قومی

Pahalgam Terror Attack: وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے کی ملاقات… 20 ممالک کو حملے کے بارے میں دی گئی جانکاری

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کے روز راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات جنوبی کشمیر کے پہلگام میں منگل کو ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد کی گئی، جس میں ایک نیپالی شہری سمیت 26 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا، جن میں سے بیشتر سیاح تھے۔

رپورٹس کے مطابق، وزراء نے صدر کو حملے اور موجودہ صورت حال سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ راشٹرپتی بھون کے دفتر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ملاقات کی تصویر کے ساتھ پوسٹ میں کہا: “امور داخلہ اور باہمی تعاون کے مرکزی وزیر امت شاہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔”

بھارت نے 20 ممالک کے سفیروں کو دی تفصیل

اسی دوران، وزارت خارجہ نے پہلگام دہشت گرد حملے کے حوالے سے امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، اٹلی، قطر، جاپان، چین، روس، جرمنی، فرانس سمیت کئی ممالک کے سفیروں کو بریفنگ دی۔ خارجہ سیکریٹری وکرم مسری نے ان سفیروں کو حملے کے بارے میں 30 منٹ طویل میٹنگ کے دوران معلومات دیں۔ جمعرات کے روز انہوں نے جرمنی، جاپان، پولینڈ، برطانیہ اور روس سمیت دہلی میں تعینات منتخب ممالک کے سفیروں سے بھی بات کی۔

پہلگام حملے کے تناظر میں کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی کے فیصلوں کے تحت، حکومت ہند نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خدمات کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا: “پہلگام دہشت گرد حملے کے تناظر میں سیکیورٹی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق، حکومت ہند نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خدمات کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”

بیان میں مزید کہا گیا کہ: “بھارت کی جانب سے جاری کردہ تمام موجودہ درست ویزے 27 اپریل 2025 سے منسوخ تصور کیے جائیں گے، جبکہ پاکستانی شہریوں کو جاری کیے گئے میڈیکل ویزے صرف 29 اپریل 2025 تک مؤثر رہیں گے۔”

کرتارپور کاریڈور کھلا رہے گا

اٹاری بارڈر سے درست دستاویزات کے ساتھ داخل ہونے والے پاکستانی شہریوں کو 1 مئی تک واپس لوٹنے کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ SVES ویزا رکھنے والے افراد کو 48 گھنٹے سے کم وقت میں واپس جانا ہوگا۔

تاہم، بڑھتے ہوئے تناؤ کے باوجود پنجاب کے ضلع گرداسپور میں واقع کرتارپور کاریڈور کو پاکستان میں واقع کرتارپور صاحب گردوارہ جانے والے زائرین کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، یہ بھی کہا گیا کہ بھارت میں موجود تمام پاکستانی شہریوں کو اپنے ویزا کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ وزارت خارجہ نے بھارتی شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے سختی سے منع کیا ہے۔ پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کو بھی جلد از جلد واپس آنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

فوجی سربراہ جنرل اپیندر دیویدی سری نگر کا دورہ کریں گے

بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اپیندر دیویدی جمعہ کو پہلگام حملے کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر کا دورہ کریں گے۔ وہ بیسرن میں واقع حملے کے مقام کا دورہ کریں گے اور مقامی اعلیٰ فوجی کمانڈرز، 15 کور کمانڈر اور نیشنل رائفلز کے ساتھ موجودہ صورت حال اور تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ حکومت کی آئندہ حکمتِ عملی کے حوالے سے یہ دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔

پہلگام حملے کے ایک دن بعد بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سی سی ایس کی میٹنگ کی صدارت کی تھی، جس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی شریک ہوئے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Mann Ki Baat: عام شہریوں کی کوششوں اور خدمات کو سمجھنے اور ان کا اعتراف کرنے کا سفر، ’من کی بات‘ میرے لیے تیرتھ یاترا سے کم نہیں: وزیراعظم مودی

پروگرام کے دوران وزیراعظم نے پنجاب کے مالوہ علاقے میں روایتی زرعی طریقوں کو دوبارہ…

49 minutes ago

Jaanta Raja’ In Ghaziabad: بھارت ایکسپریس کے سی ایم ڈی اپیندر رائے سمیت اہم شخصیات غازی آباد میں ’جانتا راجا‘ پروگرام ہوں گے شریک

یہ پروگرام ہریدوار کی تنظیم دویہ پریم سیوا مشن کے زیر اہتمام منعقد کیا جا…

1 hour ago

Bihar politics: اپنی پارٹی بنائیں گے اننت سنگھ، جے ڈی یو سے 6 سال کے لیے نکالے جانے کے بعد بڑا اعلان، بہار کی سیاست میں ہلچل

پورے تنازع کی شروعات قانون ساز کونسل کے انتخابات کے دوران ہوئی۔ اننت سنگھ نے…

2 hours ago