قومی

آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے ملک کی سیاسی وسماجی صورت حال پرکیا تشویش کا اظہار، پریس کانفرنس میں کئی اہم موضوعات پر پر تبادلہ خیال

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلسِ مشاورت نے ملک کی سیاسی وسماجی صورت حال پراپنی شدید تشویش اورگہرے رنج کا اظہارکیا ہے اورکہا کہ یہ بات اس کے لیے ناقابل برداشت ہے کہ غریبی اور ہجرت کو جرائم اوردولت و اقتدارکی لوٹ کو جائزاورمعمولی بنایا جارہا ہے۔ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے مرکزی دفترمیں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے مشاورت کے صدرفیروزاحمد ایڈوکیٹ نے بہاراوربھارت کے دیگرحصوں میں ایس آئی آر(خصوصی گہری نظرثانی) کے ذریعہ پسماندہ طبقات سے ووٹ کے حق کو چھیننے کی کوششوں، ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے روزافزوں رجحانات، نفرت انگیزجرائم اوراقلیتی برادریوں کو نشانہ بناکرکی جا رہی دہشت ناک کارروائیوں میں خطرناک اضافہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آسام میں مسلمانوں کوغیرقانونی طورپربے گھرکرنا اورملک کے مختلف حصوں میں بنگلہ بولنے والے مسلمانوں کونشانہ بنانا، وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خطرناک اثرات، مالیگاؤں بم دھماکوں کے سب کے سب ملزموں کی رہائی، مہاراشٹرحکومت کا مالیگاؤں اور ممبئی ٹرین دھماکوں کے فیصلوں پردوہرا رویہ اورمسلمانوں کو درپیش دیگر چیلنجز، انتہائی پریشان کن رجحان اور ملک کے سیکولر جمہوری ڈھانچے کے لیے سنگین خطرات کے غماز ہیں۔

انصاف کے حصول اورآئینی حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
مشاورت نے اپنے یوم تاسیس کے موقع پرجاری کردہ پریس نوٹ میں انصاف کے حصول، آئینی حقوق کے تحفظ اورجمہوریت کی بقا کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان واقعات کوآج کل ملک کے طول وعرض میں تواترسے رونما ہورہے ہیں، انصاف، جمہوریت اورانسانی حقوق پرحملے سمجھتی ہے اورہرسطح پرقانونی، سیاسی اوراخلاقی مزاحمت کا عہد کرتی ہے۔ یہ حق رائے دہی سے محرومی، فرقہ وارانہ تشدد، ادارہ جاتی تعصب اورجبرواستبداد کے خلاف قانونی، سیاسی اور اخلاقی مزاحمت کے لیے سول سوسائٹی، حقوق انسانی کے محافظوں اورسیاسی وسماجی تنظیموں کو کندھے سے کندھا ملاکرکھڑے ہونے کا مطالبہ کرتی ہے اوردنیا کے مظلوموں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ امریکی حکومت کی جانب سے بھارت پرنئے محصولات (ٹیرف) کے نفاذ پربھی مشاورت نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک کی برآمدات، صنعتوں اوران سے وابستہ کروڑوں محنت کشوں پرشدید منفی اثرات ڈالے گا۔ اس بحران میں مودی حکومت کا رویہ غیرسنجیدہ اورغیردوراندیشانہ رہا ہے، جوبھارت کی عالمی تجارتی پوزیشن کو مزید کمزورکررہا ہے۔ اسی طرح مشاورت اسرائیلی حکومت اوراس کے مددگاروں کے ذریعے فلسطینی عوام، خاص طورپرغزہ، مغربی کنارے اورمقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے قتل عام، ان پرجنگی جرائم اورمنظم مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اوراسے بین الاقوامی قانون، اخلاقیات اورانسانی شرافت کی کھلی پامالی قراردیتی ہے اوراسرائیل کے خلاف عالمی برادری اورخطہ کے ملکوں سے قرارواقعی کاروائی کرنے اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کی اپیل کرتی ہے۔

 

نوید حامد نے ایس آئی آرکی کارروائی کو روکنے کا مطالبہ
مشاورت کے نائب صدرنوید حامد نے اس موقع پرزوردے کرکہا کہ فہرست رائے دہندگان پرنظرثانی کا عمل، جولسٹ میں شفافیت اوردرستگی لانے کے لیے ہونا چاہئے، پسماندہ طبقات خصوصاً مسلم، دلت، پسماندہ اورغریب طبقات کو نشانہ بنانے اور بلاجواز طور پران کے نام فہرست سے حذف کرنے کا ہتھیاربن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت کا موقف ہے کہ ایس آئی آرکا اس طرح کا غلط استعمال ہندوستان کے آئین میں دی گئی شہری حقوق کی ضمانت پربراہ راست حملہ ہے۔ جبکہ مشاورت کے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کا حق کوئی احسان نہیں، یہ شہریت کے بنیادی حقوق کا اظہارہے اوراسے کمزورکرنے کی کوئی بھی کوشش ہندوستان کی جمہوریت کے تصورپرضرب لگانا ہے۔ لہٰذا،مشاورت ناقص شکل میں جاری ایس آئی آرکی کارروائی کو فوری طورپرروکنے اوراس کی ایک جامع اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے اورمتنبہ کرتی ہے کہ تکنیکی اصلاحات کی آڑمیں پسماندہ طبقات کوحق رائے دہی سے محروم کرنا نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ امن وامان، سماجی ہم آہنگی اور جمہوریت کی بقا کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

