مرکزی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سلیم انجینئر۔ (فائل فوٹو)
نئی دہلی: مرکزی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین اورنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (NIT)، جے پورکے سابق پروفیسرانجینئرمحمد سلیم نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی منڈی کے نصاب میں تناسخِ ارواح (Reincarnation)، قرب موت کے تجربات (Near-Death Experiences)،روح کےجسم سے باہرنکلنے کے تجربات (Out-of-Body Experiences) اور لطیف جسم (Subtle Body) جیسے موضوعات کی شمولیت پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک ممتازسائنسی وتکنیکی ادارے کے درسی نصاب میں ایسے موضوعات شامل کرنے سے پہلے ان کی سائنسی بنیاد، تعلیمی افادیت اورآئینی قدروں کا علمی دیانت داری اورتحقیقی معیارکے ساتھ جائزہ لیا جانا چاہیے۔
پروفیسر انجینئر محمد سلیم نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 طلبہ میں سائنسی مزاج، تنقیدی فکراورشواہد پرمبنی استدلال کے فروغ پرزوردیتی ہے۔ اس تناظرمیں یہ سوال کافی اہم ہو جاتا کہ آیا ان موضوعات کوبھی انہی سائنسی معیارپرپرکھا گیا ہے، جواعلیٰ سائنسی تعلیمی اداروں میں پڑھائے جانے والے دیگرمضامین کے لیے اختیارکئے جاتے ہیں۔ پروفیسرسلیم انجینئرنے مزید کہا کہ اگران موضوعات کو شامل کرنے کا مقصد مذہبی یا فلسفیانہ روایات کا مطالعہ کرانا ہے تو انہیں ادیان کے تقابلی مطالعہ (Comparative Study of Religions) کے نصاب کے تحت پڑھایا جانا زیادہ مناسب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تدریس سے طلبہ کواسلام، عیسائیت، یہودیت، ہندو مت، بدھ مت، جین مت، سکھ مت اوردیگرمذہبی اورافکاروروایات کا غیرجانب دارانہ اورتقابلی مطالعہ کرنے کا موقع ملے گا، جیسا کہ دنیا کی متعدد بڑی یونیورسٹیوں میں رائج ہے۔ انہوں نے ان میڈیا رپورٹس پربھی تشویش ظاہرکی، جس کے مطابق بعض مذہبی سرگرمیوں، بشمول بھگود گیتا کا اجتماعی پاٹھ کولازمی قراردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگریہ اطلاعات درست ہیں تومتعلقہ ادارے کواس بارے میں اپنی وضاحت جاری کرنی چاہئے۔ پروفیسرسلیم انجینئرنے آخرمیں اس بات پرزوردیا کہ آئی آئی ٹیزجیسے قومی ادارے ملک کی سائنسی اورعلمی روایت کے نمائندہ ہیں، لہٰذا نصاب ترتریب دیتے وقت علمی دیانت، سائنسی مزاج، آئینی اقداراوربھارت کے مذہبی و ثقافتی تنوع کوہرحال میں ملحوظ رکھا جانا چاہیے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
راجہ کے علاج میں سب سے بڑا چیلنج اس کی زخمی ٹانگ سے منسلک انفیکشن…
اتر پردیش اسمبلی کی 403 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے پیش نظر دونوں…
بسلری کے بوتل بند پانی میں برو میٹ پائے جانے کے دعوؤں کے بعد پانی…
ویکسین لگوانے والی لڑکیوں کی تعداد کے لحاظ سے اتر پردیش سب سے آگے ہے،…
گروپورب سے ایک روز قبل لوک نواس میں شبد کیرتن کے دوران وزیراعظم نریندر مودی…
بھارت کے پہلے بلٹ ٹرین منصوبے کے تحت ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور کے…