جموئی، بہار: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بہار میں انتخابی ریلی کے دوران راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ہی یہ طے کر دیا ہے کہ لالو پرساد یادو اور راہل گاندھی کی پارٹیوں کا صفایا یقینی ہے۔ انہوں نے جموئی میں عوامی جوش دیکھ کر کہاکہ ’’11 نومبر کو ای وی ایم کا بٹن اتنی تیز دباؤ، کرنٹ اٹلی تک لگے‘‘ ۔ جموئی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ بہار کے عوام نے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں ہی صاف پیغام دے دیا ہے کہ “جنگل راج” چاہے بھیس بدل کر، کپڑے بدل کر یا چہرہ بدل کر واپس آنے کی کوشش کرے، وہ اسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آر جے ڈی اور کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’لالو اور رابڑی کے دور میں شادی کی بارات کے ساتھ چند لوگ کٹہ لے کر آتے تھے تاکہ جبراً وصولی کر سکیں۔ اُس وقت بہار اغوا، تاوان اور قتل و غارت گری کے لیے بدنام تھا۔ بیس سے زیادہ بڑے قتل عام اُس دور میں ہوئے، جنہوں نے ریاست کے کارخانے اور تجارت دونوں کو تباہ کر دیا‘‘۔
امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس “جنگل راج” کا خاتمہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پچھلے دس برسوں میں بہار کی ترقی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’مودی جی نے سڑکیں، پل، بجلی کے کارخانے، گنے اور ایتھانول کی فیکٹریاں، کھاد کے پلانٹ لگاکر بہار کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ آنے والے پانچ سال بہار کو مکمل طور پر ترقی یافتہ بنانے کے سال ہوں گے‘‘۔
وزیر داخلہ نے بہار میں نکسلی تشدد کے خاتمے کو مودی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک زمانے میں پورا جموئی نکسلی اور دہشت سے بھرا ہوا تھا۔ یہی وہ علاقہ تھا جہاں نکسلیوں نے اپنا ہیڈکوارٹر بنایا ہوا تھا۔ 150 نکسلیوں نے کبھی دھنباد-پٹنہ ایکسپریس کو ہائی جیک کر کے تین مسافروں کو قتل کر دیا تھا۔ گیا، اورنگ آباد اور جموئی میں ان کا راج تھا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’یہ مودی جی کا ہی کارنامہ ہے کہ انہوں نے بہار سے نکسل ازم کا صفایا کر دیا۔ کبھی کچھ اضلاع میں سہ پہر 3 بجے تک ہی ووٹنگ ہوتی تھی، مگر اب نکسل ازم کے خاتمے کے بعد شام 5 بجے تک امن و امان کے ساتھ ووٹنگ ہو رہی ہے‘‘۔ امت شاہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’جموئی -مونگیر بارڈر پر واقع چورمارا گاؤں 25 سال بعد نکسل فری ہوا ہے، یہ مودی حکومت کی بڑی کامیابی ہے‘‘۔ آخر میں انہوں نے ووٹروں کو خبردار کیا کہ ’’اگر آپ سے معمولی غلطی بھی ہو گئی اور آپ کمل یا تیر کے نشان کے بجائے کہیں اور ووٹ دے بیٹھے تو بہار میں دوبارہ جنگل راج لوٹ آئے گا‘‘۔
بھارت ایکسپریس اردو
پونم نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے لکھا، ’’کافی…
اتر پردیش اور بہار سمیت 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر…
دہلی پولیس کی ڈی سی پی پی آر او نیہا یادو نے بتایا کہ این…
موبائل پر کال آتے ہی دکھائی دے گا کال کرنے والے کا نام، نئے نظام…
547 مقدمات درج، 182 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات ضبط ہوئی ہیں اور منشیات…
راہل گاندھی کی حامی نیہا بورا نے کہا کہ ’بنگلہ دیش نے ہمیں ایک راستہ…