ممبئی/اورنگ آباد: بھارتی ریلوے نے ایک تاریخی اور علامتی فیصلے کے تحت اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے ’چھترپتی سنبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن‘ رکھ دیا ہے۔ جنوبی وسطی ریلوے کے ناندیڑ ڈویژن کے مجاز حکام نے اس تبدیلی کی منظوری دی، جس کے بعد نیا اسٹیشن کوڈ ”سی پی ایس این“ مقرر کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ اقدام ریاست اور ملک کی تاریخی و ثقافتی شناخت کو احترام دینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ جنوبی وسطی ریلوے نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ”اورنگ آباد ریلوے اسٹیشن کا نام اب ’چھترپتی سنبھاجی نگر ریلوے اسٹیشن‘ کر دیا گیا ہے“۔ ریلوے کے مطابق اسٹیشن کے تمام ٹکٹنگ سسٹمز، بورڈز، آن لائن پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل ریکارڈز میں نیا نام اور نیا کوڈ اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ تمام نظاموں میں یکسانیت لائی جا سکے۔
یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو مہاراشٹر حکومت نے ایک سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے اس تبدیلی کو منظوری دی تھی۔ اب بھارتی ریلوے نے اسے باضابطہ طور پر نافذ کر دیا ہے۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ریاست میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پیشِ نظر ایک علامتی لیکن اہم قدم ہے، جو خطے کے عوامی جذبات اور تاریخی ورثے کو تقویت دیتا ہے۔ یہ تبدیلی دراصل 2023 میں اورنگ آباد شہر کا نام بدل کر چھترپتی سنبھاجی نگر رکھے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ شہر اور اسٹیشن، دونوں کا نام مرہٹہ سلطنت کے دوسرے حکمران چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے اعزاز میں رکھا گیا ہے، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کے فرزند تھے۔
تاریخی طور پر، اورنگ آباد کا نام مغل بادشاہ اورنگزیب کے نام پر رکھا گیا تھا۔ 1900 میں، حیدرآباد کے ساتویں نظام میر عثمان علی خان کے دور میں یہ ریلوے اسٹیشن قائم کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق، یہ نام تبدیلی نہ صرف علاقائی فخر کی علامت ہے بلکہ مہاراشٹر کی ثقافتی شناخت کو مزید مستحکم کرنے کی سمت میں ایک تاریخی قدم ہے۔
-بھارت ایکسپریس اردو
بین الاقوامی بازار میں قیمتیں بڑھنے کے باعث ملک میں بھی اس کے دام بڑھائے…
دوسری جانب بی جے پی نے بھی مغربی دہلی میں جوابی مارچ کا اہتمام کیا…
محکمہ موسمیات کے تازہ بلیٹن کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک کے کئی حصوں…
اتر پردیش قانون ساز کونسل کی 11 نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات میں بی…
وزیراعظم مودی نے کرناٹک اور کیرالہ ریاستوں کی ثقافتی وراثت اور ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا۔…
سربیا میں طلبہ ایک طویل عرصے سے اقتدار میں موجود لیڈروں کو ہٹانے کی کوششوں…