قومی

Delhi records 214 fire calls on Diwali: دیوالی کے موقع پر دہلی میں آگ لگنے کے 214 واقعات، آگ سے جھلسے 42 مریض پہنچے ایمس، 11 کی حالت سنگین

نئی دہلی: دیوالی کے جشن کے دوران دارالحکومت دہلی میں آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔ دہلی فائر سروس کو آگ سے متعلق مجموعی طور پر 214 کال موصول ہوئیں، جن میں 24 واقعات آتش بازی سے منسلک تھے۔ دوسری جانب آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، نئی دہلی میں دیوالی کے دوران جھلسنے سے متاثرہ 42 مریضوں کا علاج کیا گیا، جن میں 11 مریض شدید طور پر جھلسے تھے۔ یہ اعداد و شمار پیر کو جاری کی گئی سرکاری رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔ دہلی فائر سروس کے سربراہ اے کے ملک نے بتایا کہ 8 نومبر کو محکمے کو مجموعی طور پر 257 کال موصول ہوئیں، جن میں 214 آگ لگنے کے واقعات سے متعلق تھیں۔ ان واقعات میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران جنگل میں آگ لگنے کی ایک کال بھی موصول ہوئی۔ اے کے ملک کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائیوں کے دوران فائر سروس کے تقریباً پانچ اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم کوئی بھی اہلکار شدید طور پر زخمی نہیں ہوا۔ اس مدت میں آگ لگنے کے سات بڑے واقعات کی اطلاع بھی ملی۔ گزشتہ سال دیوالی کے موقع پر آگ سے متعلق 231 کال موصول ہوئی تھیں، جب کہ اس سال یہ تعداد 214 رہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں سونی پت بھی روانہ کی گئیں، جہاں درمیانے درجے کے ایک اور بڑے درجے کے دو آتش زدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے تین گاڑیوں نے کارروائی کی۔ اتوار کی شام دیوالی کے موقع پر 6 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک تقریباً 281 کال موصول ہوئیں، جن میں سے لگ بھگ 178 کال آدھی رات تک موصول ہوچکی تھیں۔

شدید طور پر جھلسے 11 مریض پہنچے ایمس

ایمس کے پلاسٹک، ری کنسٹرکٹیو اینڈ برنس سرجری ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پیر کی صبح 11 بجے تک دیوالی سے متعلق جھلسنے کے 42 معاملات سامنے آئے۔ ان میں سے 11 مریض شدید طور پر جھلسے تھے، جن میں چار کو انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) اور سات کو عام وارڈ میں داخل کیا گیا۔ باقی 31 مریض معمولی طور پر جھلسے تھے۔ رپورٹ کے مطابق پانچ مریضوں کی سرجری کی گئی، جب کہ آٹھ مریض اسپتال میں زیر علاج رہے۔ ان میں ایک مریض کی حالت نازک تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ جھلسنے کے 37 واقعات آتش بازی کے پٹاخوں سے متعلق تھے، جب کہ دو واقعات پوٹاش سے جلنے کے تھے، جن میں 13 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

چھوٹے بچوں سمیت مختلف عمر کے افراد متاثر

ایمس کی رپورٹ کے مطابق جھلسنے والوں میں 10 سال سے کم عمر کے چھ بچے شامل تھے۔ ان میں سے ایک کو آئی سی یو، چار کو عام وارڈ میں داخل کیا گیا، جب کہ ایک بچے کو معمولی طور پر جھلسنے کی وجہ سے درج کیا گیا۔ سب سے کم عمر مریض پانچ سال کا تھا، جب کہ آٹھ سالہ ایک بچے کا جسم 45 فیصد تک جھلس گیا تھا اور اس کی حالت نازک بتائی گئی۔ 10 سے 18 سال کی عمر کے بچوں میں جھلسنے کے 12 معاملات سامنے آئے۔ اس عمر کے گروپ میں انار سب سے عام سبب بتایا گیا۔ 18 سے 60 سال کی عمر کے افراد میں 22 معاملات درج کیے گئے، جن میں زیادہ تر کے ہاتھ جھلسے تھے۔ 60 سال سے زیادہ عمر کا ایک شخص بھی جھلسنے کے بعد اسپتال لایا گیا، جسے آئی سی یو میں داخل کرنے کے بعد اس کی سرجری کی گئی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ آنکھوں میں چوٹ کے شکار کئی مریض ممکنہ طور پر ایمس کے ڈاکٹر آر پی سینٹر کے آئی ایمرجنسی شعبے میں براہِ راست پہنچے تھے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Habiburrahman

Recent Posts

آئی پی ایل 2027 آکشن سے پہلے سوریہ کمار یادو کو ملی ممبئی کی کپتانی، 16 رکنی ٹیم کا اعلان، جانئے پوری تفصیل

سوریہ کمار کو یادو کو کپتانی کا کافی تجربہ ہے۔ سوریہ کمار کی کپتانی میں…

1 hour ago

جنوبی افریقہ ٹسٹ، ونڈے اور ٹی-20 سیریز کے لئے ٹیم انڈیا کا اعلان، 9 دسمبر سے دورے کا آغاز، یہاں دیکھیں پوری تفصیل

جنوبی افریقہ دورے پرہندوستانی ٹیم ایک ٹسٹ میچ، تین ونڈے اور تین ٹی-20 میچوں کی…

2 hours ago

PT Usha IOA Elections: آئی او اے انتخابات سے پہلے پی ٹی اوشا کو جھٹکا، میرٹ اسپورٹس پرسن زمرے میں نہیں مل سکی جگہ

چھ امیدواروں کے درمیان مقابلے میں چار خواتین نمائندوں کا انتخاب، اب 5 دسمبر کو…

2 hours ago