قومی

AAP Alleges Fake ‘Yamuna’ Created at Vasudev Ghat: عام آدمی پارٹی کا دعویٰ، ’دہلی حکومت نے واسودیو گھاٹ پر بنائی فرضی جمنا‘، بی جے پی نے افواہ پھیلانے کا لگایا الزام

نئی دہلی: چھٹھ تہوار کے درمیان عام آدمی پارٹی (AAP) نے دہلی کی بی جے پی حکومت پر ’فرضی جمنا‘ تیار کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پارٹی کے لیڈر سوربھ بھاردواج نے دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی حکومت نے واسودیو گھاٹ پر مبینہ ’فرضی جمنا‘ میں پانی پہنچانے کے لیے زمین کے نیچے پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی ہے۔

سوربھ بھاردواج نے ویڈیو شیئر کرکے اٹھائے سوالات

عام آدمی پارٹی کی دہلی یونٹ کے صدر سوربھ بھاردواج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’فرضی جمنا پھر سے۔ اس سال بھی بی جے پی حکومت نے واسودیو گھاٹ پر ’فرضی جمنا‘ کو پانی فراہم کرنے کے لیے زمین کے نیچے پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی ہے۔‘‘

سوربھ بھاردواج نے کہا کہ گزشتہ سال بی جے پی کی دہلی حکومت نے جمنا کی صفائی کا جھوٹا دعویٰ کرنے کے لیے ’فرضی جمنا‘ بنائی تھی۔ جب عام آدمی پارٹی نے اس معاملے کو بے نقاب کیا تو یہ پورے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال بھی حکومت جمنا کی صفائی کا جھوٹا دعویٰ کر رہی تھی۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ اگر جمنا صاف ہوگئی ہے تو پھر پینے کے پانی کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے اور وہ بھی زمین کے نیچے چھپائی گئی پائپ لائن کے ذریعے؟

بی جے پی پر دکھاوے کی سیاست کا لگایا الزام

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے اپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل سے لکھا کہ بی جے پی حکومت جھوٹ اور دکھاوے کی سیاست میں اس حد تک اتر جائے گی، اس کا شاید ہی کسی نے تصور کیا ہوگا۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ گزشتہ سال چھٹھ کے موقع پر جمنا صاف ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے کے لیے فرضی گھاٹ بنایا گیا تھا۔ جب بی جے پی کی حقیقت سامنے آئی تو اسے پورے ملک کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

عام آدمی پارٹی نے مزید کہا کہ اس سال بھی سبق سیکھنے کے بجائے واسودیو گھاٹ پر وہی کھیل دہرایا جا رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق اس مرتبہ گھاٹ تک پانی پہنچانے کے لیے زمین کے نیچے پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ اگر جمنا واقعی صاف ہے تو پھر ایسی پائپ لائن بچھانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟

بی جے پی نے آپ پر افواہ پھیلانے کا لگایا الزام

دوسری جانب بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس پر افواہیں پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔ دہلی بی جے پی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کیا۔ پارٹی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’کیجریوال جی، آپ اور کتنا نیچے گرو گے؟ دو سال کے اندر ہی آدھی سے زیادہ جمنا صاف کیا ہوئی، عآپ والے بوکھلاہٹ میں دیکھئے کیا افواہیں پھیلا رہے ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس۔

Md Hammad

Recent Posts

PM Modi’s Karnataka Visit: وزیر اعظم مودی کا کرناٹک دورہ، بنگلورو اور میسور کو 15,600 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی سوغات

وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کو سکیورٹی کے لحاظ…

1 minute ago

Prime Minister Narendra Modi: وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ان لیڈروں نے چار روزہ چھٹھ مہاپرو کی شروعات پر ملک کے عوام کو دی مبارکباد

۔وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک…

38 minutes ago