قومی

Prime Minister Narendra Modi: تاخیر اب برداشت نہیں ہوگی، وزیر اعظم مودی کی PRAGATI میٹنگ کے بعد ریاستوں کو دوٹوک ہدایت، ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل ہوں

نئی دہلی :سرکاری دفاتر اور بڑے ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی تاخیر کو ختم کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ایک بار پھر سخت انداز میں نظر آئے۔ بدھ کے روز وزیر اعظم نے ’PRAGATI‘ (پرو-ایکٹو گورننس اینڈ ٹائملی امپلیمنٹیشن) کی 51ویں میٹنگ کی صدارت کی۔ ’سیوا تیرتھ‘ میں منعقد اس اعلیٰ سطحی اجلاس کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ فائلوں میں التوا کا کلچر ختم ہو اور ملک کی ترقی سے جڑے بڑے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اس اجلاس میں ملک کی 9 ریاستوں میں جاری ریلوے، بجلی اور سڑک کے شعبوں سے متعلق 7 بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔

چھتوں پر لگیں گے سولر پینل

بجلی کے بڑھتے بلوں سے عوام کو راحت دینے کے لیے وزیر اعظم مودی نے ’رووف ٹاپ سولر‘ منصوبوں پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اب شہروں، رہائشی علاقوں اور سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر سولر پینل لگانے کے کام کو ’مشن موڈ‘ میں آگے بڑھایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے نہ صرف عوام پر بجلی کے بل کا بوجھ کم ہوگا بلکہ ملک میں صاف توانائی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے افسران کو ایک نیا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں نہروں کے اوپر اور اطراف میں بھی سولر پینل لگانے کے امکانات تلاش کیے جائیں تاکہ زمین کی بچت کے ساتھ زیادہ بجلی پیدا کی جا سکے۔

کین-بیتوا ندی جوڑو پروجیکٹ پر زور

ہر سال گرمیوں میں پانی کی قلت اور ریاستوں کے درمیان آبی تنازعات خبروں میں رہتے ہیں۔ اسی پس منظر میں وزیر اعظم نے ’کین-بیتوا ندی جوڑو پروجیکٹ‘ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دیگر ریاستوں کے لیے ایک رول ماڈل بن سکتا ہے اور یہ پیغام دے سکتا ہے کہ باہمی تعاون اور افہام و تفہیم سے بڑے سے بڑے آبی تنازعات حل کیے جا سکتے ہیں۔وزیر اعظم مودی  نے ریاستوں سے اپیل کی کہ پانی کے تحفظ، ندیوں کو جوڑنے، آبی ذخائر بڑھانے اور زیر زمین پانی کو ری چارج کرنے جیسے منصوبوں کو مربوط انداز میں نافذ کیا جائے۔

صرف کاغذوں تک محدود نہ رہے ’سوچھ بھارت 2.0‘

وزیر اعظم مودی نے ’سوچھ بھارت مشن-اربن 2.0‘ کے حوالے سے بھی سخت ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف نئے بیت الخلا یا انفراسٹرکچر بنانے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کے عملی نتائج  ملنے چاہئیں۔انہوں نے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کچرا پروسیسنگ پلانٹس اور گوبردھن پلانٹس کے کام میں تیزی لائی جائے تاکہ شہر واقعی صاف ستھرے اور رہنے کے قابل بن سکیں۔

ودھاون بندرگاہ بنے گی ملک کا سب سے بڑا لاجسٹکس ہب

کنیکٹیویٹی کے موضوع پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مہاراشٹر کے ودھاون بندرگاہ کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسے صرف ایک عام بندرگاہ کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ اسے ملک کے سب سے بڑے ’ملٹی ماڈل لاجسٹکس ہب‘ میں تبدیل کیا جائے۔ان کے مطابق یہ ہب کوسٹل شپنگ، اِن لینڈ واٹر ویز، مال گاڑیوں کے فریٹ کوریڈور، ہائی ویز، ایئرپورٹس اور یہاں تک کہ ہائی اسپیڈ ریل رابطوں سے بھی جڑا ہوگا، جس سے یہ بھارت کی تجارت کے لیے عالمی سطح کا گیٹ وے بن سکے گا۔

غریب فلاحی اسکیموں کی ماہانہ نگرانی

اجلاس کے اختتام پر کابینہ سکریٹری نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر اب ریاستوں میں سماجی بہبود اور غریب فلاحی اسکیموں کی ہر ماہ باقاعدہ نگرانی کی جائے گی، تاکہ ان منصوبوں کا فائدہ بروقت حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔

بھارت ایکسپریس اردو

Abu Danish Rehman

Recent Posts

UP New Congress President: ارادھنا مشرا بنیں یوپی کانگریس کی نئی صدر، عمران مسعود کار گزار صدر مقرر

ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…

9 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 کی اختتامی تقریب میں نیرو ڈھانڈا ہوں گی ہندوستان کی پرچم بردار، ٹریپ شوٹر نے 2 گولڈ سمیت جیتے ہیں 3 تمغے

نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…

9 hours ago