وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے مشہور سیاحتی شہر پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد منگل کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیر اعظم نے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور شاہ کو حملے کے جواب میں تمام ’’مناسب اقدامات‘‘ کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے وزیر داخلہ سے ذاتی طور پر موقع واردات کا دورہ کرنے کو بھی کہا ہے۔
وزیر اعظم نے کی حملے کی مذمت
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم نے لکھا ’’میں پہلگام، جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ان لوگوں کے تئیں تعزیت جو اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں۔ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ’’اس گھناؤنے فعل کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا… انھیں بخشا نہیں جائے گا! ان کا شیطانی ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دہشت گردی سے لڑنے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ مزید مضبوط ہوگا۔‘‘
دریں اثنا پولیس نے مطلع کیا ہے کہ اس حملے میں کئی سیاح زخمی ہوئے ہیں، جو پہلگام کے خوبصورت بایسران کے میدانوں کے قریب موجود تھے، جو کہ سیاحوں اور چھٹیاں گزارنے والوں کی پسندیدہ جگہ ہے۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گولی چلنے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچ گئیں۔ اس دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی صحیح تعداد اور زخمیوں کی شناخت ابھی تک واضح نہیں ہے، کیوں کہ صورتحال اب بھی ترقی پذیر ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ تاہم رائٹرز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ کم از کم پانچ سیاحوں کی ہلاکت اور آٹھ کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا- یہ حملہ ناقابل یقین ہے
دریں اثناء جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس حملے پر صدمے اور گہرے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’’قابل نفرت‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مجرم ’’غیر انسانی‘‘ ہیں۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ’’میں ناقابل یقین حد تک حیران ہوں۔ ہمارے زائرین پر یہ حملہ ایک قابل نفریں عمل ہے۔ اس حملے کے مرتکب جانور، غیر انسانی اور حقارت کے لائق ہیں۔ مذمت کے الفاظ کافی نہیں ہیں۔‘‘ انھوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی اور کہا کہ میں فوری طور پر سری نگر پہنچ رہا ہوں۔
بھارت ایکسپریس اردو
این ویڈیا کے سابق سربراہ نے بورڈ کی آزادانہ تحقیقات میں تعاون کا یقین دلایا،…
وزیراعظم مودی نے اہم معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں مضبوط سپلائی چین قائم…
کواڈ کا قیام 2007 میں عمل میں آیا تھا، جبکہ 2017 میں اس کے درمیان…
منیلا میں کواڈ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس شہر کے ساتھ…
سرمایہ کاروں کو ہر ہفتے 6 سے 11 فیصد منافع دینے کا لالچ دے کر…
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے راہل گاندھی اور دیگر درخواست گزاروں…