بھارت ایکسپریس اردو 16 ستمبر کی شام اردو کے عظیم صحافی مولوی محمد باقر کو یاد کرتے ہوئے ایک شاندار پروگرام ’’بزمِ صحافت‘‘ کا انعقاد کر رہا ہے، جنھیں جنگ آزادی کے پہلے شہید صحافی ہونے کا درجہ حاصل ہے۔ اس کے علاوہ شمالی ہند کا پہلا اردو اخبار بھی انھوں نے ہی جاری کیا۔ اگر آپ اس عظیم صحافی سے واقف نہیں ہیں تو آپ کو اس پروگرام میں ضرور شرکت کرنی چاہیے، اور اگر آپ مولوی محمد باقر کے بارے میں پہلے سے جانتے ہیں تو بھی آپ کو اس پروگرام میں شامل ہونا چاہیے کہ یہ نہ صرف اردو بلکہ ہندوستانی کی صحافت کی تاریخ کے ایک نہایت مایہ ناز نام اور شہیدِ جنگِ آزادی کو ایک بہترین خراج ہوگا۔
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں یاد کیے جائیں گے مولوی محمد باقر
اس پروگرام کا انعقاد انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے کانفرنس ہال-1 میں کیا جا رہا ہے، جس میں ملک کے معروف صحافی اور دانشور شرکت کر رہے ہیں۔ بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے سی ایم ڈی اپیندر رائے اس پروگرام کے صدر ہوں گے، جب کہ مہمانان خصوصی کے طورپر مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ کیرتی ودھن سنگھ، مرکزی وزیر مملکت برائے ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل، سابق وزیر خارجہ، صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر سلمان خورشید اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے سابق صدر سراج الدین قریشی موجود ہوں گے۔ وہیں مہمانان اعزازی کے طور پر ہمالیہ ویلنیس کے صدر ڈاکٹر ایس فاروق، ایکٹنگ چیئرمین نیشنل کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات (NCMEI) پروفیسر (ڈاکٹر) شاہد اختر، جامعہ ہمدرد کے رجسٹرار کرنل طاہر مصطفیٰ، معروف کینسر سرجن اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے رکن ڈاکٹر ماجد احمد تالیکوٹی، انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن اور کلچرل ڈپارٹمنٹ کے کنوینر ابوذر حسین خان، ماہر تعلیم اور ’’دی ہند گرو اکیڈمی‘‘ کے بانی اور مینیجنگ ڈائریکٹر نور نواز خان، سپریم کورٹ کے سینیئر ایڈوکیٹ زیڈ کے فیضان، سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ شاہد علی ایڈوکیٹ، آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سید احمد خان اور سماجی کارکن محمد ہدایت اللہ شریک ہوں گے۔
سینئر صحافیوں کا ہوگا خطاب
اس موقع پر مولوی محمد باقر کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے سابق راجیہ سبھا رکن اور سینئر صحافی شاہد صدیقی کلیدی خطبہ ارشاد فرمائیں گے۔ ان کے علاوہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن پروفیسر خواجہ ایم شاہد، سینئر صحافی معصوم مرادآبادی، معروف صحافی روزنامہ انقلاب (نارٹھ انڈیا) کے ایڈیٹر ودود ساجد، ماہر تعلیم اور مصنف کلیم الحفیظ اور ڈی ڈی نیوز کی ریشما فاروقی بطور مقرر اپنے خیالات پیش کریں گے۔
صحافی شعراء کریں گے سامعین کو محظوظ
پروگرام کے دوسرے حصے میں صحافی شعراء پر مشتمل ایک شاندار مشاعرہ بھی منعقد ہوگا، جس میں ملک کے باوقار اور معروف شاعر سامعین کو اپنے کلام سے محظوظ کریں گے۔ مشاعرے کی صدارت عالمی شہرت یافتہ شاعر ماجد دیوبندی فرمائیں گے، جب کہ معروف شاعرہ ڈاکٹر انا دہلوی بطور مہمان خصوصی مشاعرے کی رونق بڑھائیں گی۔ مشہور ناظمِ مشاعرہ اور عالمی شہرت یافتہ ادیب و شاعر معین شاداب اس شاندار مشاعرے کی نظامت کے فرائض انجام دیں گے اور شعرا میں تحسین منور، جاوید قمر، ارشد ندیم، ڈاکٹر وسیم راشد، ڈاکٹر افروز طالب، ڈاکٹر فرمان چودھری، ڈاکٹر حبیب الرحمٰن، خوشبو پروین اور سفیر صدیقی کے نام شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک
واضح رہے کہ بھارت ایکسپریس نیوزنیٹ ورک ایک نیشنل پرائیویٹ سیٹیلائٹ ٹی وی چینل ہے، جو پورے ملک میں دیکھا جاتا ہے۔ گروپ کے ماتحت اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کے تحت نیوزویب سائٹس اورکئی یو ٹیوب چینلز بھی کام کرتے ہیں ۔ بھارت ایکسپریس کے سی ایم ڈی، چیئرمین اور ایڈیٹر اِن چیف، جناب اپیندر رائے ہیں، جن کا نام میڈیا میں کافی نمایاں ہے۔ خاص طور پر اردو صحافت کو فروغ دینے میں ہمیشہ ان کی دلچسپی رہی ہے۔ اسی لئے جب بھارت ایکسپریس کا آغاز ہوا تو اردو شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک گروپ مختلف طرح کے سیاسی، تہذیبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کرتا رہا ہے اور گزشتہ سال 27 اکتوبر، 2024 کو بھارت ایکسپریس اردو کا پہلا کانکلیو، اردو گھر، آئی ٹی او میں منعقد ہوا، جس میں سیاست، صحافت، ادب سے وابستہ شخصیات کے علاوہ مذہبی اور تعلیمی میدان کے ماہرین نے بھی شرکت کی تھی۔ اردو صحافت کا یہ پہلا کانکلیو تھا، جسے صحافتی وادبی اور سیاسی حلقوں میں کافی پسند کیا گیا اور اس کی ستائش بھی کی گئی۔
بھارت ایکسپریس اردو
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس بھوشن رام کرشن گوائی نے کہا کہ محض سیاسی…
مرکزی وزیر اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے صدر جینت چودھری نے جمعہ…
پرتگال 24 ستمبر کو گھریلو میدان پر ویلز کے خلاف نیشنز لیگ مہم کا آغاز…
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے مقابلے میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50…
جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے زمین سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں کارروائی روکنے کی درخواست…
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے نندی گرام میں کانگریس امیدوار کی…