نئی دہلی: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ سب سے زیادہ سعادت مند مسلمان وہ ہے، جوفتنوں سے محفوظ رہے اوریہ ایک مسلمان کی خوبی اور لازمی صفت ہے کہ وہ سب کے لیے خیرخواہ ہوتا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بارفرمایا کہ دین خیر خواہی کا نام ہے۔ صحابہ کرام نے دریافت کیا کہ کس کے لئے خیرخواہی کا نام ہے تو آپ نے فرمایا (۱) اللہ کے لیے یعنی اس کے حقوق ادا کیے جائیں اوراس کا حکم تسلیم کیا جائے نیزاس کی توحید کے تقاضوں کی تکمیل کی جائے اور(۲) اللہ کی کتابوں کے لیے بھی دین خیرخواہی کا نام ہے۔ یعنی کتابوں پرایمان لایا جائے اوراس کے حقوق کی تکمیل کی جائے اوراس کے احکامات کوشریعت کے ضوابط کی روشنی میں اختیارکیا جائے۔ (۳) اسی طرح دین رسولوں کے لیے بھی نصح وخیرخواہی کا نام ہے یعنی رسولوں کی تعلیم اوران کی دعوت کے مقاصد کوسمجھا جائے اوران کے حقوق کو ادا کیا جائے(۴) اوردین اسلام مسلم ائمہ اورحکام کے لیے بھی خیرخواہی کا نام ہے اوراس کا مطلب یہ ہے کہ حکام کوبرا بھلا نہ کہا جائے، ان کے خلاف آوازنہ اُٹھائی جائے اورنہ بغاوت کی جائے بلکہ ان سے متعلق شریعت اسلامیہ کے احکامات کی پابندی کی جائے وغیرہ اورحکام کی سمع وطاعت اوراحترام کویقینی بنایا جائے(۵) اورعام مسلمانوں کے لیے دین نصح وخیرخواہی کا نام ہے یعنی عام مسلمانوں کی ہدایت کے لیے ان کی صحیح رہنمائی کی جائے اوران کومنکرات کواپنانے سے روکا جائے، معروف کا حکم دیا جائے اورآخرت کی بھلائی اورکامیابی کے راستوں کی جانب ان کی رہنمائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہارابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر مولانا محمدرحمانی سنابلی مدنی نے سینٹرکے اعلیٰ تعلیمی واقامتی ادارہ جامعہ اسلامیہ سنابل کی جامع مسجد عمربن الخطاب میں خطبہ جمعہ کے دوران کیا۔
مولانا محمد رحمانی نے فتنوں سے بچنے کے اسباب سے متعلق خطاب فرمارہے تھے۔ مولانا نے 6 اسباب کا ذکرکیا جودرج ذیل ہیں: (۱) فتنوں سے بچنے کا سب سے اہم اورمضبوط ذریعہ اورسبب اللہ کا تقوی اختیار کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں تقوی کوراستے کھولنے اورراستوں کو آسان کرنے کا ذریعہ بتایا ہے اور جب تابعین کے دورمیں فتنے بڑھ گئے تولوگوں نے اس دورکے امام طلق بن حبیب رحمہ اللہ سے اس کا حل پوچھا توانہوں نے فرمایا: ”اتقوہا بالتقوی“ فتنوں سے تقوی کے ذریعہ بچو۔
(۲) فتنوں سے بچنے کا ایک اہم سبب سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اورقرآن مجید کولازم پکڑنا ہے۔ یہ عزت ووقار کے حصول کا ذریعہ ہے۔ امام مالک رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سنت نوح علیہ السلام کی کشتی ہے جواس میں سوار ہوگا وہ نجات پاجائے گا اور جو اس پر سوار نہیں ہوگا وہ ڈوب کر ہلاک ہوجاتا ہے اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ارشاد فرمایا کہ تم میں سے جومیرے بعدزندہ رہے گا وہ بہت سارے اختلافات دیکھے گالہٰذا ایسے وقت میں تم سنت کولازم پکڑنا۔
(۳) نرمی، صبروتحمل، جلدبازی نہ کرنا اورانجام پرنظر رکھنا بھی فتنوں سے بچنے کا اہم سبب ہے جبکہ آج کل دین کی تعلیم کے لیے بھی مختصر اورشارٹ راستے تلاش کیے جاتے ہیں اورشارٹ کورسز کراکے آن لائن علما بھی تیار کیے جاتے ہیں جبکہ یہ موجودہ دور کا بڑا فتنہ ہے اورعلماء اورطالبان علوم نبوت بھی اس سے متاثر نظر آرہے ہیں۔
(۴) مسلمانوں کی جماعت کولازم پکڑنا اور اجتماعیت اختیار کرکے انتشار اور تفرقہ سے بچنا بھی فتنوں سے محفوظ رہنے کا اہم سبب ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اجتماعیت کورحمت اور تفرقہ کوعذاب قرار دیا ہے اورر ب کائنات کا ہاتھ جماعت پر ہوتا ہے اسی لیے اسلام نے اجتماعیت پر ابھارا ہے اورتفرقہ سے پرہیز کی تلقین کی ہے۔
(۵) راسخ اور محقق علماء کولازم پکڑنا بھی فتنوں سے بچنے کے لیے لازم اور ضروری ہے کیوں کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں اوراگریہ علماء نہ ہوتے توعوام چوپایوں کی طرح گمراہ اورلاچارہوتی اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جس محجت بیضاء (واضح راستہ) کا تذکرہ فرمایا ہے جوراستہ ہدایت کی ضمانت اور جسے چھوڑنا ہلاکت ہے، یہ واضح راستہ بھی علماء ہی کی رہنمائی میں تلاش کیا جاسکتا ہے اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے غیرعلماء اورموجودہ دورکے جاہل واعظین سے متعلق فرمایا تھا کہ یہ خود بھی گمراہ ہوتے ہیں اورلوگوں کوبھی گمراہ کرتے ہیں۔ تو حقیقی اورراسخ علما کولازم پکڑنا بھی انتہائی اہم سبب ہے۔
(۶) فتنوں سے بچنے کا ایک بنیادی اورہم سبب اللہ سے رشتہ کومضبوط کرنا اوردعاؤں کااہتمام کرنابھی ہے۔ اللہ ہر رات کے پچھلے پہر آسمان دنیا پر نزول فرما کر اپنے بندوں کو پکارتا ہے، لیکن بندے غفلت کا شکارہوجاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے خود فرمایا کہ میں پکارنے والے کی پکاراوردعا کوسنتا ہوں۔ اخیرمیں فتنوں سے بچنے کی اپیل اوربالخصوص اساتذہ اورطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل سے ان امورکولازم پکڑنے کی اپیل اوردعائیہ کلمات پرخطبہ ختم ہوا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
چمپئنز ٹرافی کے لیے چھ ٹیموں نے اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ صرف…
یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری میعاد کا پہلا بجٹ اجلاس ہوگا۔ مودی حکومت…
اے سی پی نوئیڈا ون نے کہا کہ اس پہل کے تحت 3,000 کمبل، 2,400…
کمار وشواس کی اس شاعرانہ پیشکش میں گیت، سنگیت اور شاعری کا شاندار تال میل…
وہیں گوتم اڈانی کا کمبھ میلے کا طے شدہ ذاتی دورہ کمیونٹی کی خدمت کے…
ونیش پھوگٹ نے پی سی کے دوران کہا، "او بی سی میں جاٹ برادری کے…