مہاراشٹر میں 15 جنوری کو میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن اور بی ایم سی انتخابات سے پہلے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی اور مہایوتی اتحادیوں نے بغیر کسی مخالفت کے تقریباً 68 سیٹوں پر برتری حاصل کر لی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا ہے کہ حکمران اتحاد نے امیدواروں کو انتخابات سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنے کے لیے دھمکیوں اور پیسے کا استعمال کیا۔ بی جے پی لیڈر کیشو اپادھیائے نے جمعہ کو کہا کہ ریاست بھر میں بی جے پی اور مہایوتی کے 68 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں، جو کہ شہری بلدیاتی اداروں میں پارٹی کی بڑھتی ہوئی طاقت کو ظاہر کرتے ہیں۔ اس میں بی جے پی کے 44 کونسلر شامل ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد تھانے ضلع کے کلیان-ڈومبیوالی میونسپل کارپوریشن سے ہے، اس کے بعد پونے، پمپری چنچواڑ، پنویل، بھیونڈی، دھولے، جلگاؤں اور اہلیا نگر کا نمبر آتا ہے۔ پونے کے وارڈ نمبر 35 سے بی جے پی امیدوار منجوشا ناگپورے اور شریکانت جگتاپ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ ایسا اس لیے ہوا کہ ان کے مخالفین نے اپنے نامزدگی فارم واپس لے لیے۔ دونوں اسی وارڈ سے 2017 اور 2022 کے درمیان منتخب ہوئے تھے۔
جیت کے لیے سب نے اپنی اپنی پارٹی کی بہتر حکمت عملی کی تعریف کی
مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر مرلی دھر موہول نے پارٹی کی جیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پونے کا اگلا میئر ان کی پارٹی سے ہوگا۔ موہول نے دعویٰ کیا کہ ٹارگٹ 125 سیٹیں ہیں، جن میں سے ہم پہلے ہی دو جیت چکے ہیں، اس لیے 123 سیٹیں بچی ہیں۔ دو سیٹیں بغیر کسی مخالفت کے جیتی گئیں، یہ ہماری پارٹی کی گڈ گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایکناتھ شندے کی پارٹی کی بات کریں تو شندے کی شیو سینا کے 22 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جب کہ اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صرف دو امیدوار ہی منتخب ہوئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں نے اس جیت کا سبب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی مقبولیت اور ریاستی بی جے پی صدر رویندر چوان کی کامیاب انتخابی حکمت عملی کو قرار دیا۔
ایک دن بنگلہ دیش اور نیپال کی طرح یہاں بھی عوامی بغاوت ہوگی
وہیں شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راوت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریٹرننگ افسران کو رات گئے تک امیدواروں سے دستبرداری قبول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ ’لوک تنتر‘کے نام پر ’بھیڑ تنتر‘ ہے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ایک دن بنگلہ دیش اور نیپال کی طرح یہاں بھی عوامی بغاوت ہوگی۔ اس سے قبل جمعہ کو شیو سینا نے دعویٰ کیا تھا کہ 131 رکنی تھانے میونسپل کارپوریشن کے لیے اس کے پانچ امیدوار بغیر مخالفت کے منتخب ہوئے ہیں۔ مہاراشٹرا کے تھانے ضلع میں بھیونڈی-نظام پور میونسپل کارپوریشن (بی این ایم سی) کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ اس کے چھ امیدوار بغیر مخالفت کے منتخب ہوئے۔ دریں اثنا، ایک عہدیدار نے جمعرات کو بتایا کہ تین شیوسینا امیدواروں اور ایک بی جے پی امیدوار کو تھانے ضلع میں کلیان ڈومبیوالی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ کے بعد بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بالی ووڈ اداکار راج پال یادو کی مشکلات ایک بار پھر بڑھتی نظر آرہی ہیں۔…
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے پر احتجاج کے دوران واقعہ، نامعلوم…
سوئس صدر گائے پرمیلن کے دورۂ ہند کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پانچ اہم…
انڈیگو نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف)…
بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی تنظیم سمادھان ابھیان…
2026 کے نوبیل انعامات کے شیڈول کے مطابق پیر کو میڈیسن کے انعام کا اعلان…