نئی دہلی: بہار کے سابق رکن پارلیمنٹ اور باہوبلی لیڈر آنند موہن کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے ان کی قبل از وقت رہائی کو منسوخ کر دیا ہے۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس شیل ناگو پر مشتمل بنچ نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ قانون اور درست راستے کا ساتھ دیا جائے، نہ کہ صرف خاموش تماشائی بن کر رہا جائے۔ سپریم کورٹ نے آنند موہن کی قبل از وقت رہائی کے خلاف مقتول کی اہلیہ کی جانب سے دائر درخواست منظور کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے بہار حکومت کے 2023 کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ بہار حکومت نے 1994 میں گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا کے ہجومی تشدد میں قتل کے معاملے میں سزا یافتہ سابق رکن پارلیمنٹ آنند موہن کی سزا میں تخفیف کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ سابق آئی اے ایس افسر جی کرشنیا کی اہلیہ اُما موہن نے اس رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے رہائی کا حکم منسوخ کرکے آنند موہن کو دوبارہ جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بہار حکومت نے جیل مینوئل میں ترمیم کے بعد آنند موہن کی رہائی کا راستہ ہموار کیا تھا۔
عمر قید، جیل قوانین میں ترمیم اور 1994 کا معاملہ
درخواست گزار کی جانب سے دلیل دی گئی تھی کہ گینگسٹر سے سیاست داں بننے والے آنند موہن کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کا مطلب ان کی پوری قدرتی زندگی تک قید ہے، اسے محض 14 سال کی سزا تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ پہلے آنند موہن کو سزائے موت سنائی گئی تھی، جسے بعد میں عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا۔ تاہم، عدالت کے فیصلے پر سختی سے عمل نہیں کیا گیا اور انہیں رہا کر دیا گیا۔ درخواست کے مطابق، نتیش کمار حکومت نے 10 اپریل 2023 کو بہار جیل ضابطے میں ترمیم کی تھی، جس کے بعد آنند موہن کی سزا میں تخفیف کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا گیا تھا۔
بھیڑ کو اکسانے کا الزام، ضلع مجسٹریٹ کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا
بہار کے گینگسٹر چھوٹن شکلا کو 4 دسمبر 1994 کو قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد مظفر پور کے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی تھی۔ اگلے روز، 5 دسمبر کو ہزاروں افراد چھوٹن شکلا کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کر رہے تھے۔ اسی دوران گوپال گنج کے اُس وقت کے ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا وہاں سے گزر رہے تھے۔ غصے میں بھری بھیڑ نے پہلے ان کی گاڑی پر پتھراؤ کیا اور پھر انہیں گاڑی سے باہر نکال کر بری طرح پیٹا، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ اس معاملے میں آنند موہن پر الزام تھا کہ انہوں نے ہی اس بھیڑ کو اکسایا تھا، جس نے ضلع مجسٹریٹ جی کرشنیا کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
فلم کی ٹیم نے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، ایس ایس راجامولی،…
سوریا کمار یادو کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے اپنی سرزمین پر ٹی 20 ورلڈ…
ہریانہ کے روہتک میں کھراوڑ کے قریب واقع ملن ڈھابے پر رات تقریباً ایک بجے…
قومی یومِ آئین کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے بچپن کے حالات…
وزیر اعظم نریندر مودی نے یومِ آئین کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک…
26/11 حملے کی 18ویں برسی پر صرف شہیدوں کو یاد کرنا کافی نہیں، بلکہ ان…