نئی دہلی۔ 26 نومبر 2025 کو پورے ملک میں ’یومِ آئین‘ نہایت عقیدت، احترام اور قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سال یوم آئین کے موقع پر ایک ایسا تاریخی اور مؤثر فیصلہ لیا گیا، جسے ہندوستان کی وفاقی ڈھانچے کی مضبوطی، لسانی تنوع کے احترام اور قومی یکجہتی کی طرف ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف ملک کی مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے درمیان ربط مزید گہرا ہو گا بلکہ آئین ہند کی روح عوام تک اور زیادہ موثر انداز میں پہنچ سکے گی۔
پارلیمنٹ میں شاندار تقریب، اعلیٰ قیادت کی شرکت
بدھ کے روز پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں آئین ہند کے 150 ویں یوم آئین کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور دونوں ایوانوں کے منتخب اراکینِ پارلیمنٹ شریک ہوئے۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف آئین کے تئیں احترام ظاہر کرنا تھا بلکہ آنے والی نسلوں کو اس کی اہمیت اور اس کے تحفظ کی ذمہ داری کا احساس دلانا بھی تھا۔
صدر جمہوریہ کا تاریخی اعلان
تقریب کے دوران صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آئین ہند کی نئی کاپیاں جاری کیں، جو 9 نئی زبانوں ملیالم، مراٹھی، نیپالی، پنجابی، بوڈو، کشمیری، تیلگو، اوڈیا اور آسامی میں تیار کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے آئین ہندی اور انگریزی سمیت محدود زبانوں میں دستیاب تھا۔ اب شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک لوگوں کو اپنی مادری زبان میں آئین سمجھنے کا حق اور سہولت حاصل ہو گی، جسے آئین کی اصل جمہوری روح سمجھا جاتا ہے۔
امت شاہ کی تعریف، ’شمولیت‘ کی نئی مثال
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اس تاریخی فیصلے کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ جموں و کشمیر اور بوڈولینڈ کے بھائی بہنوں کے لیے کشمیری اور بوڈو زبان میں آئین جاری کرنا ایک انقلابی قدم ہے، جو ان خطّوں کے عوام کو آئین کے اصولوں اور بنیادی روح سے براہ راست جوڑے گا۔ امت شاہ نے مزید لکھا: ’’وزیر اعظم نریندرمودی نے آئین کو زمینی سطح پر نافذ کرکے ان علاقوں میں امن، ترقی اور اعتماد کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ نئی زبانوں میں ترجمہ اس کوشش کو نئی رفتار دے گا‘‘۔
یوم آئین کی اہمیت
قابل ذکر ہے کہ 26 نومبر 1949 وہ دن ہے جب آئین سازاسمبلی نے ہندوستان کے آئین کو منظور کیا تھا، جو 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا۔ آئین صرف ایک قانونی دستاویز نہیں، بلکہ جمہوریت کی بنیاد ہے۔ یہ شہریوں کے حقوق، آزادیوں اور فرائض کی وضاحت کرتا ہے اورانصاف، مساوات، آزادی اوراخوت جیسے بنیادی اصولوں کی ضمانت دیتا ہے۔ یوم آئین کا یہ موقع اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ ہندوستان کی طاقت اس کی جمہوری اقدار اور لسانی و ثقافتی تکثیریت میں ہے۔ 9 زبانوں میں آئین کی اشاعت ایک ایسا قدم ہے جو ملک کو متحد اور مضبوط بنانے کی سمت ایک روشن مثال بن کر سامنے آیا ہے۔