کانگریس لیڈر جے رام رمیش۔ (فائل فوٹو)
غیر ملکی طلباء کو متاثر کرنے والے امریکی فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے بدھ کو کہا کہ چین نے اپنے طلباء کو درپیش مشکلات کے بارے میں سخت رد عمل ظاہر کیا ہے لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر ہندوستانی طلبا کو ہونے والی پریشانیوں پر ’’مکمل طور پر خاموش‘‘ ہیں۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج کمیونیکیشن جے رام رمیش نے کہا کہ وزارت خارجہ کے مطابق 2024 میں تقریباً 3,37,630 ہندوستانی طلبا اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ گئے اور امریکی کیمپس میں غیر ملکی طلبا میں سے تقریباً ایک تہائی تعداد ہندوستان طلبا کی ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ تقریباً ساڑھے تین لاکھ ہندوستانی خاندانوں نے اپنی محنت کی کمائی کی بچت سے یا قرض لے کر اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ بھیجا۔
رمیش نے کہا ’’ان طلباء کے علاوہ وہ جو اس سے پچھلے سالوں میں گئے تھے، سب کو ایک غیر یقینی مستقبل کا سامنا ہے۔ وہیں 2025 میں جانے کی منصوبہ بندی کرنے والے طلباء کی ایک بڑی تعداد شاید کبھی اپنی خواہشات کو پورا ہوتا ہوا نہ دیکھ سکے، کیوں کہ ٹرمپ نے اپنے ارادوں کو واضح کر دیا ہے۔ چین نے چینی طلباء کے حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ لیکن ہمارے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے بالکل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔‘‘
رمیش نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا ’’انھوں نے اس بات پر کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا ہے کہ کس طرح ہندوستانی طلبا اور ان کے خاندان صدر ٹرمپ کے اقدامات سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘ تاہم ہندوستان نے گزشتہ جمعرات کو کہا تھا کہ وہ توقع کرتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے طلبا کے ویزا انٹرویوز کو روکنے پر بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان امریکہ ہندوستانی طلبا کی ویزا درخواستوں پر میرٹ کی بنیاد پر غور کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے اپنے ویزا نظام میں کی گئی تبدیلیوں نے ہندوستان سمیت دنیا بھر کے طلبا کے لیے وسیع پیمانے پر غیر یقینی صورت حال کو جنم دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویزا درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا جانچ کی توسیع کے منصوبے پر امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
پولیس کی ابتدائی تفتیش میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایمبولینس ڈرائیور کو…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے عظیم انقلابی اور مجاہد آزادی شیام جی کرشن ورما…
نیتا امبانی نے کہا ’’ایشین گیمز 2026 میں ہمارے ہندوستانی دستے کو دلی مبارکباد، جس…
ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا، مالی سال 2026-27 کے اختتام تک 114…
اساتذہ کی شدید کمی، بدحال اسکولوں اور تعلیمی سہولیات کے فقدان کے خلاف شروع ہونے…
جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس ابتدا ہی سے سپریم کورٹ کی نگرانی میں…