نئی دہلی: نریندر مودی نے ہفتہ کے روز برازیلی صدر لویس اناسیو لولا دا سلوا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو 20 ارب امریکی ڈالر سے آگے لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا مقصد مشترکہ اہداف کے ساتھ تمام شعبوں میں پیش رفت کرنا تھا۔ انہوں نے گلوبل اے آئی امپیکٹ سمٹ میں صدر لولا کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارت-برازیل تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی قیادت کو سراہا۔ مودی نے کہا: ’’میں صدر لولا اور ان کے وفد کا بھارت میں خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ بھارت-برازیل تعلقات کو صدر لولا کے وژن اور متاثر کن قیادت سے ہمیشہ تقویت ملی ہے۔ ان کا یہ دورہ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی توانائی فراہم کرتا ہے۔‘‘
تجارت اور مرکسور معاہدے کی توسیع
وزیرِاعظم نے کہا کہ برازیل، لاطینی امریکہ میں بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صدر کے ہمراہ آنے والا بڑا کاروباری وفد دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا-مرکسور تجارتی معاہدہ کی توسیع سے اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ ’’ہم آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت کو 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور توانائی میں تعاون
وزیراعظم نے بتایا کہ برازیل میں ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے لیے ایک سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، سپر کمپیوٹرز، سیمی کنڈکٹرز اور بلاک چین جیسے شعبوں میں تعاون کو ترجیح قرار دیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی کو جامع ہونا چاہیے اور مشترکہ ترقی کا ذریعہ بننا چاہیے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط ستون قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائیڈروکاربن کے علاوہ قابلِ تجدید توانائی، ایتھنول بلینڈنگ اور پائیدار ایوی ایشن فیول میں بھی اشتراک تیز کیا جا رہا ہے۔ برازیل کی جانب سے گلوبل بایوفیول الائنس میں فعال شرکت کو سبز مستقبل کے لیے مشترکہ عزم قرار دیا گیا۔ اسی طرح کولیشن فار ڈیزاسٹر ریزیلینٹ انفراسٹرکچر کی مشترکہ صدارت کی برازیل کی تجویز کو بھی سراہا گیا۔
سرکاری سطح کی ملاقاتیں اور رسمی استقبال
اس سے قبل وزیراعظم مودی اور صدر لولا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ ان مذاکرات میں وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر، وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ صدر لولا کو راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جہاں ان کا استقبال وزیراعظم مودی اور صدر دروپدی مرمو نے کیا۔ انہوں نے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ برازیل کے صدر اپنے ہمراہ برازیل کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز پر مشتمل ایک وفد بھی لائے ہیں، جو بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
شمال مشرقی ایران کے شہر مشہد سے یہ طیارہ کرمان شاہ کے لیے روانہ ہوا…
یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز کے خلاف لڑائی کی ایک ویڈیو…
آئی ایم ڈی کے مطابق منگل (15 ستمبر) کو دہلی کے کچھ علاقوں میں بونداباندی…
وزیر اعظم نریندر مودی کے 25 سالہ عوامی خدمت کے سفر کے موقع پر 17…
یورپی کمیشن کی صدر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملے کی مذمت کرتے ہوئے…
سیریز کا آخری مقابلہ 17 ستمبر کو اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ ٹاس ہار…