قومی

PM Modi Attends Golden Jubilee Celebration in Bengaluru: ’’یوگا ہندوستان کو جاننے کا ایک دروازہ بن چکا ہے…‘‘، پی ایم مودی نے پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریب میں کی  شرکت

بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز بنگلورو میں پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کی اور ادارے کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی سرزمین صدیوں سے یوگا کا مرکز رہی ہے۔ یہاں یوگا سے وابستہ کئی عظیم آچاریوں اور دانشوروں نے جنم لیا اور اس قدیم روایت کو مزید مستحکم کیا۔

یوگا، آیوروید اور جدید طبی سائنس کا امتزاج قابل ستائش

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ انہیں یوگا کی غیر معمولی توانائی کا تجربہ کرنے کا موقع ملا ہے۔ کرناٹک صدیوں سے یوگا کا مرکز رہا ہے اور یہاں کئی معروف یوگا گروؤں اور دانشوروں نے جنم لیا، جنہوں نے اس قدیم روایت کو مالا مال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پرشانتی کٹیرم میں جس کام کا آغاز ہوا تھا، وہ آج یوگا کی تعلیم، سائنسی تحقیق اور صحت کی خدمات کے شعبے میں ایک اہم ادارہ بن چکا ہے۔ یوگا کے ساتھ آیوروید، قدرتی طریقہ علاج اور جدید طبی سائنس کو یکجا کرکے ایک جامع صحت کا نظام بھی تیار کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ذہنی دباؤ سے متعلق مسائل اور طرز زندگی کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں کے شعبوں میں ادارے کی تحقیق نے دنیا بھر کے لوگوں کی مدد کی ہے۔ انہوں نے ان قابل ذکر خدمات کے لیے پرشانتی کٹیرم کی ستائش کی۔

ایچ وی شیشادری کی خدمات کو کیا یاد

وزیر اعظم مودی نے ایچ وی شیشادری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی کے ساتھ اس سال ایچ وی شیشادری کی صد سالہ سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ انہوں نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیشادری جی نے اپنی پوری زندگی ’شخصیت سازی سے قوم کی تعمیر‘ کے مشن کے لیے وقف کردی تھی۔

انہوں نے شیشادری کے ایک قول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ جب ہم معاشرے کو اپنی دونوں آنکھوں سے دیکھتے ہیں تو معاشرہ بھی ہمیں لاکھوں آنکھوں سے دیکھتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کئی مرتبہ اس بات کا تجربہ کیا ہے۔ لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ عوام کی دعائیں اور محبت حاصل ہوئی، جو ان کی زندگی کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کا یہی جذبہ شیشادری کے خاندان میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔

اداکار ڈاکٹر راج کمار کی بھی کی تعریف

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کنڑ فلموں کے معروف اداکار ڈاکٹر راج کمار کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راج کمار بھی کرناٹک کی سرزمین سے تعلق رکھنے والی ان متعدد شخصیات میں شامل تھے، جنہوں نے فن کی دنیا کے ساتھ یوگا کی مشق میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی شاندار وراثت کے درمیان پرشانتی کٹیرم کا 50 سالہ سفر خدمت اور لگن کی ایک غیر معمولی اور بے مثال داستان ہے، جس کے بارے میں ہر ہندوستانی کو جاننا چاہیے۔

سوامی وویکانند نے ملک کی روحانی بیداری میں اہم کردار ادا کیا

سوامی وویکانند کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جب ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا، اس وقت ایک طرف لاکھوں مجاہدین آزادی جدوجہد کر رہے تھے تو دوسری جانب سوامی وویکانند جیسے عظیم روحانی رہنما ہندوستان کے روحانی شعور کو بیدار کرنے اور نوجوانوں کو یوگا کا راستہ دکھانے میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ہندوستان اپنی ثقافت، شناخت اور علم و سائنس کو پورے اعتماد کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان کی پہل پر آج پوری دنیا میں بین الاقوامی یوگا ڈے منایا جاتا ہے۔

یوگ آسن کو مسابقتی کھیل کے طور پر بھی ملی شناخت

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان میں یوگ آسن کو ایک مسابقتی کھیل کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ ’کھیلو انڈیا‘ اور ’نیشنل گیمز‘ جیسے مقابلوں میں بھی یوگ آسن کے لیے جگہ بنائی گئی ہے۔ یہ تبدیلی ہندوستان کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ اس سے یوگا سے وابستہ افراد کے لیے مسابقتی مقابلوں میں حصہ لینے کے نئے راستے کھلے ہیں۔

یوگا ہندوستان کو جاننے کا ایک دروازہ بن چکا ہے: مودی

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یوگا ہندوستان کو جاننے کا ایک دروازہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دیکھا ہے کہ قطر کے شاہی خاندان سمیت کئی غیر ملکی شہری یوگا کے لیے پوری طرح وقف ہیں۔ ایسے متعدد افراد کو ہندوستان میں پدم شری اعزاز سے نواز کر ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

Prime Minister Narendra Modi: وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ان لیڈروں نے چار روزہ چھٹھ مہاپرو کی شروعات پر ملک کے عوام کو دی مبارکباد

۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک…

21 minutes ago

PM Modi Arrives in Bengaluru: وزیر اعظم مودی بنگلورو پہنچے، گورنر سدھا یادو اور وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کیا استقبال

وزیر اعظم مودی بنگلورو میں ’پرشانتی کٹیرم‘ کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کریں گے۔…

1 hour ago