بنگلہ زبان بولنے والوں کے خلاف کی کارروائی پرتشویش
مشاورت نے کہا ہے کہ گزشتہ مہینوں میں فرقہ وارانہ حملے، ماورائے قانون انہدامات اورمذہبی بنیاد پردہشت خیزکارروائی میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا کے کچھ حصے اس قسم کی کارروائیوں کو نارملائز کرتے اور نفرت انگیز پروپیگنڈے کرتے ہیں، سیاسی سرپرستی مجرموں کوتحفظ دے رہی ہے اورعدالتی تاخیرعوام کے اعتماد کو مجروح کررہی ہے۔ آسام میں خاص طورپربنگلہ بولنے والے ہزاروں مسلمانوں کوبے گھرکرنے کی مہم، اور دہلی این سی آر، ہریانہ و اترپردیش میں ان پرغیر قانونی تارکین کا الزام لگا کر ہراساں کرنا، ایک منظم امتیازی کارروائی اورسوچی سمجھی پالیسی کی عکاسی ہے۔ مشاورت اس کے خلاف کھڑی ہے اورمطالبہ کرتی ہے کہ مفلسی اورغریب الوطنی (مائیگریشن) کو جرائم بنانے کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے، بے دخلی کی تمام مہمات روکی جائیں اورملک کے ہر شہری کو لسانی و مذہبی امتیازسے بچانے کے لیے مضبوط قانونی ضمانتیں دی جائیں۔ مشاورت کا مطالبہ یہ بھی ہے کہ نسل، زبان، یا مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کو روکنے کے لیے مضبوط قانونی اورادارہ جاتی تحفظات قائم کیے جائیں، غیر آئینی یا انسانیت دشمن اقدامات میں ملوث اہلکاروں اور حکومتوں کی جوابدہی طے کی جائے اوراقلیتوں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے رجحان کے خلاف سیکولر اور جمہوری قوتیں متحد ہو کرملک گیرپیمانے پر کھڑی ہوں۔

 وقف ترمیمی قانون پرمشاورت نے اٹھایا سوال
مشاورت نے وقف (ترامیم) ایکٹ کے تعلق سے اپنے اس موقف کو دوہرایا ہے کہ یہ قانون وقف جائیدادوں کے انتظام اورتحفظ کوبہتربنانے کے بجائے ان کی خودمختاری اورآئینی تحفظ کوخطرے میں ڈالتا ہے۔ حکومت کوحد سے زیادہ کنٹرول دے کر، سیاسی مداخلت اورزمین ہتھیانے کے راستے کھولتا ہے۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں اس کا ناجائز استعمال کیا جارہا ہے جبکہ ابھی یہ قانون سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔2008 کے مالیگاؤں دھماکوں کے تمام ملزمان کی بریت کو، جس میں چھ افراد جاں بحق اور100 سے زائد زخمی ہوئے تھے، مشاورت نے ملک میں انصاف کی ناکامی کہا ہے۔ مہاراشٹرحکومت کا رویہ ممبئی ٹرین دھماکوں کے مقدمے سے مختلف رہا، جواس کا دوہرا معیارظاہرکرتا ہے۔مشاورت اعلیٰ سطحی عدالتی انکوائری اور انصاف کے یکساں معیار کا مطالبہ کرتی ہے۔اس نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات اور دوہرے پیمانے سے قانون وانصاف اورعدلیہ پرلوگوں کا اعتماد کمزورہورہا ہے اوریہ ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے خطرہ ہے۔ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر فیروزاحمد ایڈوکیٹ نے اس موقع پرفاشزم کے خلاف قانونی، سیاسی اور سماجی ہر سطح پرمزاحمت کرنے کے عزم کا اعادہ کیااور کہا کہ مشاورت جلدہی دہلی میں ایک آل انڈیا کنونش بلائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب ذمہ داران میں مشاورت کے جنرل سکریٹری احمدجاوید،مرکزی مجلس عاملہ کے رکن انجینئرسکندرحیات، اورمشاورت کے صوبائی صدرڈاکٹرادریس قریشی بھی شامل تھے۔

 بھارت ایکسپریس اردو۔

Nisar Ahmad

Recent Posts

LPG Subsidy New Rules: ایل پی جی گیس بکنگ میں تبدیلی، یکم اکتوبر سے نئے اصول نافذ، سبسڈی کے لیے کرنا ہوگا یہ کام

یکم اکتوبر سے سبسڈی والے گھریلو ایل پی جی ری فل کی بکنگ کے لیے…

2 hours ago

JDU Internal Rift: جے ڈی یو میں اننت سنگھ اور نیرج کمار آمنے سامنے، پٹنہ گریجویٹ نشست پر بڑھا تنازع

اننت سنگھ نے نیرج کمار کے خلاف کھل کر محاذ کھولا، آزاد امیدوار انوج سنگھ…

3 hours ago

Andaman Tourism Vision: انڈمان کے سیاحتی شعبے کو نئی سمت دینے کی تیاری، قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے تیار ہوگا وژن ڈاکیومنٹ

لیفٹیننٹ گورنر ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ انڈمان نکوبار میں نئے سیاحتی مراکز تیار…

3 hours ago

Bharat Express Urdu Conclave: پاکستان نے گرچہ اردو کو اپنی زبان بنایا، لیکن اس کی جائے پیدائش اور اس کا خمیر ہندوستانی ہے: کرن رجیجو

بھارت ایکسپریس کے اردو صحافت کانکلیو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اردو کو محبت…

3 hours ago

Prime Minister Narendra Modi: ملک کو اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے، وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کریں: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ آئچی-ناگویا میں…

3 hours ago