نئی دہلی: میڈیکل پوسٹ گریجویٹ داخلہ امتحان نیٹ پی جی 2026 میں اس بار امیدواروں کے لیے کئی اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ امکان ہے کہ یہ امتحان 30 اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔ نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن (NBE) نے امتحانی نظام کو مزید شفاف، منصفانہ اور امیدوار دوست بنانے کے لیے بڑے اصلاحی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کا سب سے بڑا مقصد امیدواروں کے ذہنی دباؤ کو کم کرنا اور امتحان کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنا ہے۔
گھر کے قریب ملے گا امتحانی مرکز
گزشتہ برسوں میں امیدواروں کی سب سے بڑی شکایت یہ تھی کہ انہیں اپنے شہر یا ضلع سے سینکڑوں کلومیٹر دور دوسرے ریاستوں میں امتحانی مراکز الاٹ کیے جاتے تھے، جس کے باعث انہیں طویل سفر، اضافی اخراجات اور ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔نئے ضوابط کے تحت کوشش کی جائے گی کہ ہر امیدوار کو اس کا امتحانی مرکز اس کے آبائی ضلع یا قریبی شہر میں فراہم کیا جائے۔ اس سے نہ صرف سفر کا وقت اور خرچ کم ہوگا بلکہ امیدوار بغیر تھکن کے بہتر ذہنی حالت میں امتحان دے سکیں گے۔
ایک ہی شفٹ میں ہوگا امتحان
نیٹ پی جی کے امتحان میں سب سے زیادہ تنازع مختلف شفٹوں میں الگ الگ سوالیہ پرچے ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتا تھا۔ بعض اوقات ایک شفٹ کا پرچہ نسبتاً آسان جبکہ دوسری شفٹ کا مشکل ہوتا تھا، جس کے بعد نمبروں کو برابر کرنے کے لیے نارملائزیشن کا طریقہ اپنایا جاتا تھا۔ اس عمل پر کئی امیدوار اعتراض کرتے رہے اور اسے غیر منصفانہ قرار دیا جاتا تھا۔اب نیٹ پی جی 2026 صرف ایک ہی شفٹ میں منعقد کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے تمام امیدوار ایک ہی سوالیہ پرچہ حل کریں گے اور میرٹ لسٹ زیادہ شفاف اور منصفانہ طریقے سے تیار ہوگی۔
سوالات کم، وقت وہی رہے گا
امتحان کے ڈھانچے میں بھی اہم تبدیلی کی گئی ہے۔ اب امیدواروں کو پہلے کے مقابلے میں کم سوالات حل کرنے ہوں گے، لیکن امتحان کا کل دورانیہ تبدیل نہیں ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر سوال کو پڑھنے، سمجھنے اور درست جواب دینے کے لیے امیدواروں کو پہلے سے زیادہ وقت ملے گا، جس سے جلد بازی میں غلط جوابات دینے کے امکانات کم ہوں گے۔
امتحان کیوں ہوگا زیادہ آسان؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم پہلے ہی انتہائی مشکل اور دباؤ سے بھرپور ہوتی ہے، ایسے میں پیچیدہ امتحانی نظام طلبہ پر اضافی ذہنی بوجھ ڈال دیتا ہے۔ نئے اصلاحات کے بعد امیدوار اپنی تیاری کے مطابق بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔سفر کی پریشانی سے نجات، ایک ہی شفٹ میں امتحان، نارملائزیشن کے خاتمے اور بہتر ٹائم مینجمنٹ جیسے اقدامات کے باعث نیٹ پی جی 2026 پہلے کے مقابلے میں زیادہ شفاف، منصفانہ اور طلبہ دوست امتحان ثابت ہونے کی امید ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بین الاقوامی دوستانہ میچ میں برازیل نے…
وزیر اعظم کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پی ایم مودی کے…
امت شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 31 دسمبر 2029 تک مدھیہ پردیش…
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری نے بھارت اور برازیل کے درمیان مقابلے…
ہفتہ کy کے روز بھارت کی مردوں کی ہاکی ٹیم نے ککامی گاہارا کے گیفو…
اسپتال سے پہلی بار کیپٹن اسمت مچھار کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔ تصاویر میں…