نئی دہلی: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی اور غیر یقینی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بھارت نے اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اسی سلسلے میں لبنان سے 177 بھارتی شہریوں کو بحفاظت وطن واپس لایا گیا ہے جبکہ قطر سے بھی 500 سے زائد بھارتی شہری تجارتی پروازوں کے ذریعے ہندوستان روانہ ہو چکے ہیں۔ بھارتی سفارت خانوں نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی ہیلپ لائنیں فعال کر دی ہیں اور شہریوں کے لیے خصوصی سکیورٹی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم بھارتی سفارت خانے کے مطابق بدھ کے روز 177 بھارتی شہریوں کا پہلا گروپ خصوصی چارٹر پرواز کے ذریعے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوا۔ بیروت کے رفیق حریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لبنان میں تعینات بھارتی سفیر نور رحمان شیخ نے مسافروں کو رخصت کیا اور ان کے محفوظ سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ لبنان میں مقیم بھارتی شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید انخلا کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
ادھر قطر میں مقیم بھارتی شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی سفارت خانے کے مطابق بدھ 11 مارچ کو 500 سے زیادہ بھارتی شہری قطر ایئرویز کی مختلف پروازوں کے ذریعے بھارت کے لیے روانہ ہوئے۔ یہ پروازیں نئی دہلی، ممبئی اور دیگر بھارتی شہروں کے لیے روانہ ہوئیں۔ حکام کے مطابق شہریوں کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے 12 مارچ کو قطر ایئرویز کی دو اضافی پروازیں بھی مقرر کی گئی ہیں جن میں سے ایک نئی دہلی جبکہ دوسری ممبئی کے لیے روانہ ہوگی۔
بھارتی سفارت خانے نے قطر میں مقیم بھارتی برادری کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ اس مقصد کے لیے تین ہیلپ لائن نمبرز 24 گھنٹے فعال رکھے گئے ہیں تاکہ ضرورت مند شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ سفارتی حکام نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر پاسپورٹ سے متعلق خدمات کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ قونصلر سیکشن پورا ہفتہ کھلا رکھا گیا ہے اور ہنگامی درخواستوں پر ایک سے دو دن کے اندر فوری پاسپورٹ جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ ایسے شہری جو سفری دستاویزات کی کمی کے باعث واپس نہیں آ پا رہے، انہیں بھی سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہری کسی بھی مشتبہ شے، ملبے یا نامعلوم دھاتی ٹکڑوں کے قریب نہ جائیں کیونکہ یہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اگر ایسی کوئی چیز نظر آئے تو فوری طور پر مقامی ایمرجنسی سروسز یا سفارت خانے کو اطلاع دی جائے۔ بھارتی حکومت نے واضح کیا ہے کہ خطے میں حالات کے پیش نظر اپنے شہریوں کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی اور انخلا اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ بھارت بھی مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
امریکا نے جمعرات کو ایک بڑا اور چونکا دینے والا فیصلہ کرتے ہوئے انفوسس، ٹی…
ماں بننے کے بعد کترینہ کیف کے وزن کو لے کر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ،…
نئی دہلی میں ایمپاورڈ ٹاسک فورس (ETF) کے 20ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی…
میلے میں ڈسٹری بیوٹرز اور ایجنسیوں کو کمپنی مالکان اور سینئر نمائندگان سے براہِ راست…
بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کے لیڈروں نے سڑکوں پر اتر…
مہاراشٹر کے ممبئی میں جمعرات کو ایک لیبر کیمپ میں بھیانک آگ لگنے کے بعد…