قومی

NCPUL on World Book day & Copyright 2025: عالمی یوم کتاب اور کاپی رائٹ سے متعلق قومی اردو کونسل کا بڑا کارنامہ، کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کی ستائش، بک کنکلیو کے تحت مذاکرہ کا انعقاد

نئی دہلی : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یوایل) کے زیراہتمام 23 اپریل 2025 کوعالمی یوم کتاب اورکاپی رائٹ (ورلڈ بک اینڈ کاپی رائٹ ڈے 2025) کے موقع پریک روزہ بک کنکلیوکا انعقاد ہوا، جس کے تحت تین اجلاس ہوئے۔ پہلے اجلاس کا عنوان ’مصنوعی ذہانت کے دور میں کاپی رائٹ کے چیلنجز‘ تھا جس کی صدارت پروفیسر محمد افشار عالم وائس چانسلر جامعہ ہمدرد نے کی۔ تعارفی اوراستقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ڈائریکٹرڈاکٹرشمس اقبال نے کہا کہ قاری، مصنف اورناشرکی تثلیث سے ایک کتاب کی تشکیل ہوتی ہے۔ کتاب سے ایک انٹیلکچول ڈسکورس قائم کیا جاسکتا ہے۔ کتاب کے ذریعے ہی ہم ایک مہذب سماج کی تعمیرمیں اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ تحریر وتخلیق کی مثال بچے کی ہے،جو اس کے مصنف کی ملکیت ہوتی ہے، اے آئی یا کسی بھی ذریعے سے کسی کی کتاب یا تخلیق کو اپنے نام سے شائع کروانا گویا کسی کے بچے کو اغوا کرنے جیسا ہے۔

کاپی رائٹ آج کے عہد کا ایک بہت سنگین مسئلہ: پروفیسرمحمد افشارعالم

پروفیسر محمد افشارعالم نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاپی رائٹ آج کے عہد کا ایک بہت سنگین مسئلہ ہے اوراس کے تعلق سے حکومت کے ساتھ ساتھ بہت سے تعلیمی ادارے بھی حساس ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے اقدامات بھی کررہے ہیں۔قومی اردو کونسل کا یہ پروگرام اس حوالے سے ایک یادگار قدم ہے۔ وانی پرکاشن گروپ ،نئی دہلی کی سی ای اوادیتی مہیشوری نے کہا کہ اے آئی کے دورمیں کاپی رائٹ کے مسائل بہت بڑھ گئے ہیں، موجودہ دورمیں جبکہ اے آئی اپنے عروج پرہے ایک نئے ترمیم شدہ کاپی رائٹ قانون کی ضرورت ہے۔ انٹلکچول پراپرٹی رائٹس کی مشہور وکیل دہلیا سین اوبرائے نے اپنی تقریرمیں کاپی رائٹ کے مختلف پہلوؤں اورمصنوعی ذہانت کے دور میں اس کے چیلنجز پر مربوط اورمبسوط گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانونی اورعدالتی چارہ جوئی بھی کی جاسکتی ہے، کیونکہ کاپی رائٹ کی خلاف ورزی دراصل کسی کی محنت پرشب خون مارنے جیسا ہے اوریہ کسی دوسرے کی ملکیت پرغاصبانہ قبضہ کرنے جیسا ہے۔  نظامت کے فرائض ڈاکٹر شاداب شمیم نے انجام دیے۔ اجلاس کے آغازسے قبل دو منٹ کی خاموشی کے ذریعے پہلگام دہشت گردانہ واقعے کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور اس روح فرسا واقعہ کی مذمت کی گئی۔

