفتار فراہم کریں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Abul Kalam

Recent Posts

PM Modi Attends ‘Bhajan Clubbing’: پنڈت دین دیال اپادھیائے کی جینتی پر ’بھجن کلبنگ‘ میں شریک ہوئے پی ایم مودی، کھنجری بجاتے آئے نظر

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…

6 hours ago

Opposition Protest Against CEC Gyanesh Kumar: سی ای سی گیانیش کمار کے خلاف سڑک پر اپوزیشن، پٹنہ میں آر جے ڈی کا احتجاج، کانگریس نے مانگا استعفیٰ

انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…

6 hours ago