قومی

Manali paralyzed by snow: برف باری سے منالی میں زندگی مفلوج، قومی شاہراہ بند، 48 گھنٹوں سے مسلسل برف باری، گاڑیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہوئے سیاح

منالی (ہماچل پردیش): گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کے باعث سیاحتی مقام منالی میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ قومی شاہراہوں کے بند ہونے سے سینکڑوں سیاح سخت سردی میں پھنس گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر ٹھپ ہو چکی ہے۔ مسلسل ایک سے دو فٹ تک برف جمع ہونے اور سڑکوں پر خطرناک بلیک آئسنگ کے باعث منالی کے قریب قومی شاہراہ کے تقریباً 7 سے 8 کلومیٹر حصے پر ٹریفک معطل ہے۔ اس صورتحال میں کئی سیاحوں کو اپنی گاڑیاں چھوڑ کر گھٹنوں تک برف میں پیدل سفر کرنا پڑا۔

سیاحوں کو 10 سے 20 کلومیٹر پیدل چلنا پڑا

منالی پہنچنے کی کوشش کرنے والے متعدد سیاحوں کو سامان کے ساتھ 10 سے 20 کلومیٹر تک پیدل چلنا پڑا، جو بچوں اور بزرگوں کے لیے نہایت دشوار ثابت ہوا۔ وہیں منالی سے باہر جانے والے سیاح بھی شدید ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کئی گاڑیاں 24 گھنٹے سے زائد وقت تک سڑک پر پھنسیں رہیں، جہاں مسافروں نے شدید سرد موسم میں گاڑیوں کے اندر ہی رات گزاری۔ متاثرہ افراد کو نہ کھانے پینے کی سہولت میسر تھی اور نہ ہی پینے کے پانی یا بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولیات دستیاب تھیں۔

ٹیکسی ڈرائیور کی فریاد: انتظامیہ نے مدد نہیں بھیجی

چنڈی گڑھ سے تعلق رکھنے والے ٹیکسی ڈرائیور بنتی نے بتایا: ’’میں ایک ٹریولر کے ساتھ یہاں آیا ہوں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں سے شدید برف باری ہو رہی ہے۔ گاڑی میں سوار مسافر بے بس ہیں، نہ کھانے کو کچھ ہے نہ پینے کا پانی۔ ہم کل سے اس جام میں پھنسے ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے نہ کوئی جے سی بی بھیجی گئی اور نہ ہی کوئی مدد پہنچی۔ برف باری شروع ہوتے ہی سڑکیں صاف کرنی چاہیے تھیں۔‘‘

سیاحوں کی پریشانی: نہ کھانا، نہ بیت الخلاء

گجرات سے آئے سیاح ہرپال سنگھ نے اپنی مشکل بیان کرتے ہوئے کہا: ’’میں کل خاندان کے ساتھ آیا تھا اور پوری رات اس گاڑی میں ٹریفک جام میں گزارنی پڑی۔ آس پاس نہ کھانے کی سہولت ہے اور نہ عوامی بیت الخلاء۔ ہم کل سے اب تک صرف 200 میٹر ہی آگے بڑھے ہیں۔ انتظامیہ کو کچھ کرنا چاہیے۔‘‘

موسم کی وارننگ کے باوجود سیاحوں کی آمد

مقامی رہائشی شیوبیاس نے کہا کہ گزشتہ رات سے شدید برف باری کے باعث سیاح انتہائی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا: ’’سیاحوں نے رات گاڑیوں میں گزاری۔ کئی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں اور لوگ بے چینی کا شکار ہیں۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ بھی جاری کیا تھا، اس کے باوجود سیاح یہاں پہنچ گئے۔ ٹریفک 24 گھنٹوں سے زیادہ وقت سے جام ہے اور سردی کی وجہ سے کئی لوگوں کی طبیعت خراب ہو رہی ہے۔‘‘ انتظامیہ کی جانب سے تاحال ٹریفک کی مکمل بحالی ممکن نہیں ہو سکی ہے، کیونکہ علاقے میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی ریسکیو اور سڑک صاف کرنے کی کارروائیاں تیز کی جائیں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Prime Minister Narendra Modi: ’مکسڈ مارشل آرٹس میں بھارت کا تاریخی کمال…‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے سچیکا تاریال کو دی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سچیکا تاریال کو مبارکباد…

37 minutes ago

Student Death DJ Noise: بلرام پور، گنیش وسرجن کے دوران طالبہ کی اچانک موت، ڈی جے کی تیز آواز پر اٹھے سوال

ڈیوائن پبلک اسکول کی طالبہ کی وسرجن تقریب کے دوران اچانک طبیعت بگڑی، بعد میں…

2 hours ago