نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور ان کے خاندان کے 7 افراد کے قتل کے معاملے میں سزا یافتہ دو مجرموں کو بڑی راحت دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بپن چندر جوشی اور پردیپ مورڈیا کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ دونوں مجرم 17 سال سے زیادہ عرصے تک جیل میں گزار چکے ہیں۔
جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے 28 اکتوبر کو یہ حکم جاری کیا تھا، جسے اب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ دونوں مجرم 17 سال سے زیادہ عرصے تک جیل میں رہ چکے ہیں۔ ان میں سے ایک مجرم شدید جسمانی معذوری کا شکار بھی ہے۔ بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں حقائق اور قانون سے متعلق کچھ ایسے سوالات ہیں، جن پر اپیل کی سماعت کے دوران فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے دونوں مجروموں کی سزا معطل کرنے اور متعلقہ نچلی عدالت کی شرائط کے مطابق ضمانت دینے کا فیصلہ کیا۔
مجرموں کے وکیل نے ضمانت کے لیے کیا دلیل دی؟
دونوں مجرموں کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے ضمانت کی درخواست کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں۔ انہوں نے یہ دلیل بھی دی کہ دونوں میں سے ایک مجرم کا نام ابتدائی ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا اور اسے 2002 کے فسادات کے تقریباً 3 سال بعد اس معاملے میں ملزم بنایا گیا تھا۔
وہیں، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجا ٹھاکرے نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ اور نچلی عدالت نے معاملے سے متعلق تمام اہم شواہد پر غور کرنے کے بعد ہی مجرموں کو سزا سنائی تھی۔ انہوں نے جرم کی سنگینی کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے ضمانت نہ دینے کی اپیل کی۔
کیا ہے بلقیس بانو معاملہ؟
فروری 2002 میں گودھرا ٹرین آتشزدگی کے واقعے کے بعد گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ اسی دوران ہندو انتہا پسند تنظیموں کے کارکنان کے ذریعہ بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔ واقعے کے وقت ان کی عمر 21 سال تھی اور وہ 5 ماہ کی حاملہ تھیں۔ فسادات کے دوران ان کے خاندان کے 7 افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں ان کی 3 سالہ بیٹی بھی شامل تھی۔ اس معاملے میں مجموعی طور پر 11 افراد کو مجرم قرار دیا گیا تھا۔ ان میں بپن چندر جوشی اور پردیپ مورڈیا کے علاوہ گووند نائی، رمیش چندنا، متیش بھٹ، بکا بھائی ووہانیا، کیسر بھائی ووہانیا، جسونت نائی، رادھے شیام شاہ، راجو بھائی سونی اور شیلش بھٹ جیسے مجرم شامل ہیں۔
2024 میں سپریم کورٹ نے 11 مجرموں کی رہائی منسوخ کر دی تھی
گجرات حکومت نے اگست 2022 میں اس معاملے کے تمام 11 مجرموں کو سزا میں چھوٹ دیتے ہوئے جیل سے رہا کر دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ 8 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے مجرموں کی سزا معاف کرنے کے گجرات حکومت کے فیصلے کو منسوخ کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ گجرات حکومت کے پاس ان مجرموں کی سزا معاف کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ریاستی حکومت کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ایک ملزم کے ساتھ ملی بھگت کرکے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد تمام 11 مجرموں کو دوبارہ جیل جانا پڑا تھا۔ اب عدالت عظمیٰ نے ان میں سے دو مجرموں کی اپیل پر سماعت کے دوران ان کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت دے دی ہے۔ تاہم، ان کی اپیلوں پر حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
دنیا کی معروف اے آئی چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے شریک بانی اور سی…
تھامس کورین کا نام خاص طور پر زیرِ بحث ہے۔ حال ہی میں جاری ہونے…
بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی دھواں دھار بلے بازی سے بنائی شناخت، لیکن کارکردگی میں…
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ روموالڈیز مارکوس جونیئر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اعزاز میں…
آئندہ مرکزی بجٹ کے لیے ماہرین سے مانگی گئیں تجاویز، اقتصادی ترجیحات پر ہوئی تفصیلی…
روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ آسیان ہندوستان…