قومی

PM Modi Holds Bilateral Talks with Luxon: پی ایم مودی اور کرسٹوفر لکسن کے درمیان دوطرفہ مذاکرات، اسٹریٹجک شراکت داری تک پہنچے بھارت۔نیوزی لینڈ تعلقات

آکلینڈ: وزیر اعظم نریندر مودی اور نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ہفتہ کے روز آکلینڈ میں وفود کی سطح پر اہم مذاکرات کیے۔ دونوں لیڈران نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک لے جانے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ہی تجارت، دفاع، تعلیم، کھیل اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کئی مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا بھی مشاہدہ کیا، جن کا مقصد باہمی تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کے درمیان تجارت، دفاع و سلامتی، تعلیم، کھیل، ثقافت اور دیگر اہم شعبوں میں نہایت مفید اور جامع بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک وسعت دینے کا فیصلہ کیا۔

آزاد تجارتی معاہدے اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال

دونوں لیڈران نے بھارت۔نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور علاقائی و عالمی پیش رفت سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رندھیر جیسوال نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران دفاع، آفات سے نمٹنے، سیاحت، کھیل اور مویشی پروری سے متعلق کئی مفاہمتی یادداشتوں اور تعاون کے انتظامات پر اتفاق ہوا، جس سے بھارت اور نیوزی لینڈ کی متحرک شراکت داری مزید مستحکم ہوئی۔

پی ایم مودی نے پرتپاک استقبال پر ادا کیا شکریہ

مذاکرات کے دوران وزیر اعظم مودی نے جمعہ کی شام ہوائی اڈے پر خود استقبال کرنے پر وزیر اعظم لکسن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان گرمجوش تعلقات کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ’’گزشتہ رات آپ کا مجھے لینے کے لیے ہوائی اڈے آنا میرے لیے ایک خاص اشارہ تھا، جس کے لیے میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکر گزار ہوں۔ آپ کے وزرا پورے وقت میرے ساتھ رہے، میں اس کی بے حد قدر کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’میرے لیے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ چالیس برس بعد کوئی بھارتی وزیر اعظم نیوزی لینڈ آیا ہے۔ اپنی معاشی راجدھانی میں اس پروگرام کا انعقاد کرکے آپ نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی رفتار اور نئی مضبوطی عطا کی ہے، جس کے لیے میں آپ کا ممنون ہوں۔‘‘

بھارتی برادری کے استقبال کو یادگار قرار دیا

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے عوام، خصوصاً ہند نژاد برادری کی محبت اور پُرجوش استقبال نے اس دورے کو یادگار بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’نیوزی لینڈ کے عوام کا بھارت سے محبت کا اظہار دیکھ کر کوئی بھی جذباتی ہو سکتا ہے۔ یہ واقعی دل کو چھو لینے والا لمحہ ہے۔ یہ ہمارے تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو ہماری دوستی اور باہمی تعاون کو نئی رفتار اور نئی توانائی دے گا۔‘‘

پی ایم لکسن نے اقتصادی تعاون پر دیا زور

مذاکرات کے بعد وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری، خصوصاً مجوزہ بھارت۔نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے پر جاری پیش رفت کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’نیوزی لینڈ اور بھارت بحرِ ہند و بحرالکاہل کے خطے کو آپس میں جوڑتے ہیں، لیکن ہماری معیشتوں کو فروغ دینے کے لیے فاصلے کوئی رکاوٹ نہیں ہیں۔ آزاد تجارتی معاہدے کے ذریعے ہم یہی مقصد حاصل کر رہے ہیں، جس کے تحت پہلے ہی دن سے بھارت کو برآمد کی جانے والی ہماری تمام مصنوعات پر 57 فیصد محصولات ختم ہو جائیں گے۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت اپنے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں ہیں۔ ان کا یہ دورہ گزشتہ چالیس برسوں میں کسی بھی بھارتی وزیر اعظم کا نیوزی لینڈ کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Balaji Wafers Destroyed Lays: غریب لڑکے سے 4 ہزار کروڑ کی کمپنی تک، بالاجی نے Lay’s کو دی ٹکر

گجرات سے شروع ہونے والا بالاجی ہے، جس نے محدود وسائل سے سفر شروع کیا…

2 hours ago

Rahul Gandhi Event Row: ’چھاتروں کی گونج‘ میں پی ایم مودی کی مِمی کری پر ہنگامہ، این ڈی اے کا حملہ، اپوزیشن نے کہا- اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش

راہل گاندھی کی موجودگی میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی…

2 hours ago

Sachkhand Nanak Dham Satsang: سچکھنڈ نانک دھام میں گونجے ’واہے گرو‘ کے جے کارے، سنت لوچن درشن داس جی نے دیا بے لوث خدمت کا پیغام

پنجاب کے بٹالہ میں اچل بائی پاس واقع سچکھنڈ نانک دھام درشن دربار میں اتوار،…

2 hours ago

Pricing Carbon To Defend Exports: یورپی ٹیکس کا توڑ بنا بھارت کا ’کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ سسٹم‘، برآمد کنندگان کو ملے گی بڑی راحت

بھارت میں اکتوبر سے ملک کی پہلی کاربن مارکیٹ شروع ہونے جا رہی ہے۔ اس…

3 hours ago

Yemen Houthis Toyota Pickup Trucks: راکٹ نہیں، میزائل نہیں… یمن میں 38,000 سے زائد ٹویوٹا ٹرکوں کی آمد، دنیا بھر میں تشویش

یمن کے جنگ زدہ علاقوں میں ٹویوٹا پک اَپ ٹرکوں کی اچانک بڑھتی ہوئی تعداد…

4 hours ago