بھارت ایکسپریس اردو۔
ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سینٹر کے صدر مولانا محمد رحمانی مدنی۔ (فائل فوٹو)
نئی دہلی: اللہ رب العالمین نے سورہ بقرہ میں مسلمانوں کو صبراورنماز کے ذریعہ مدد اور نصرت حاصل کرنے کا حکم دے کرارشاد فرمایا کہ ایسا کرپانے والے حقیقت میں وہی لوگ ہوتے ہیں جواللہ سے ڈرتے ہیں۔ انسان کی ذمہ داری یہ ہے کہ اللہ کی اطاعت کوانجام دے اورپورے صبر وتحمل کے ساتھ اس راستہ پر ڈٹا رہے، اللہ کی معصیت کوترک کرکے اطاعت پرصبرکرے، اللہ کی مقدرکردہ چیزوں پرصبرکرے اوراپنی ذات کوہربرائی سے روکے رکھے اور اچھائیوں کا عادی بنائے۔ اسی طرح ایمان کی علامت اورایمان کے میزان نمازکوبھی درست کرکے مصائب کا سامنا کرے کیونکہ یہ نمازمنکرات اورفحش چیزوں سے روکتی ہے۔ اس وقت ملک میں جوحالات چل رہے ہیں اورشرپسندوں نے جواسلوب اختیارکررکھا ہے ہرحالت میں صبروتحمل اوردین کی طرف رجوع اوراللہ کی عبادت اوربالخصوص نمازکے ذریعہ اس کا سامنا کرنا چاہئے اوریہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم پرجوبھی مصائب اورمشکلات آتی ہیں یہ ہمارے اپنے کرتوتوں کا نتیجہ ہوتی ہیں اس لیے مصائب کے وقت سب سے پہلے ہمیں اپنے اعمال پرنظرثانی کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہارابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر مولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی نے سنٹرکی جامع مسجد ابوبکر صدیق، جوگابائی، نئی دہلی میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔
شریعت اسلامیہ کی خلاف ورزی سے توبہ کرنے کی اپیل
مولانا محمد رحمانی مدنی نے ملکی احوال اورماہ مبارک میں مسلمانوں کے احوال اورکیفیت کے تناظرمیں خطاب کیا۔ انہوں نے ماہِ رمضان کی مناسبت سے رسول اکرم صلوسلم علیہ کے فرمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ”آپ نمازعشاء سے قبل آرام کرنے اورنمازعشاء کے بعد گفتگوکرنے کوناپسند فرماتے تھے۔“ کے تناظر میں مسلم علاقوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت میں کھانے، پینے کے ہوٹلوں پرپوری رات گزارنا اوربازاروں کی رونق بننا اسلامی تعلیمات کے خلاف عمل ہے اللہ تعالیٰ نے رات کوآرام اورعبادت کے لیے بنایا ہے وقت برباد کرنے اور گفتگو کرنے کے لیے نہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے عمل پرنظرثانی کریں اورشریعت اسلامیہ کی تعلیمات کی خلاف ورزی سے توبہ کریں نیز پوری پوری رات وقت ضائع کرنے اورصرف کھانے پینے اور چغل خوری اور غیبت نیز ہر قسم کے جرائم اور نشہ آور چیزوں کے استعمال سے مکمل اجتناب کریں اور بچیں۔
پورے سال مساجد کو آباد رکھنے کی اپیل
صدر، ابوالکلام آزاد اسلامک سینٹرنے ماہ رمضان میں مسلمانوں کے مساجد سے جڑنے کوخوش آئند قراردیا، لیکن اپیل کی کہ مساجد کے حقوق کوبھی سمجھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے مساجد کوآباد کرنے والوں کی صفات کا سورہ توبہ میں تذکرہ فرمایا ہے۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ ان صفات پرکھرا اتریں۔ یعنی اللہ پرایمان اوریوم آخرت پرایمان کے تقاضوں کی تکمیل کرکے غیبی امورپرایمان کا حق ادا کریں، نیزنمازقائم کریں اوراس کے ذریعہ اپنا جسمانی حق ادا کریں نیززکاۃ ادا کرکے مال کا حق ادا کریں۔ نیزاللہ رب العالمین کے علاوہ کسی سے نہ ڈریں یہ وہ صفات ہیں جومساجد کو آباد کرنے والوں کے اندر موجود ہونی چاہئیں۔ لہٰذا ہم رمضان المبارک میں صرف مساجد کو آباد نہ کریں بلکہ ان صفات کوپیداکرکے آئندہ کے لیے بھی مساجد سے جڑے رہنے کا عزم مصمم کریں۔
قرآن مجید کو اقوال صحابہ اور احادیث صحیحہ کی روشنی میں سمجھنا ضروری
مولانا محمد رحمانی نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں مسلمان قرآن مجید سے بھی اپنا رشتہ جوڑلیتا ہے جبکہ قرآن مجید کوبھی سلف صالحین کے طریقہ پر سمجھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ امیرالمومنین عمررضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ عنقریب ایسے افراد آئیں گے جوقرآن مجید کے شبہات کے ذریعہ تم کو گمراہ کریں گے۔ لہٰذا تم ان کا مقابلہ سنت رسول سے کرنا کیونکہ سنت رسول کا علم رکھنے والے قرآن مجید کوزیادہ گہرائی سے سمجھتے ہیں۔ آج مسلم معاشرے میں قرآن مجید کورائے اورعقلی فہم کی بنیاد پرسمجھنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جبکہ قرآن مجید کواقوال صحابہ اوراحادیث صحیحہ کی روشنی ہی میں سمجھنا ضروری ہے ورنہ گمراہی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں لگے گا۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ صبراورنمازکے ذریعہ اللہ کی مدد حاصل کریں اور ملکی احوال کیسے بھی ہوں صبر کا دامن نہ چھوڑیں اورقانون کے دائرہ میں زندگی گزاریں۔ نیزمساجد کے اورقرآن مجید کے حقوق ادا کریں اوراللہ سے اپنا رشتہ مضبوط رکھیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
روس کے علاوہ کئی دیگر ممالک نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس…
موجودہ بارش معمول کی بارش نہیں ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی مقامات پر عام…
وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان اپنے دفاع کے حق کا…
اس دوران محصولات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر سریش پجاری نے بتایا کہ آبی ذخیرے…
بتایا جا رہا ہے کہ طالبات کے ہاسٹل کے قریب سے طلبہ کا احتجاج شروع…
ایشین گیمز 2026 کے اسکواش مکسڈ ڈبلز مقابلے میں جوشنا چناپا اور ویلون سینتھل کمار…