دہرادون: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو اتراکھنڈ پولیس کو باوقار ’صدرِ جمہوریہ پولیس کلر‘ (President’s Police Colour) اعزاز سے نوازا۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ پولیس یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی 16ویں پولیس یا نیم فوجی فورس بن گئی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے ملک کے نظامِ انصاف اور مقدمات کی سماعت سے متعلق ایک اہم یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2027 کے بعد درج ہونے والی ایف آئی آر کے معاملوں میں تین سال کے اندر ملزمان کو سزا دلانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ امت شاہ نے کہا، ’’آج اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے میں دیوبھومی کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مئی 2027 کے بعد درج ہونے والی کسی بھی ایف آئی آر کے معاملے میں اتراکھنڈ پولیس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں تین سال کی مدت کے اندر سزا دلائی جائے۔‘‘
اتراکھنڈ پولیس کے 25 سالہ سفر میں اہم سنگ میل
تقریب کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اتراکھنڈ پولیس کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد سے 25 سالہ خدمات کے دوران یہ اعزاز حاصل کرنا پولیس فورس کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ امت شاہ کے مطابق، اتراکھنڈ پولیس کو صدرِ جمہوریہ پولیس کلر سے نوازے جانے کے بعد وہ ملک کی ان 16 پولیس اور نیم فوجی فورسز میں شامل ہوگئی ہے جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 برسوں میں اتراکھنڈ پولیس میں خدمات انجام دینے والے تمام افسران اور اہلکاروں، خواہ وہ موجودہ ہوں یا سابق، کے لیے یہ اعزاز باعثِ فخر ہے۔
سیاحوں کی حفاظت میں پولیس کا اہم کردار
اتراکھنڈ کی قدرتی خوب صورتی اور مذہبی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ دیوبھومی اپنے برف پوش پہاڑوں، صاف شفاف جھیلوں، جنگلات، ہاتھیوں کی سفاری اور دریائے گنگا و جمنا کے مقدس سرچشموں کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان بدری وشال اور بابا کیدارناتھ کی سرزمین ہونے کے ساتھ ساتھ یہ ریاست روحانی اعتبار سے بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ گنگوتری اور یمونوتری سے نکلنے والی گنگا اور جمنا نہ صرف لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں خوش حالی لاتی ہیں بلکہ انہیں روحانی بلندی بھی عطا کرتی ہیں۔
چار دھام یاترا اور کمبھ میلے کی سکیورٹی ذمہ داری
وزیر داخلہ نے کہا کہ دسویں گرو سے وابستہ ہیم کنڈ صاحب سکھ عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کے لیے بھی اہم مقام ہے۔ ریاست میں متعدد مذہبی مقامات، مشہور کمبھ میلے، سالانہ چار دھام یاترا اور ہیم کنڈ صاحب و کینچی دھام جیسے مقامات پر آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کی حفاظت کی ذمہ داری اتراکھنڈ پولیس کے اہلکاروں پر ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے پیشہ ورانہ رویے اور یاتریوں کے ساتھ ان کے اچھے برتاؤ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ایسی ریاست سے تعلق رکھتے ہیں جہاں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند دیوبھومی آتے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی کسی یاتری سے اتراکھنڈ پولیس کے خلاف شکایت نہیں سنی۔ امت شاہ نے کہا کہ کسی بھی پولیس فورس کے لیے صدرِ جمہوریہ کا اعزاز حاصل کرنا انتہائی اعزاز کی بات ہے۔ یہ کسی فورس کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہوتا ہے اور یہ اعزاز ملنے کا لمحہ ہمیشہ یادگار رہتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
امت شاہ نے ہریانہ کے کرنال میں بی جے پی کی ’لوک تنتر بچاؤ، اَراجکتا…
اجیت پوارکے انتقال سے پہلے اجیت پوارگروپ اوراین سی پی-شرد چندرپوارکے لیڈران کے درمیان انضمام…
یہ فیصلہ دیوالی کے تہوار سے دو روز قبل کیا گیا ہے، جس کا مقصد…
دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے شکایت کنندہ کو اضافی دستاویزات داخل کرنے کی اجازت…
عدالت نے اسی وجہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کوثبوت کے طورپرقبول نہیں کیا۔…
یہ ایوارڈ محکمہ خواتین کو بااختیار بنانے اور اطفال کی ترقی کی جانب سے مالی…