قومی

Bharat Express Award: اقبال اشہر ’بھارت ایکسپریس اردو‘، انامکا جین امبر ’بھارت ایکسپریس ہندی‘ اور ہمانشی بابرہ ’ستارۂ سخن ایوارڈ‘ سے سرفراز

نئی دہلی: معروف شاعر اقبال اشہر کو اردو شاعری میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’بھارت ایکسپریس اردو ایوارڈ 2026‘ انامکا جین امبر کو ہندی شاعری کے میدان میں ان کی شناخت کے اعتراف میں ’بھارت ایکسپریس ہندی سمان 2026‘ اور اردو شاعری میں نوجوان نسل کی نمائندگی کرنے والی مقبول شاعرہ ہمانشی بابرہ کو ’ستارۂ سخن ایوارڈ 2026‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز نئی دہلی کے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے زیر اہتمام اور قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے اشتراک سے ’بزم صحافت‘ کے تحت منعقدہ ’اردو صحافت کانکلیو‘ کے دوران پیش کیا گیا۔

’بھارت ایکسپریس اردو ایوارڈ 2026‘ سے سرفراز معروف شاعر اقبال اشہر کا شاعری سے رشتہ محض اظہارِ خیال تک محدود نہیں بلکہ یہ ان کی زندگی اور احساسات کا ایک اہم حصہ ہے۔ اردو شاعری کی روایت سے جڑے رہتے ہوئے اپنے عہد کے تجربات اور جذبات کو شعری پیکر عطا کرنا ان کے تخلیقی سفر کا بنیادی حوالہ رہا ہے۔ ’بھارت ایکسپریس ہندی سمان 2026‘ حاصل کرنے والی معروف شاعرہ انامکا جین امبر کے لیے شاعری احساسات کو آواز دینے اور سماج سے مکالمہ کرنے کا وسیلہ ہے۔ اپنے شعری سفر میں انہوں نے محبت، انسانی رشتوں، معاشرتی احساسات اور زندگی کے مختلف رنگوں کو اپنی تخلیقات کا حصہ بنایا ہے۔ ’ستارۂ سخن ایوارڈ 2026‘ سے نوازے جانے پر نوجوان شاعرہ ہمانشی بابرہ کی اردو شاعری سے وابستگی ایک ایسے سفر کی مانند ہے جس میں روایت اور عہدِ حاضر کے احساسات ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے نئی نسل کے جذبات، محبت، رشتوں اور زندگی کے تجربات کو اظہار دینے کی کوشش کی ہے۔

اس کانکلیو میں اردو زبان، اردو صحافت، ادب اور سیاسی مکالمے سے متعلق مختلف اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ کانکلیو کے افتتاحی اجلاس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی و پارلیمانی امور،کرن رجیجو نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین، راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ اور سینئر صحافی شاہد صدیقی اور قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات کے کارگزار چیئرمین پروفیسر (ڈاکٹر) شاہد اختر شامل تھے۔ بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے ڈائریکٹر اینڈ گروپ مینیجنگ ایڈیٹر رادھے شیام رائے نے کلیدی خطبہ، جبکہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شمس اقبال نے تعارفی کلمات ادا کیے۔ بھارت ایکسپریس اردو کے ایڈیٹر ڈاکٹر خالد رضا خان نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ بھارت ایکسپریس اردو کے چیف سب ایڈیٹر ڈاکٹر نثار احمد خان نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

کانکلیو کے آخری سیشن میںاردو اکادمی، دہلی کے اشتراک سے آل انڈیا مشاعرہ و کوی سمیلن کا شاندار انعقاد ہوا، جس میں اقبال اشہربطور صدر، ڈاکٹر سید فاروق نے مہمان خصوصی اور شالنی سنگھ نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی،جبکہ نظامت کے فرائض معین شاداب نے انجام دیے۔ شعرامیں پروفیسر رحمان مصور، ڈاکٹر انادہلوی، علینا عترت، اختراعظمی،انامکا جین امبر، انس فیضی، ڈاکٹر حبیب الرحمٰن، ڈاکٹر خوشبو پروین، سفیر صدیقی اور ڈاکٹر نوازش طالب نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد وصول کی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

UPITS 2026: یو پی آئی ٹی ایس 2026، 25 ستمبر سے گریٹر نوئیڈا میں سجے گا اتر پردیش کا بڑا تجارتی میلہ، امت شاہ کریں گے افتتاح

پانچ روزہ بین الاقوامی تجارتی میلے میں اتر پردیش کی صنعت، برآمدات، ٹیکنالوجی، دستکاری اور…

2 minutes ago