نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی دو روزہ سرکاری دورۂ ملائیشیا مکمل کرنے کے بعد اتوار کو وطن واپس لوٹ آئے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو نئی توانائی دینے والا قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دورہ ہندوستان اور ملائیشیا کے باہمی تعاون کو مزید گہرائی اور رفتار فراہم کرے گا۔ دورہ مکمل ہونے کے بعد وزیر اعظم مودی نے ملائیشیا کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی اور محبت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر چند یادگار لمحات شیئر کیے۔ ان جھلکیوں میں ملائیشیا کی رنگا رنگ ثقافت، شاندار استقبال اور وہاں مقیم بھارتی نژاد برادری کے ساتھ جذباتی ربط کو نمایاں طور پر دکھایا گیا۔
وزیر اعظم نے ایک ویڈیو کلپ کے ساتھ لکھا کہ گزشتہ سال آسیان سربراہی اجلاس کے لیے انہیں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے مدعو کیا تھا، مگر وہ اس وقت شرکت نہیں کر سکے تھے۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ جلد ملائیشیا آئیں گے اور اب 2026 کی اپنی پہلی بین الاقوامی سفر میں ملائیشیا پہنچ کر اس وعدے کو پورا کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شیئر کی گئی ویڈیو میں وزیر اعظم مودی کے ملائیشیا میں دیے گئے خطاب کے اہم حصے شامل ہیں، جن میں دونوں ممالک کے تاریخی اور جذباتی رشتوں پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور ملائیشیا کے تعلقات نہایت خصوصی نوعیت کے ہیں۔ دونوں ممالک سمندری ہمسائے ہیں اور صدیوں سے عوامی سطح پر گہرے اور قریبی روابط قائم ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملائیشیا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں بھارتی نژاد آبادی بڑی تعداد میں آباد ہے، اور دونوں قومیں مشترکہ تہذیبی ورثے اور جمہوری اقدار سے جڑی ہوئی ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی پل کا کردار ادا کرنے والی تمل زبان کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمل زبان سے مشترکہ محبت ہندوستان اور ملائیشیا کو جوڑتی ہے۔ ملائیشیا میں تمل زبان کی مضبوط اور فعال موجودگی تعلیم، میڈیا اور ثقافتی زندگی میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ دورے کے دوران دہشت گردی کے خلاف مشترکہ موقف بھی نمایاں رہا۔ دو طرفہ مذاکرات کے دوسرے دن وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ دہشت گردی کے معاملے میں کوئی دوہرا معیار اور کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں ہوگا اور ہندوستان و ملائیشیا اس خطرے کے خلاف مل کر کام کرتے رہیں گے۔
معاشی محاذ پر بھی یہ دورہ اہم ثابت ہوا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ہندوستان کی تیز رفتار ترقی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنا ملائیشیا کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم مودی نے ہند-بحرالکاہل خطے کے حوالے سے ہندوستان کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ عالمی ترقی کا نیا انجن بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہندوستان آسیان ممالک کے ساتھ مل کر اس پورے خطے میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
جسٹس پرتبھا ایم سنگھ اور جسٹس دنیش بھٹ کی بنچ نے کہا کہ سپریم کورٹ…
الیکشن کمیشن کے اندرونی اختلافات کی خبروں کے درمیان سابق جوائنٹ ڈائریکٹر محمد امین نے…
راہل راج سنگھ کا شروع سے دعویٰ رہا ہے کہ وہ اور پرتیوشا دسمبر 2016…
گرین انرجی کوریڈور فیز-III کو کابینہ کی منظوری، 135 گیگاواٹ قابلِ تجدید توانائی کی ترسیل…
بھارت نے سیریز کا پہلا میچ بھی 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔ اب سیریز کا…
پروگرام کے آغاز میں اکادمی کے سکریٹری لیکھ راج نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے…