نئی دہلی— سفارتی ذرائع کے مطابق، چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اس ماہ بھارت کا دورہ کر سکتے ہیں اور امکان ہے کہ وہ اسپیشل رپریزنٹیٹو (SR) سطح کی بات چیت میں شریک ہوں۔ بھارت کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر (NSA) اجیت ڈوبھال خصوصی نمائندے کے طور پر ان مذاکرات میں شامل ہوں گے۔ حالیہ مہینوں میں بھارت اور چین کے تعلقات میں بہتری کے لیے کئی اہم پیش رفت ہوئی ہیں، جن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا دوبارہ آغاز بھی شامل ہے۔ اس دوران وزیر خارجہ وانگ ای اور بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
وزیراعظم مودی اور شی جن پنگ کی ملاقات متوقع
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ اس ماہ کے آخر میں چین کے شہر تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سربراہی اجلاس میں ملاقات کریں گے۔ چین نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم مودی کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
چین کا خیرمقدمی بیان
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا: ’’چین وزیر اعظم مودی کا ایس سی او تیانجن سربراہی اجلاس میں خیر مقدم کرتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے یہ اجلاس اتحاد، دوستی اور کامیاب نتائج کا مظہر ہوگا، اور ایس سی او زیادہ ہم آہنگ، متحرک اور نتیجہ خیز ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گا۔‘‘ ایس سی او اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک منعقد ہوگا، جس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما، تمام رکن ممالک اور 10 بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ وزارتِ خارجہ ہند کی جانب سے وزیر اعظم کے دورے پر ابھی کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
تعلقات میں حالیہ پیش رفت
بھارت اور چین نے دیپسانگ پلینز اور دمچوک کے علاقوں میں فوجی دستوں کی واپسی اور گشت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، تاکہ سرحدی کشیدگی کم ہو اور امن بحال ہو۔ ہندوؤں کے مقدس مذہبی سفر کیلاش مانسروور یاترا کی بحالی ہوئی ہے، جو عوامی روابط اور ثقافتی سفارتکاری کی علامت ہے۔ پانچ سال کے وقفے کے بعد بھارت اور چین کے درمیان سیاحتی ویزے بحال ہو گئے ہیں۔ تین سال بعد پہلی بار بھارتی ڈیزل کارگو چین بھیجا گیا، جس سے کاروباری روابط میں نئی جان پڑی ہے۔ دونوں ممالک بریکس، ایس سی او اور جی 20 جیسے کثیر الجہتی فورمز میں مشترکہ تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل خریدنے پر بھارت پر محصولات عائد کیے ہیں۔
برکس میں آخری بار چینی صدر سے ملے تھے وزیراعظم
وزیراعظم مودی نے آخری بار 2018 میں چین کے دو دورے کیے تھے۔ اپریل میں ووہان میں بھارت-چین غیر رسمی سربراہی اجلاس اور جون میں کنگ داؤ میں ایس سی او کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں۔ اکتوبر 2024 میں انہوں نے قازان، روس میں 16ویں برکس اجلاس کے موقع پر صدر شی جن پنگ سے آخری ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مشرقی لداخ میں گشت کے انتظامات پر اتفاق کیا تھا اور طے ہوا تھا کہ خصوصی نمائندے جلد ملیں گے تاکہ سرحدی امن کے انتظامات پر پیش رفت کی جا سکے اور سرحدی تنازع کا منصفانہ، معقول اور قابل قبول حل تلاش کیا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
ندھی تیواری سوشل میڈیا پر کافی مقبول تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ فیس بک پر…
وزیر اعظم مودی سمیت لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و…
شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے قائم مقام صدر ایمان سنگھ مان نے کہا کہ وہ…
شریئس ائیر کی کپتانی میں بھارتی ٹیم اب یکم اکتوبر کو دوسرا سیمی فائنل مقابلہ…
۔اس معاملے میں بس کی نگرانی کے انتظامات پر بھی سوال اٹھے تھے۔ بتایا گیا…
میزبان ازبکستان نے آخری راؤنڈ میں یوکرین کو 2.5-1.5 سے شکست دے کر گولڈ میڈل…