قومی

مولانا ابوالکلام آزاد و علامہ اقبال کی یوم پیدائش کے موقع پر منایا گیا یومِ تعلیم و یومِ اردو، تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات پر احمد کلام ہشامی اعزاز سے سرفراز

جونپور: شہر کے شاہ گنج پڑاؤ واقع ایک بینکوئٹ ہال میں بدھ کی رات میں ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یومِ پیدائش کے موقع پر یوم تعلیم اور اردو کے عظیم شاعر ڈاکٹر علامہ اقبال کی یوم پیدائش پر یوم اردو کا انعقاد فلاح ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام کیا گیا۔ سینٹ جوزف گروپ آف اسکولس کے چیئرمین ڈاکٹر نعمان خان کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں جہاں شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا تو وہیں مقررین نے تعلیم کی اہمیت، اردو زبان کے تحفظ اور اس کے فروغ کے لیے اسے پڑھنے اور سیکھنے کی ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

احمد کلام ہشامی کو ’مولانا ابوالعرفان خان ندوی‘ اعزاز

پروگرام کے دوران فلاح ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ’’مولانا ابوالعرفان خان ندوی‘‘ کے نام سے منسوب ایوارڈ کھیتاسرائے کے رہنے والے احمد کلام ہشامی کو پیش کیا گیا، احمد کلام پیشے سے نائی ہیں، لیکن گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے اپنی دکان پر ہی درجنوں بچوں کو بلا معاوضہ قرآن اور اردو کی تعلیم دے رہے ہیں۔ ان سے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی خاصی تعداد ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وہ اس خدمت کے بدلے کسی قسم کی فیس نہیں لیتے بلکہ اسے اپنی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی جونپور میڈیکل کالج کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اے اے جعفری نے کہا کہ مسلمانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایسے پروگراموں کے ذریعے معاشرے کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ مسلمانوں کو موجودہ تعلیمی اور سماجی پسماندگی سے کس طرح باہر نکالا جا سکتا ہے۔

ہماری تہذیب و ثقافت سے جڑی ہوئی ہے اردو زبان

سر پرستی فرما رہے مولانا انوار احمد قاسمی نے تعلیم کی اہمیت اور اردو زبان کی افادیت پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے نئی نسل کو تعلیم حاصل کرنے اور اپنی زبان سے وابستہ رہنے کا پیغام دیا۔ مہمان اعزازی و ظفرآباد چیئرمین کے نمائندے ڈاکٹر سرفراز خان نے کہا کہ اردو زبان ہماری تہذیب و ثقافت سے جڑی ہوئی ہے۔ اگر زبان ختم ہو گئی تو ہماری تہذیب بھی متاثر ہوگی، اس لیے اردو زبان کے تحفظ اور اس کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر نعمان خان نے صدارتی خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور اردو زبان کے ادبی و ثقافتی ورثے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے تعلیم کو معاشرے کی ترقی کی اہم بنیاد قرار دیا۔ پروگرام کا آغاز حافظ احسان خیرآبادی کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ بارگاہ رسالت میں نعتِ پاک عظیم جونپوری نے پیش کی۔ پروگرام کی نظامت کنوینر و صحافی اجود قاسمی نے انجام دی۔ اس موقع پر مولانا عبد الوحید قاسمی، عرفان جونپوری، عارف خان، شاہنواز منظور، ارشد قریشی، احمد عزیز غازیپوری،ڈاکٹر شکیل احمد، سلیم خان، کمال اعظمی، شکیل منصوری، الماس احمد صدیقی، نیاز طاہر شیخو، شاہنواز احمد، معراج خان، عرفان اقبال سمیت دیگر معززین موجود رہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

Prime Minister Narendra Modi: وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کا اعلان، وزیراعظم مودی 21 نومبر کو ’نتیش سیتو‘ قوم کے نام وقف کریں گے

بہار کے لیے اس دورے سے صنعتی سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، روزگار کے مواقع پیدا…

1 hour ago

PM Modi’s Karnataka Visit: وزیر اعظم مودی کا کرناٹک دورہ، بنگلورو اور میسور کو 15,600 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی سوغات

وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کو سکیورٹی کے لحاظ…

3 hours ago