نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو بھگوان برسا منڈا کی یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’بھگوان برسا منڈا جی کی یوم پیدائش پر میں تمام ہم وطنوں کی جانب سے انہیں عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ سبھی کو اس مقدس موقع سے وابستہ قبائلی فخر کے دن کی دلی مبارکباد۔‘‘انہوں نے مزید لکھا کہ دھرتی آبا کا ناقابل تسخیر حوصلہ، جدوجہد اور قربانی ملک کی ہر نسل کو خودداری، آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے ترغیب دیتی رہے گی۔ ان سے تحریک حاصل کرتے ہوئے ہماری حکومت قبائلی بھائیوں اور بہنوں کے احترام، مواقع اور خوشحالی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ آئیے، ہم سب مل کر ملک کی تعمیر میں قبائلی سماج کے بیش قیمتی تعاون کو سلام پیش کریں۔
صدر دروپدی مرمو نے بھی کیا یاد
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی بھگوان برسا منڈا کو یاد کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’میں دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کی یوم پیدائش کے مقدس موقع پر منائے جانے والے قبائلی فخر کے دن کی تمام ہم وطنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ دن ہماری مالا مال قبائلی وراثت اور ملک کے تئیں قبائلی برادریوں کی تاریخی خدمات کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ میری دعا ہے کہ تمام ہم وطن ہماری بیش قیمت وراثت کو محفوظ رکھتے ہوئے جامع ترقی کی راہ پر آگے بڑھیں۔‘‘
جل، جنگل اور زمین کے حقوق کی آواز بلند کی تھی
ملک بھر میں آج 15 نومبر کو عظیم قبائلی مجاہد آزادی اور عوامی رہنما بھگوان برسا منڈا کی یوم پیدائش منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر قبائلی فخر کے دن کے طور پر بھی مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ برسا منڈا نے انگریزوں کی حکومت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے قبائلی سماج کے حقوق اور جل، جنگل و زمین کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی تھی۔ ان کی زندگی جدوجہد، حوصلے اور خودداری کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
قبائلی برادری کو منظم کیا تھا
15 نومبر 1875 کو جھارکھنڈ کے الیہاتو گاؤں میں پیدا ہونے والے برسا منڈا نے کم عمری میں ہی قبائلی برادری کو منظم کرنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے انگریزوں کی استحصالی پالیسیوں اور زمینداری نظام کے خلاف تحریک کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں چلنے والی اس تحریک کو ’اُلگُلان‘ یعنی عظیم بغاوت کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس تحریک نے برطانوی حکومت کو قبائلی علاقوں میں اپنی پالیسیوں پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کیا۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے 2021 میں برسا منڈا کی یوم پیدائش کو قبائلی فخر کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ملک کے قبائلی سماج کی جدوجہد، ثقافت اور خدمات کو یاد کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
اتوار کی صبح دہلی کے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی سنگین زمرے میں…
پہاڑی علاقوں کی بات کریں تو جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں…
میکے داتو ڈیم پروجیکٹ کو لے کر کرناٹک اور تمل ناڈو کے درمیان تنازع شدت…
ہریش سنگھ دھامی کا الزام ہے کہ میلے کی صدارت کی ذمہ داری دینے کے…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں…
یوکرین جنگ ختم کرانے کے لیے ابو ظہبی میں ہونے والی بات چیت کے دوران…