رام مندر چڑھاوا چوری معاملے سے متعلق ابتدائی رپورٹ ایس آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپ دی ہے۔ (فائل فوٹو)
ایودھیا کے رام مندر میں چڑھاوے سے متعلق مبینہ چوری معاملے کی جانچ کررہی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اپنی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپ دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، جانچ کے ساتویں دن ایس آئی ٹی کے افسران نے وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچ کران سے ملاقات کی اور اب تک جانچ کی جانکاری شیئرکی۔ اس سے ایک دن پہلے ہی وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایودھیا کا دورہ کیا تھا۔ حالانکہ اس دوران سب سے بڑی خبر یہ تھی رام مندر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری سمپت رائے کو وزیراعلیٰ یوگی سے دور رکھا گیا تھا۔
6 دنوں تک ایودھیا میں ڈٹی رہی ایس آئی ٹی
ذرائع کے مطابق، ایس آئی ٹی کی ٹیم گزشتہ 6 دنوں سے ایودھیا میں مسلسل جانچ اورتفتیش کررہی تھی۔ اس دوران ٹیم نے مندر سے متعلق مالی ریکارڈ، دستاویزوں اور دیگراہم حقائق کی جانچ کی۔ کئی متعلقہ لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ محکمہ خزانہ کے خصوصی سکریٹری نیل رتن اورلکھنؤکے ڈویژنل کمشنروجے وشواس پنت وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پہنچے۔ اطلاعات کے مطابق، انسپکٹرجنرل رینج کرن ایس نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ حکام نے وزیراعلیٰ کو تحقیقات کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
رپورٹ میں شامل کئے گئے اہم نکات
ذرائع کے مطابق، ابتدائی رپورٹ میں جانچ کے دوران سامنے آئے کئی اہم حقائق کو شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ رپورٹ کی تفصیلی جانکاری ابھی عوامی نہیں کی گئی ہے۔ جانچ ایجنسیاں سبھی پہلووں کی تصدیق کی بعد ہی باضابطہ جانکاری شیئرکرنا چاہتی ہیں۔ رام مندر چڑھاوا چوری معاملے سے متعلق لوگوں کی نظریں جانچ پرمرکوز ہیں۔ ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ کو سونپے جانے کے بعد اب امید کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں معاملے سے متعلق کئی اہم انکشاف سامنے آسکتے ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ جانچ شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل کی جائے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
جلد ہوسکتے ہیں بڑے انکشاف
بتایا جا رہا ہے کہ جانچ کے دوران ٹیم کو کچھ اہم دستاویز اور جانکاریاں ملی ہیں۔ انہیں کی بنیاد پرآگے کی کارروائی طے کی جائے گی۔ معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے رپورٹ کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔ وہیں دوسری طرف اپوزیشن نے بھی اس معاملے کو مضبوطی کے ساتھ اٹھایا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو مسلسل اس معاملے پریوگی حکومت کو گھیر رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پرالزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثبوتوں کو جان بوجھ کر ختم کرنے اور چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اکھلیش یادونے ایس آئی ٹی پرطنزکرتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم کواس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کہیں پورے معاملے کی جانچ رپورٹ ہی چوری نہ ہوجائے۔ سوشل میڈیا پرجاری چندہ چوری کی بحث کے درمیان انہوں نے کہا کہ جس اندازمیں تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں، اس سے خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ کہیں رپورٹ بھی غائب نہ کردی جائے۔ انہوں نے مزید حملہ آورہوتے ہوئے کہا کہ بعد میں پھرکہا جائے گا کہ مزید 15 دن انتظارکرلیجیے۔ وقت اس لیے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ ثبوتوں کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔ اس معاملے پراکھلیش یادو نے صرف ایس آئی ٹی کی جانچ پرسوالات ہی نہیں اٹھائے بلکہ یہ دعویٰ بھی کیا کہ رام مندر چندہ معاملے میں بااثراوربڑے لوگوں کے نام شامل ہیں، اسی وجہ سے حکومت اورانتظامیہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پرطنزیہ انداز میں کہا کہ ’’کہیں ایسا نہ ہوکہ جانچ کے دوران خود تحقیقاتی رپورٹ ہی چوری ہوجائے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو-
نئی دہلی میں منعقدہ 11ویں سنت ایشور سمان میں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور…
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ہندوستان کی بیٹیوں کو گولڈ میڈل جیتنے پر…
راجہ وڈنگ کے استعفے کے چند گھنٹے بعد کانگریس نے پرگٹ سنگھ کو پنجاب پردیش…
ارادھنا مشرا پرتاپ گڑھ کی رام پور خاص اسمبلی نشست سے کانگریس کی رکن اسمبلی…
نیرو ڈھانڈا کی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اختتامی تقریب میں ہندوستانی دستے کی قیادت…
گاندھی جینتی پر دہلی سمیت کئی شہروں میں SIR اور مبینہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف…