قومی

Bengaluru Heavy Rain: بنگلورو میں موسلا دھار بارش سے بڑا حادثہ، اسپتال کے قریب دیوار گرنے سے 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی، ریسکیو کارروائیاں جاری، معاوضے کا اعلان

بنگلورو: کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں منگل کی شام ہونے والی شدید بارش ایک بڑے سانحے میں تبدیل ہو گئی، جب شیواجی نگر علاقے میں واقع بورنگ اور لیڈی کرزن ہسپتال کے قریب ایک کمپاؤنڈ دیوار اچانک منہدم ہو گئی۔ اس حادثے میں اب تک 7 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ کئی افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد دبے ہو سکتے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق شام تقریباً پانچ بجے کے بعد شہر میں تیز بارش شروع ہوئی، جو تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر اولوں کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ اچانک خراب ہونے والے موسم سے بچنے کے لیے سڑک کنارے موجود دکاندار، راہگیر اور بچے اسپتال کے احاطے کے قریب پناہ لینے لگے۔ اسی دوران کمپاؤنڈ کی ایک بوسیدہ دیوار اچانک گر گئی اور قریب موجود افراد اس کی زد میں آ گئے۔ حادثے کے فوراً بعد موقع پر افرا تفری مچ گئی اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ بعد ازاں پولیس اور راحت و بچاؤ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور باقاعدہ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں قریبی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج رکھا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا اور جائے وقوعہ پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں بے چین نظر آئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریاست کے وزیر اعلیٰ سدارامیاموقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام سے مکمل رپورٹ طلب کی اور دیوار کے اچانک گرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور جاری ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کی۔

ادھر سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی اس حادثے پر ردعمل سامنے آیا ہے۔ بی جے پی کے لیڈر سی ٹی روی نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا رہا جائے۔ انتظامیہ کی ٹیمیں اب بھی ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ مسلسل بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جبکہ پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جا رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔

Sibghatullah

Recent Posts

Yuzvendra Chahal Announcement: یوزویندر چہل کے اچانک ریٹائرمنٹ سے کرکٹ کی دنیا حیران، جانیے کیوں لیا ریڈ بال چھوڑنے کا فیصلہ؟

نارتھمپٹن شائر اور ہندوستانی ٹیم کے اسٹار لیگ اسپنر یوزویندر چہل نے ریڈ بال کرکٹ…

22 minutes ago

Nushrratt Bharuccha Health Update: نُسرت بھروچا کے بالی حادثے پر باضابطہ بیان جاری، ٹیم نے بتایا- ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر

نُسرت بھروچا کے فلمی کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے ’پیار کا پنچ نامہ‘…

22 minutes ago

PM Modi Tribute: دو اکتوبر کو پی ایم مودی کی ملک کے عوام سے خاص اپیل! راج گھاٹ پہنچ کر کھادی کے بارے میں کیا کہا؟

گاندھی جینتی پر پی ایم مودی نے راج گھاٹ پہنچ کر باپو کو خراج عقیدت…

2 hours ago