بی جے پی نے عیدالفطر 2025 سے متعلق منگل کو’سوغات مودی’ مہم کی شروعات کی ہے۔ اس مہم کے تحت پورے ملک میں 32 لاکھ محروم مسلمانوں کوعید منانے کے لئے خصوصی کٹ دی جارہی ہے، جس کا نام ‘سوغات مودی’ کٹ ہے۔ بی جے پی کے اقلیتی مورچہ نے مسلمانوں کو دیئے جانے والے تحفے کی اس مہم کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ اقلیتی مورچہ کے 32 ہزارکارکنان ملک کی 32 پزارمساجد میں ایک ساتھ مل کرضرورت مند مسلمانوں تک یہ کٹ پہنچائیں گے۔ اس کے لئے ہرمسجد سے تقریباً 100 غریب مسلمانوں کومدد پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بی جے پی کی یہ مہم 25 مارچ 2025 سے شروع ہوئی ہے اوراس کا آغاز نئی دہلی کے غالب اکادمی سے کیا گیا ہے۔
‘سوغات مودی’ کٹ میں کیا ہے خاص؟
‘سوغات مودی’ کٹ میں عیدالفطر کے لئے ضروری سامان شامل ہیں۔ مثلاً سوئیاں، کھجور، ڈرائی فروٹس، بیسن، گھی-ڈالڈہ اورخواتین کے لئے کپڑے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کٹ میں کچھ دیگرضروری چیزیں بھی ہوسکتی ہیں، جوتہوارکے دوران مفید ہوں۔ جانکاری کے مطابق، ‘سوغات مودی’ کٹ میں کپڑے اورکھانے پینے کا سامان ہے۔ اس میں خواتین کے لئے سوٹ، مردوں کے لئے کرتا-پاجامہ، دال، چاول، سوئیاں، سرسو کا تیل، چینی، کپڑے، میوا اورکھجورشامل ہیں۔ اس میں خواتین کے لئے سوٹ،500₹-600₹ کے تقریباً بتائی گئی ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ اسکیم نہ صرف لوگوں کومدد پہنچائے گی بلکہ مسلم کمیونٹی کو’چند دلالوں اورٹھیکیداروں’ کے اثرسے باہرآنے میں بھی مدد کرے گی۔
اپوزیشن نے اٹھائے سوال
بی جے پی نے’سوغات مودی’ مہم کی شروعات کی ہے اوربی جے پی کی اس پہل سے متعلق اپوزیشن پارٹیوں نے سخت ردعمل دیا ہے۔ سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ افضال انصاری نے کہا، ”مسلمانوں کوسوغات نہیں، بس انصاف چاہئے۔” وہیں آرجے ڈی لیڈراور رکن اسمبلی بھائی ویریندرنے کہا کہ بی جے پی کا اعلان الیکشن کے پہلے مسلمانوں کواپنی طرف کرنے کی کوشش کے علاوہ کچھ اورنہیں ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