قومی

PHDCCI Post Budget Session: پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس میں صنعتکاروں نے بجٹ کو ’آتم نربھر بھارت‘ کی مضبوط بنیاد قرار دیا

نئی دہلی: بدھ کے روز نئی دہلی میں پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PHDCCI) کے زیر اہتمام مرکزی بجٹ 2026-27 پر پوسٹ بجٹ اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کے اعلیٰ افسران، ماہرین اقتصادیات اور صنعت و تجارت سے وابستہ سرکردہ شخصیات نے بجٹ کی اصلاحی سمت، مالی پالیسی اور کاروباری اثرات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ شرکاء نے بجٹ کو ’آتم نربھر بھارت‘ (خود کفیل بھارت) کے وژن کی جانب ایک مضبوط قدم قرار دیتے ہوئے اسے ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے لیے نہایت مثبت بتایا۔

ٹیکس نظام میں بنیادی اصلاحات

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خزانہ کے ریوینیو سکریٹری اروند شریواستو نے کہا کہ بجٹ 2026-27 کے ذریعے ملک کے ٹیکس نظام میں بنیادی اور انقلابی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ٹیکس دہندگان کو بااختیار بنانا اور غیر ضروری قانونی پیچیدگیوں کو کم کرنا ہے۔ ان کے مطابق ریٹرن میں ترمیم کی مدت میں توسیع، جانچ کے دوران بھی ریٹرن اپڈیٹ کرنے کی سہولت، اسیسمنٹ اور جرمانے کا بیک وقت نفاذ جیسے اقدامات سے ٹیکس تنازعات میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب ٹیکس نظام کو لین دین پر مبنی جانچ سے ہٹا کر اعتماد پر مبنی تعمیل (Trust-based Compliance) کی جانب لے جایا جا رہا ہے، جس میں ڈیجیٹل اور رسک بیسڈ مانیٹرنگ کلیدی کردار ادا کرے گی۔

تیز اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھاتا ہے بجٹ

چیف اقتصادی مشیر ڈاکٹر وی اننت ناگیشورن نے کہا کہ یہ بجٹ 2025 سے شروع ہونے والے تیز رفتار اصلاحاتی عمل کو مزید مضبوط کرتا ہے اور اقتصادی سروے کے اہداف کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے شہروں کو اقتصادی ترقی کے انجن کے طور پر ترقی دینے، ایم ایس ایم ای سیکٹر کو کریڈٹ گارنٹی اور مینوفیکچرنگ فنڈ کے ذریعے مستحکم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 12.2 لاکھ کروڑ روپے کا ریکارڈ انفراسٹرکچر سرمایہ کاری پیکیج اور مالی خسارے پر کنٹرول سے ملک کو پائیدار اور مستحکم ترقی کی بنیاد حاصل ہوگی۔

فیصلہ کن موڑ پر بھارتی معیشتا

PHDCCI کے سینئر نائب صدر انیل گپتا نے کہا کہ یہ بجٹ ایسے وقت آیا ہے جب بھارتی معیشت ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے۔ انہوں نے بجٹ کو حکومت کے مالی نظم و ضبط، تیز رفتار ترقی اور ’وکست بھارت‘ وژن سے وابستگی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے SME گروتھ فنڈ، پرانے صنعتی کلسٹرز کی بحالی اور روزگار بڑھانے والی اسکیموں کو صنعتوں کے لیے نہایت مثبت قدم بتایا۔

صنعتی تجاویز کو بجٹ میں جگہ ملی

ڈائریکٹ ٹیکس کمیٹی کے چیئرمین مکل بگلا نے کہا کہ بجٹ میں صنعت کی کئی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے TCS کی شرح میں کمی، ریٹرن ترمیم کی مدت میں توسیع اور جرمانہ نظام کی سادگی کو خوش آئند قرار دیا، تاہم ذاتی انکم ٹیکس کی بلند شرح اور زیر التوا اپیلوں کے تصفیے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

اصلاحات سے کاروباری سہولت بڑھے گی

انڈائریکٹ ٹیکس کمیٹی کے چیئرمین اشوک بترا نے کہا کہ جی ایس ٹی اور کسٹمز سے متعلق تجاویز سے طویل عرصے سے درپیش عملی مشکلات حل ہوں گی، جس سے جی ایس ٹی تنازعات میں کمی اور برآمد کنندگان کو بڑی راحت ملے گی۔

انفراسٹرکچر پر زور سرمایہ کاری کو فروغ دے گا

BFSI کمیٹی کے چیئرمین گرميت چڈھا نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری قرض کا بڑا حصہ سرمایہ جاتی اخراجات کے لیے مختص کیا گیا ہے، جو انفراسٹرکچر پر مبنی ترقی کی واضح تصویر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت کی مضبوط میکرو اکنامک پوزیشن اور عالمی تجارتی معاہدوں کو سرمایہ کاروں کے لیے مثبت اشارہ بتایا۔

ٹیکس نظام کو سادہ اور شفاف بنانے کی بڑی کوشش

ڈائریکٹ ٹیکس کمیٹی کی کو-چیئر پلّوی دنودیا نے کہا کہ بجٹ 2026 سادہ، شفاف اور اعتماد پر مبنی ٹیکس نظام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے 1 اپریل 2026 سے نئے انکم ٹیکس قانون کے نفاذ اور غیر ملکی اثاثوں کے انکشاف کے لیے ایک وقتی راحت اسکیم کا خیر مقدم کیا۔

اصل چیلنج: پالیسیوں کا مؤثر نفاذ

PHDCCI کے سی ای او اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر رنجیت مہتا نے کہا کہ یہ بجٹ مہینوں کی تیاری، ڈیٹا تجزیہ اور حکومت و صنعت کے مسلسل مکالمے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور ان کی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اب سب سے بڑا چیلنج پالیسیوں کو زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے نافذ کرنا ہے۔ اس موقع پر PHDCCI نے بجٹ 2026-27 پر اپنی ایک تفصیلی تجزیاتی رپورٹ بھی جاری کی۔ تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بجٹ کے اہداف کے حصول کے لیے حکومت اور صنعت کے درمیان قریبی تعاون نہایت ضروری ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

UP New Congress President: ارادھنا مشرا بنیں یوپی کانگریس کی نئی صدر، عمران مسعود کار گزار صدر مقرر

ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…

4 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026 کی اختتامی تقریب میں نیرو ڈھانڈا ہوں گی ہندوستان کی پرچم بردار، ٹریپ شوٹر نے 2 گولڈ سمیت جیتے ہیں 3 تمغے

نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…

4 hours ago