رائے پور: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ چھتیس گڑھ کا بستر علاقہ اب نکسل ازم کے خوف سے مکمل طور پر آزاد ہو چکا ہے اور یہاں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ منگل کو جگدل پور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بستر کے عوام کے چہروں پر اب خوف نہیں بلکہ اعتماد، جوش اور روشن مستقبل کی امید صاف دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بندوقوں کے سائے میں جینے کا دور ختم ہو گیا ہے اور پورا بستر اب کھل کر سانس لے رہا ہے۔ امت شاہ نے اپنے خطاب میں نکسل مخالف مہم اور اس کے بعد علاقے کی ترقی سے متعلق منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے چار اہم تاریخوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی اہم تاریخ 13 دسمبر 2023 تھی، جب چھتیس گڑھ میں وشنو دیو سائے کی قیادت میں بی جے پی حکومت قائم ہوئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکز میں پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت موجود تھی، لیکن ریاست میں کانگریس کی حکومت ہونے کی وجہ سے نکسل ازم کے خلاف کارروائیوں میں مطلوبہ تعاون حاصل نہیں ہو سکا تھا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کئی غیر بی جے پی ریاستی حکومتوں نے بھی مرکز کا ساتھ دیا، مگر چھتیس گڑھ کی سابق کانگریس حکومت نے نکسل مخالف مہم میں سنجیدگی نہیں دکھائی۔ امت شاہ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد بستر میں باقی بچے نکسل نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے نئے سرے سے مہم شروع کی گئی۔ انہوں نے دوسری اہم تاریخ 24 اگست 2024 بتاتے ہوئے کہا کہ اس دن تمام ریاستوں کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی میٹنگ کے بعد یہ اعلان کیا گیا تھا کہ 31 مارچ 2026 تک ملک کو نکسل ازم کے دہشت سے مکمل طور پر پاک کر دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بہادری، قربانی اور مسلسل کارروائیوں کے باعث یہ ہدف مقررہ وقت سے پہلے ہی حاصل کر لیا گیا۔
امت شاہ نے کہا کہ تیسری اور سب سے اہم تاریخ 19 مئی 2026 ہے، کیونکہ اس دن نکسل متاثرہ علاقوں میں مکمل ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں تک بعض دانشور یہ دعویٰ کرتے رہے کہ ترقی نہ پہنچنے کی وجہ سے نکسل ازم پھیلا، لیکن حقیقت اس کے برعکس تھی۔ ان کے مطابق نکسل تشدد ہی وہ بڑی رکاوٹ تھا جس کی وجہ سے سڑکیں، تعلیم، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات ان علاقوں تک نہیں پہنچ سکیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے بتایا کہ بستر کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت نے کئی نئی اسکیموں پر کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ”شہید ویر گنڈادھور سیوا ڈیرا“ کا افتتاح کیا گیا ہے، جو پہلے قائم کیے گئے سیکورٹی کیمپوں کو ترقیاتی مراکز میں تبدیل کرنے کی ایک نئی پہل ہے۔ امت شاہ کے مطابق وزارت داخلہ نے نکسل متاثرہ علاقوں میں تقریباً 200 سیکورٹی کیمپ قائم کیے تھے، جہاں سی اے پی ایف، ڈی آر جی اور چھتیس گڑھ پولیس کے جوان تعینات تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب نکسل ازم کے خاتمے کے بعد ان میں سے 70 کیمپوں کو ”شہید ویر گنڈادھور سیوا ڈیرا“ میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں مقامی قبائلی خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اسکیمیں چلائی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ہر قبائلی خاندان کو ایک گائے اور ایک بھینس فراہم کی جائے گی، جبکہ کوآپریٹو ماڈل کے ذریعے دودھ کی خرید و فروخت پورے ملک میں کی جائے گی تاکہ مقامی لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔ امت شاہ نے کہا کہ بستر اب خوف، تشدد اور بندوقوں کی شناخت سے باہر نکل کر ترقی، روزگار، تعلیم اور خوشحالی کی نئی مثال بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے برسوں میں بستر ملک کے ترقی یافتہ اور پُرامن علاقوں میں شمار ہوگا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام دہلی کے دین دیال اپادھیائے پارک پہنچ…
انتخابی کمیشن کی کارروائی اور ووٹر فہرست کی نظرثانی سے متعلق اپوزیشن کا احتجاج، کانگریس…
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے امریکہ…
آئی بی سی کے ذریعے ممبئی کے ٹیک ٹین بی کے سی اور بھارت نگر…
عدالت نے میٹا کو مبینہ قابل اعتراض تصویر ہٹانے کی ہدایت دی، کاکروچ جنتا پارٹی…
AFSPA کے تحت یکم اکتوبر سے نافذ ہوگا حکم، 5 اضلاع کے 13 پولیس تھانوں…