نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ ’بھارت ایکسپریس اردو‘ کے تیسرے نیشنل کانکلیو ’بزمِ صحافت‘ میں مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرین رجیجو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اردو کسی خاص مذہب یا طبقے کی زبان نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی اپنی مٹی سے پیدا ہونے والی ہندوستانی زبان ہے۔ انہوں نے اردو کو ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی ایک اہم علامت قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کو اس کی خوبصورتی سے جوڑنے پر زور دیا۔ ہلکے پھلکے انداز میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے نوجوانوں کو اگر سچی محبت کرنی ہے تو انہیں اردو ضرور سیکھنی چاہیے۔
اردو کسی ایک مذہب یا ملک کی زبان نہیں
کرین رجیجو نے اردو کو سرحد پار سے جوڑنے والی غلط فہمیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ غلطی سے اردو کو پاکستان کی زبان سمجھتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ تقسیم کے بعد صرف لوگ وہاں گئے، زبان کا جنم ہندوستان کی سرزمین پر ہی ہوا۔ انہوں نے اردو کو خالص ہندوستانی زبان قرار دیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اردو ایک بہت مالا مال زبان ہے، لیکن اسے صرف خوش حال یا مخصوص طبقے تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اردو عام انسان کی زبان ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق یہ غلط تصور قائم ہوگیا تھا کہ اردو صرف درباروں، شاعروں یا بہت زیادہ پڑھے لکھے لوگوں کی زبان ہے، جبکہ حقیقت میں یہ دل کی بات کہنے کا ایک نہایت خوبصورت اور آسان ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والوں کے انداز میں شائستگی، سنجیدگی اور تہذیب نظر آتی ہے۔ اس زبان میں ایک خاص کشش ہے جو انسان کے اظہار کو مزید خوبصورت بنا دیتی ہے۔
’اردو نہ ہوتی تو وہ لازوال نغمے نہ بنتے‘
ہندوستانی سنیما اور موسیقی میں اردو کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کرین رجیجو نے کہا کہ وہ نئے گانوں کے مقابلے میں پرانے نغمے سننا زیادہ پسند کرتے ہیں، کیونکہ پرانے گیتوں میں اردو کے بہترین الفاظ کا خوبصورت استعمال ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے ساحر لدھیانوی اور نوشاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اردو زبان نہ ہوتی تو ہندوستانی سنیما کے گیت شاید کبھی اتنے خوبصورت اور لازوال نہ بن پاتے۔
نوجوانوں کو اردو سے جوڑنا ضروری
آج کی نوجوان نسل کے ڈیجیٹل رجحان کا ذکر کرتے ہوئے کرین رجیجو نے کہا کہ نوجوان آج انسٹاگرام اور سوشل میڈیا کی دنیا میں مصروف رہتے ہیں۔ اگر اردو کو آگے بڑھانا ہے تو نئی نسل کو اس زبان کی خوبصورتی اور شیرینی سے روشناس کرانا ہوگا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگر عشق کرنا ہے تو اردو سیکھنا ضروری ہے، کیونکہ اردو سے جڑتے ہی محبت مزید پختہ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اردو آج ایک بین الاقوامی زبان بن چکی ہے اور خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں بھی اس کے بہت سے الفاظ عربی کے ساتھ گھل مل گئے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کے لیے درازیٔ عمر کی دعا
خطاب کے اختتام پر مرکزی وزیر نے 17 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ 140 کروڑ ملک کے باشندوں کے ساتھ مل کر 2047 تک ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے عزم کو پورا کرنے کے لیے خدا وزیر اعظم کو طویل عمر اور بھرپور طاقت عطا کرے۔کرین رجیجو نے اس موقع پر اردو کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
سرکاری محکموں میں خالی منظور شدہ عہدوں کو ایک سال کے اندر پُر کرنے کا…
17 ستمبر سے 17 اکتوبر تک ’سیوا سنکلپ ابھیان‘، وارانسی سے وڈ نگر اور وڈ…
شاہنواز حسین نے کہا، اردو کو بھلائے جانے کے دور میں اپیندر رائے اسے آگے…
سابق وزیر رام آسرے کشواہا نے بی جے پی چھوڑ کر سماج وادی پارٹی کی…
76ویں سالگرہ پر مرکزی وزرا اور این ڈی اے رہنماؤں نے وزیر اعظم کی عوامی…
امت شاہ کے 2029 سے پہلے این ڈی اے کی زیرِ حکومت 21 ریاستوں میں…