امریکہ واقع شارٹ سیلرکمپنی ہنڈن برگ ریسرچ اب بند ہونے جا رہی ہے۔ اس کا اعلان خود اس کے بانی نیٹ اینڈرسن نے کیا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ ہنڈن برگ ریسرچ نے اڈانی گروپ سمیت کئی کاروباری اداروں کونشانہ بنایا تھا۔ نیٹ اینڈرسن نے ہنڈن برگ ویب سائٹ پر ایک نوٹ لکھ کرکہا ہے کہ میں نے ہنڈن برگ ریسرچ کوختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنڈن برگ کے بند ہونے کی خبروں کے درمیان بی جے پی نے کانگریس پرتنقید کی ہے۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ کانگریس ان لوگوں کے ساتھ دیتی ہے، جوہندوستان کے خلاف جھوٹ پھیلانے کا کام کرتے ہیں۔
بی جے پی ترجمان شہزاد پونا والا نے کہا کہ خبر یہ آئی ہے کہ ہنڈن برگ نے اپنی دوکان بند کرلی ہے۔ ایک بات توواضح ہے کہ ہنڈن برگ ایک ٹارگیٹ سپاری لے کرہندوستان کی معیشت کو برباد کرنے اور نجی منافع کمانے کی منشا سے کام کررہا تھا، لیکن ہنڈن برگ کی باتوں کو کس طرح سے گوسپلے کی طرح اپنانے کا کام کچھ سیاسی پارٹیاں اور ان کے ایکوسسٹم نے کیا، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ہنڈن برگ پر امریکہ میں بھی جانچ جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ پر سپریم کورٹ نے بھی پھٹکار لگائی اوران کی رپورٹس کودرکنارکرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ان سرگرمی کی جانچ ہونی چاہئے۔ ہندوستان کے سرمایہ کاروں کے لاکھوں کروڑوں روپئے ہنڈن برگ کی رپورٹ نے برباد کی ہے، لیکن یہاں پر کچھ سیاسی پارٹیاں خاص طور پر راہل گاندھی ایک پارٹی اورایک شخص کی مخالفت میں اترتے اترتے ہندوستان کی اکنامی اور ہندوستان کے اسٹیٹ کے خلاف اترگئے اوراپنے سرمایہ کار پارٹنرہنڈن برگ کا سہارا لیتے ہوئے جھوٹے اوربے بنیاد الزام لگاتے ہوئے ہندوستان کی معیشت کو اکنامک اینارکی کی طرف لے جانی کی کوشش کررہے ہیں۔