’پریم چند: مطالعے کی نئی جہتیں‘ کا اجرا
دوسرے اجلاس میں ’پریم چند: مطالعے کی نئی جہتیں‘ نامی کتاب کا اجرا ہوا۔یہ کتاب ہندی کے معروف دانشور ڈاکٹر کمل کشور گوئنکا نے تصنیف کی ہے،جس کا ترجمہ محمد صغیر حسین نے کیا ہے۔ اس تقریب کی صدارت جناب اے رحمان نے کی۔ انھوں نے صدارتی تقریر میں مختلف زبانوں سے کیے جانے والے اردو ترجمے کو درپیش چیلنجزپرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترجمے کی زبان مترجم کی علاقائی وابستگی وغیرہ کی وجہ سے بدل جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پریم چند پرلکھی گئی اس کتاب میں ان کی زندگی،شخصیت اور تخلیقات کے حوالے سے ایسی بہت اہم معلومات ملتی ہیں،اس اعتبارسے یہ کتاب منفرد قرار دی جاسکتی ہے۔ اس موقع پرپروفیسرمحمد کاظم، پروفیسر شاہینہ تبسم اورکتاب کے مترجم محمد د صغیرحسین نے بھی کتاب کے تعلق سے اظہارِخیال کیا۔ پروفیسر صغیرافراہیم مہمانِ اعزازی کے طور پر شریک ہوئے ۔ انھوں نے مذکورہ کتاب اورپریم چند کے حوالے سے بہت سے اہم نکات کی نشان دہی کی۔ نایاب حسن نے اس پروگرام کی نظامت کی۔

نئی نسل میں سائنسی مزاج کے فروغ پر ڈاکٹراسلم پرویز کا اہم خطاب

تیسرے اجلاس کا موضوع ’نئی نسل میں سائنسی مزاج کا فروغ‘ تھا جس کی صدارت ڈاکٹرمحمد اسلم پرویز(سابق وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد) نے کی۔ انھوں نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ علم کا اصل مفہوم ہی سائنس ہے اور ہم سائنسی مزاج اپنائے بغیرانفرادی واجتماعی ترقی حاصل نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ اردومیں سائنسی مواد کی تیاری اورزیادہ سے زیادہ اشاعت موجودہ دورکی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹرماجد احمد تالی کوٹی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی مواد کے ترجمے واشاعت کے حوالے سے قومی اردو کونسل لائق تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ زندگی کے دوسرے تمام شعبوں میں ہمیں سائنسی اپروچ اختیار کرنا چاہیے۔ اس اجلاس میں ماہر امراض چشم ڈاکٹرعبدالمعزشمس نے اظہارخیال کیا۔ نظامت ڈاکٹرعبدالباری نے کی۔ اس اجلاس میں قومی اردوکونسل سے شائع شدہ بچوں کی کتابیں انسانی دماغ (انس مسرورانصاری)، بھوجی نہیں بوجی، مچھلی کے بچے، خزانوں کی تلاش اورعریش کا اجرا بھی عمل میں آیا۔

بھارت ایکسپریس اردو-

Nisar Ahmad

Recent Posts

Asian Games 2026: ’فتح ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے!‘ اسکواش میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر امت شاہ نے جوشنا اور ویلون کو دی مبارکباد

ایشین گیمز 2026 کے اسکواش مکسڈ ڈبلز مقابلے میں جوشنا چناپا اور ویلون سینتھل کمار…

3 hours ago

Home Minister Amit Shah: ایشین گیمز 2026، میراتھن میں ساون برنوال نے جیتا سلور، امت شاہ نے کہا – ’کامیابی کی راہ پر اسی طرح دوڑتے رہیں‘

آئچی-ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھارتی ایتھلیٹ ساون برنوَال نے مردوں کی میراتھن میں چاندی…

3 hours ago

Asian Games 2026: ایشین گیمز 2026، بھارتی خواتین رائفل ٹیم نے جیتا سلور، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دی مبارکباد

50 میٹر رائفل 3 پوزیشن ٹیم مقابلے میں تلوتمہ سین، وِدرشا کے ونود اور آشی…

4 hours ago

Thackeray Brothers Rally Against EC: ایس آئی آر کے خلاف پھر ایک ہوئے راج اور ادھو ٹھاکرے، 4 اکتوبر کو نکالیں گے بڑا احتجاجی مارچ

مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے خلاف ایم این ایس اور شیوسینا (یو…

5 hours ago