اقوامِ متحدہ: اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں بھارت نے جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کو سخت جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کا ترقیاتی بجٹ پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ملنے والے بیل آؤٹ پیکیج سے بھی زیادہ ہے۔ بھارتی سفارت کار انوپما سنگھ نے پاکستان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان حقیقت سے دور ’’خوابوں کی دنیا‘‘ میں رہ رہا ہے اور عالمی پلیٹ فارمز پر بار بار بے بنیاد پروپیگنڈا دہراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بھارت کے خلاف دیے گئے بیانات کے جواب میں اپنا حقِ جواب استعمال کرنا پڑا۔ انوپما سنگھ کے مطابق بھارت ان تمام الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، جبکہ او آئی سی پاکستان کے بیانیے کو دہرا کر خود کو ایک رکن ملک کے سیاسی مفادات تک محدود کر چکی ہے۔
بھارتی نمائندہ نے پاکستان کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ شاید اسلام آباد اس حقیقت کو قبول نہیں کر پا رہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے مختص بجٹ آئی ایم ایف سے حاصل حالیہ مالی امداد سے دگنا سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے باوجود جموں و کشمیر سیاسی، معاشی اور سماجی میدانوں میں مسلسل ترقی کر رہا ہے۔
انوپما سنگھ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی فورمز پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے اندرونی سیاسی اور معاشی بحرانوں پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ دنیا اب اس کے بیانیے اور حقیقت کے درمیان فرق کو سمجھ چکی ہے۔
پاکستان کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی سفارت کار نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ان کے مطابق ریاست کا بھارت میں الحاق مکمل طور پر قانونی تھا اور یہ بھارتی آزادی ایکٹ 1947 اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق انجام پایا۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر (پی او کے) کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اصل تنازع صرف ان بھارتی علاقوں پر پاکستان کا ’’غیر قانونی قبضہ‘‘ ہے، جنہیں خالی کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے ملک سے جمہوریت پر لیکچر سننا مشکل ہے جہاں حکومتیں اکثر اپنی آئینی مدت مکمل نہیں کر پاتیں۔
بھارتی نمائندے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں ریکارڈ ووٹنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں کے عوام نے دہشت گردی اور تشدد کے نظریے کو مسترد کرتے ہوئے ترقی اور جمہوری نظام پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب ریل برج کے افتتاح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری ترقیاتی منصوبے پاکستان کے دعوؤں کی نفی کرتے ہیں اور ثابت کرتے ہیں کہ پاکستان زمینی حقائق سے لاعلم ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے پر ’مودی اسٹوری‘ نامی ایکس ہینڈل…
نیِم کرولی بابا کی زندگی اور ان کی مذہبی تعلیمات پر مبنی فلم ’ہنومان انش‘…
مرکزی وزیر برائے ریل اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی…
اردو زبان کی ترویج اور اس کے فروغ کے لیے خدمات اور خصوصی تعاون پر…
اتر پردیش کو 4 حصوں میں تقسیم کرنے کے اوم پرکاش راج بھر کے بیان…
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ…